Wednesday, 27 November 2024
  1.  Home
  2. Javed Chaudhry
  3. Sirf Teen Hazar Rupay Mein

Sirf Teen Hazar Rupay Mein

صرف تین ہزار روپے میں

دنیا میں جہاں بھی اردو پڑھی جاتی ہے وہاں لوگ مختار مسعود کو جانتے ہیں، مختار مسعود بیورو کریٹ تھے، ملک کے اعلیٰ ترین عہدوں پر رہے۔

لاہور کا مینار پاکستان ان کی نگرانی میں بنا، یہ اس وقت لاہور کے ڈپٹی کمشنر تھے، چارکتابیں لکھیں اور کمال کر دیا، یہ کتابیں صرف کتابیں نہیں ہیں، یہ تاریخ، جغرافیہ اور پاکستان کے عروج وزوال کی کہی ان کہی داستان ہیں، مختار مسعود 91 سال کی بھرپور زندگی کے بعد 2017 میں انتقال فرما گئے لیکن یہ دنیا سے رخصت ہونے سے پہلے ایک عجیب کام کر گئے، آپ نے 2002 میں اپنی عمر بھر کی جمع پونجی اکٹھی کی، یہ دس کروڑ روپے بنے۔

آپ نے یہ دس کروڑ روپے آزاد کشمیر کی ایک فائونڈیشن کے حوالے کیے اور اسے چوکی گائوں میں اسکول بنانے کا فریضہ سونپ دیا، فائونڈیشن نے اسکول کھڑا کر دیا، مختار مسعود کو اسکول کے افتتاح کی دعوت دی گئی، مختار صاحب نے تین شرائط کے ساتھ یہ دعوت قبول کر لی، ایک، افتتاح کی کوئی تقریب نہیں ہو گی، دو، یہ چھٹی کے دن چوکی آئیں گے اور تین، ان کے ڈونیشن کی کوئی تشہیر نہیں کی جائے گی، فائونڈیشن کے پاس شرائط ماننے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا یوں مختار صاحب 2003کی ایک سہ پہر اتوار کے دن چوکی پہنچے، خالی کلاس روم میں گئے، چاق سے بلیک بورڈ پر بسم اللہ الرحمن الرحیم لکھا اور چپ چاپ واپس آ گئے۔

مختار مسعود کے اس اسکول میں آج ہزار طالب علم پڑھ رہے ہیں اور اس ایک ادارے نے پورے علاقے کا مقدر بدل کر رکھ دیا، میں نے جب یہ واقعہ سنا تو میں نے پوچھا "مختار مسعود نے لاہور چھوڑ کر چوکی میں اسکول کیوں بنایا تھا" وہ بولے، ہم نے بھی ان سے یہ پوچھا تھا، مختار صاحب نے جواب دیا تھا "میرے دادا کشمیر سے چوکی کے راستے پنجاب داخل ہوئے تھے، یہ رات وہاں رہے تھے، گائوں کے لوگوں نے مسافر کی حیثیت سے ان کی بہت خدمت کی تھی، دادا نے اپنی یادداشتوں میں چوکی کے لوگوں کی بہت تعریف کی، میں اسکول بنوا کر اس گائوں کے لوگوں کا وہ احسان اتارنا چاہتا ہوں "۔

مختار مسعود کا یہ اسکول ریڈ فائونڈیشن نے بنایا تھا اور یہ اسے چلا بھی رہی ہے، یہ میرا ریڈ فائونڈیشن سے پہلا تعارف تھا، میں نے اس کے بعد فائونڈیشن کے بارے میں کھوج شروع کیا، پتا چلا یہ ادارہ آزاد کشمیر کے ایک عام سے شخص محمود احمد نے 1994 میں بنایا تھا، محمود صاحب چکار کے رہنے والے تھے، والد سرکاری ملازم تھے، یہ والد کے ٹرانسفر کے ساتھ ساتھ بڑے ہوئے، دس جماعتیں دس مختلف علاقوں اور دس مختلف اسکولوں میں پوری کیں، میٹرک کے بعد کراچی چلے گئے، یہ وہاں دن کو مزدوری کرتے تھے اور شام کو ایوننگ کلاسز لیتے تھے، پی آئی اے کی نوکری ان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش تھی، یہ گرتے پڑتے پی آئی اے میں بھرتی ہو گئے لیکن پھر انھیں اچانک محسوس ہوا یہ زندگی کوئی زندگی نہیں، آپ پیدا ہوئے، بڑے ہوئے، نوکری کی اور فوت ہو گئے، انسان کو زندگی میں کوئی بڑا کام کرنا چاہیے، یہ بڑے کام کے بارے میں سوچنے لگے تو ان کے ذہن میں غریبوں کے لیے اسکول کا آئیڈیا آگیا۔

