Friday, 22 November 2024
  1.  Home
  2. Rauf Klasra
  3. Elizabeth Taylor

Elizabeth Taylor

الزبتھ ٹیلر

اپنی فیملی بعد کتابیں، دوست اور فلمیں میری کمزوری رہی ہیں۔ میں اچھی کتاب، اچھے دوست اور اچھی فلم کےلیے بہت کچھ قربان کرسکتا ہوں۔ دوست ہوں، فلم ہو یا کتاب۔۔ ان معاملوں میں پیسوں کی پرواہ نہیں رہتی۔

لیکن اس دفعہ امریکہ میں میرے ساتھ کچھ عجیب ہوا۔ بک اسٹور بارنز اینڈ نوبلز پر جب میں نے یہ کتاب دیکھی تو خود کو عجیب سی کشمکش میں پایا۔ کتاب کو ہاتھوں میں اٹھایا۔ الٹ پلٹ کر دیکھا پھر واپس رکھ دی اور کسی اور سیکشن کی طرف جا کر فکشن کی کتابیں دیکھنے لگا۔ پتہ نہیں کیوں میرا دماغ اس کتاب میں پھنس سا گیا۔

الزبتھ ٹیلر کو کون نہیں جانتا۔ وہ اپنی اداکاری اور خوبصورتی سے زیادہ اپنی آٹھ شادیوں کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔ میں پھرچلتے چلتے اس سیکشن کی طرف آیا اور پھر اس کتاب کو اٹھایا۔ کچھ دیر تک الزبتھ ٹیلر کی خوبصورت آنکھوں میں کھویا رہا۔ پھر اس کی قیمت دیکھی تو حقیقت کی دنیا میں لوٹ آیا۔

قیمت 32 ڈالرز تھی۔ عموماََ اچھی کتاب دس سے پندرہ یا بہت زیادہ بیس ڈالرز میں مل جاتی ہے۔ روایتی پاکستانی کی طرح ڈالروں کو روپوں ساتھ ضرب دی تو پھر کتاب رکھ دی۔

میرے ساتھ ایک دوست تھے جو لیٹ ہورہے تھے۔ انہیں جلدی تھی۔ جبکہ میرا بک اسٹور سے نکلنے کا دل نہیں چاہ رہا تھا۔ خیر چار پانچ کتابیں میں پہلے ہی فائنل کر چکا تھا۔ وہ اٹھائیں اور کاونٹر کی طرف ادائیگی کرنے چل پڑا۔ کتابیں وہاں کاونٹر پر رکھیں لیکن الزبتھ ٹیلر ابھی تک میرے اعصاب پر سوار تھی۔

کاونٹر پر کھڑی خوبصورت گوری نے پوچھا

Thats all?

مجھے یہ الفاظ جیسے گھونسے کی طرح دل پر لگے ہوں۔ میں نے کہا No.

وہ حیران ہوئی اور بولی

Then?

میں نے کہا

Pls wait

میں وہ کتابیں وہیں چھوڑ کر تقریبا دوڑتا ہوا گیا اور اس سیکشن سے الزبتھ ٹیلر کو اٹھا لایا۔

الزبتھ ٹیلر جیسی سیلبرٹی ہالی ووڈ میں شاید ہی پیدا ہوئی ہو۔ الزبتھ نے بیسویں صدی میں ہالی ووڈ پر راج کیا۔ اس کا سحر کئی دہائیوں تک کئی نسلوں کو متاثر کرتا رہا۔ وہ سکرین پر نمودار ہوتی تھی تو فلم بینوں پر جیسے جادو سا ہوجاتا۔ وہ منہ کھولے اسے دیکھتے رہتے۔ کل ساٹھ فلمیں کیں، آسکر ایوارڈ جیتے۔ 79 برس کی عمر تک وہ ایسا دیومالائی کردار کی طرح چھائی رہیں جسے ہر خوبصورت مرد سے محبت ہوجاتی تھی یا خوبصورت مرد اس کی خوبصورتی کا شکار ہوجاتے۔ یکے بعد دیگرے آٹھ شادیاں کیں۔ لمبی شادی رچرڈ برٹن سے چلی جن سے بچے بھی پیدا ہوئے۔