محمود صاحب نے دوستوں کے ساتھ آئیڈیا شیئر کیا، 25 ہزار روپے اکٹھے کیے اور آزاد کشمیر کے دور افتادہ گائوں میں ایک کمرے اور ایک استاد کے ساتھ اسکول کھول لیا، یہ چھوٹا سا اسکول آگے چل کر ریڈ فائونڈیشن بن گیا، مخیر حضرات شامل ہوتے چلے گئے اور فائونڈیشن ملک کا بڑا تعلیمی ادارہ بنتی چلی گئی، آج ریڈ فائونڈیشن کے 390 اسکول ہیں، ان میں ایک لاکھ 12 ہزار طالب علم پڑھ رہے ہیں، یہ لوگ 12 ہزار یتیم طالب علموں کو مفت تعلیم، یونیفارم اور کتابیں بھی دیتے ہیں، فائونڈیشن سردست آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک محدود ہے لیکن یہ بہت جلد اپنا نیٹ ورک پورے ملک تک پھیلادے گی۔

میں جوں جوں فائونڈیشن کے بارے میں پڑھتا گیا میں حیران ہوتا گیا لہٰذا میں نے ان کے اسکول دیکھنے کا فیصلہ کیا، میں پچھلے ہفتے میر پور اور بھمبر گیااور ان کے چار اسکول وزٹ کیے، آپ یقین کریں میں اسکولوں کی کوالٹی، صفائی اور ڈسپلن دیکھ کر حیران رہ گیا، یہ تمام اسکول مختار مسعود صاحب کی طرح مخیر حضرات نے بنوائے تھے، بھمبر میں بھڑنگ نام کا ایک گائوں ہے، یہ آزاد کشمیر کا سب سے بڑا گائوں ہے، یہ دشمنیوں اور اشتہاریوں کی وجہ سے پورے علاقے میں بدنام ہے، اس بدنام گائوں میں برطانیہ میں مقیم چوہدری عبدالغفور کے خاندان نے ریڈ فائونڈیشن کے ذریعے اسٹیٹ آف دی آرٹ اسکول بنوا دیا، اسکول دیکھنے لائق ہے۔

گائوں ڈھیری وٹا میں کراچی کے حبیب خان نے اسکول بنایا اور کمال کر دیا، حبیب خان چارٹرڈ اکائونٹنٹ تھے، کراچی میں رہتے تھے، یہ کبھی کشمیر نہیں آئے، کراچی میں بیٹھ کر اسکول بنوایا اور آج اسکول کی بچیاں ہر صبح حبیب خان اور ان کے خاندان کے لیے دعا کرتی ہیں، اسی طرح سکاسن میں عرفان اسلم اور اشتیاق فاروق کے خاندان نے اسکول بنوا دیے اور ان اسکولوں نے پورے گائوں کی حالت بدل دی، مجھے بھمبر میں ریڈ فائونڈیشن کا کالج دیکھنے کا موقع بھی ملا۔

میں ہرگز یہ دعویٰ نہیں کروں گا یہ کالج گورنمنٹ کالج یا ایف سی کالج سے اچھا ہے لیکن یہ ان دونوں سے کم بھی نہیں، کلاس رومز، لیبارٹریاں اور لائبریری ہر چیز صاف، ستھری اور خوب صورت تھی، مجھے یہ جان کر حیرت ہوئی وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور کشمیری وزراء کے بچے بھی ریڈ فائونڈیشن کے اسکولوں میں پڑھتے ہیں۔