اس کا عاشقانہ مزاج شروع سے ہی ایسا تھا۔ جب وہ ابھی چھبیس برس کی ہی تھی تو وہ پہلے ہی دو مردوں سے شادی کرکے طلاقیں بھی لے چکی تھی اور ایک دفعہ بیوہ بھی ہوچکی تھیں۔ اس کی لائف ایک لائیو اوپرہ تھی جس میں ہر وقت کچھ نہ کچھ سنسنی خیز ڈرامہ چل رہا ہوتا تھا۔

تاہم ایک وقت آیا جب اس نے بہت بڑی سیبلرٹی ہوتے ہوئے بھی ایڈز کے خلاف جدوجہد کا فیصلہ کیا تاکہ لوگوں میں شعور پیدا کیا جائے اور پہلی دفعہ سیف سیکس کے نام پر کنڈوم ساتھ اپنی تصویر کھنچوائی۔

اپنی فلاحی فاونڈیشن کی تحت ایک سو ملین ڈالرز اکھٹے کیے تاکہ ایڈز کے علاج اور ریسرچ پر کام کیا جائے۔ وہ صرف فلمی اداکارہ نہیں تھی بلکہ اس کے اندر ایک کامیاب اور ہوشیار بزنس ویمن بھی چھپی ہوئی تھی۔ اس نے اپنا ایک پرفیوم برانڈ لانچ کیا اور اس سے بہت پیسہ کمایا۔ اسے اپنی اہمیت اور قیمت کا بھی بہت احساس تھا لہذا اس نے ہمیشہ فلموں کا منہ مانگا معاوضہ مانگا۔

وہ ہالی ووڈ کی پہلی اداکارہ تھی جس نے پہلی دفعہ کسی فلم کا ایک ملین ڈالرز کا معاوضہ/تنخواہ لی۔

الزبتھ ٹیلر کی یہ کتاب لکھنے کے لیے صحافی لکھاری خاتون نے خوب ریسرچ کی ہے۔ الزبتھ کی پرانی ڈائری اور خطوط کے علاوہ دو سو پچاس قریبی دوستوں اور ساتھیوں سے مل کر ایک ایسا کلاسک لکھا ہے جسے آپ شروع کرکے نیچے نہیں رکھ سکتے۔

مصر کی ملکہ قلوپیٹرا کے کردار کو الزبتھ ٹیلر سے بہتر کوئی نہیں نبھا سکتا تھا۔ لوگوں نے سکرین پر الزبتھ کو مارک انٹنی (رچرڈ برٹن) ساتھ قلوپیڑا کے کردار میں ساتھ دیکھا تو آج تک سب یہی سمجھتے ہیں کہ الزبتھ قلوپیڑا کا دوسرا جنم تھی۔

وہ فلم کا سین بھلا آپ کب بھلا سکتے ہیں جب الزبتھ نے قلوپٹرا کے کردار میں خود کو ایک قالین میں لپیٹ کر رومن جنرل سامنے پیش کیا تھا۔ جوں جوں قالین کی تہیں کھلتی گئیں اس طرح ہی رومن جنرل اس خوبصورت ملکہ کا ایسے عاشق ہوتا چلا گیا کہ اسے روم تک بھول گیا تھا۔

ایک خوبصورت عورت کی مسکراہٹ اور اس کے کھلے بازو بڑے سے بڑے جنگجو کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیتے ہیں اور یہی کچھ پہلے رومن جنرل سیزر اور پھر مارک اٹنی ساتھ ہوا تھا۔

میں جوں جوں بیسویں صدی کی ایک مشکل کردار کی مالک خوبصورت خاتون اداکارہ کی بائیو گرافی پڑھتا جارہا ہوں جہاں بتیس ڈالروں کا غم کم ہوتا جارہا ہے وہیں مجھے اپنے سوال کا جواب مل رہا ہے کہ آخر وہ کون سی چیز تھی جو مجھے بار بار یہ کتاب خریدنے پر مجبور کررہی تھی۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.

Check Also

Amina Ki Muhabbat

By Mansoor Nadeem