ریڈ فائونڈیشن کے تین منتظم میرے ساتھ تھے، میں نے ان سے ان کا ماڈل پوچھا تو پتا چلا یہ لوگ کرائے کی عمارت میں اسکول شروع کر دیتے ہیں، بچے پڑھنے لگتے ہیں، اس دوران کوئی نہ کوئی ڈونر مل جاتا ہے اور یہ لوگ زمین خرید کر یا پھر ڈونیشن لے کر اسکول کی عمارت کھڑی کر دیتے ہیں اوریوں بچے نئی عمارت میں شفٹ ہو جاتے ہیں، ریڈ فائونڈیشن کی تمام عمارتیں ایک جیسی ہیں، اسکول کے لیے دو کنال جگہ اور ایک کروڑ 30 لاکھ روپے درکار ہوتے ہیں، یہ رقم ایک شخص بھی دے سکتا ہے اور خاندان اور دوست مل کر بھی اسکول بنوا سکتے ہیں، اسکولوں میں 12 ہزار یتیم بچے پڑھ رہے ہیں، ان کے لیے سالانہ 30 کروڑ روپے چاہیے ہوتے ہیں۔

فائونڈیشن ان 30 کروڑ روپوں کے لیے ہر سال چیریٹی فنکشن کرتی ہے اور مخیر حضرات سے مالی امداد کی درخواست کرتی ہے، میں نے ان سے عرض کیا، آپ اس رقم کے لیے اللہ کے نام پر شیئر کیوں نہیں لانچ کر دیتے، یہ حیرت سے میری طرف دیکھنے لگے، میں نے عرض کیا، لوگوں کے لیے پچاس ساٹھ ہزار یا لاکھ روپے دینا مشکل ہوتا ہے، آپ اگر تین ہزار روپے کا شیئر لانچ کر دیں اور ہم سب مل کر ایک لاکھ لوگ تلاش کر لیں تو 12 ہزار یتیم بچے پورے وقار کے ساتھ تعلیم حاصل کر سکتے ہیں، میری بات سے تمام لوگوں نے اتفاق کیا یوں میں نے فوراً پہلا شیئر خرید لیا، اب صرف 99 ہزار نو سو 99لوگ باقی ہیں، مجھے یقین ہے یہ لوگ ملتے دیر نہیں لگے گی۔

ہمیں 22 کروڑ لوگوں کے ملک میں صرف ایک لاکھ ایسے لوگ چاہییں جو ہر سال صرف تین ہزار روپے دے دیں، یہ تین ہزار روپے 12 ہزار یتیم بچوں کو اپنے قدموں پر کھڑا کر دیں گے، مجھے اللہ کی ذات پر پورا بھروسہ ہے، اللہ تعالیٰ یقینا ایسے لوگوں کا بندوبست کر دے گا، کیوں؟ کیوں کہ میں جس وقت یہ سطریں لکھ رہا ہوں اس وقت ربیع الاول کا مہینہ شروع ہو چکا ہے اور اس مہینے میں ہمارے رسولؐ دنیا میں تشریف لائے تھے، آپؐ پیدائش سے پہلے یتیم ہو چکے تھے، والد کا انتقال آپؐ کی پیدائش سے چھ ماہ قبل ہو گیا اور آپؐ ابھی چھ برس کے تھے کہ آپؐ والدہ کے سائے سے بھی محروم ہو گئے۔

آپؐ کی کفالت شروع میں دادا حضرت عبدالمطلب نے فرمائی اور ان کے انتقال کے بعد آپؐ کی ذمے داری آپؐ کے چچا حضرت ابوطالب نے اٹھا لی، آپؐ یتیمی اور غربت کی وجہ سے تعلیم حاصل نہ کر سکے، امی رہ گئے لیکن آپؐ جب جوان ہوئے تو آپؐ جہالت اور ظلم کے شکار اس معاشرے کے صادق بھی تھے اور امین بھی، اللہ تعالیٰ نے چالیس سال کی عمر میں آپؐ پر وحی کا نزول شروع فرمایا اور یوں آپؐ پوری دنیا کے لیے ایمان، علم اور ترقی کا نقطہ آغاز بن گئے۔

ہمارے رسولؐ بھی یتیم تھے اور ریڈ فائونڈیشن کے بارہ ہزار طالب علم بھی یتیم ہیں چنانچہ میری آپ سے درخواست ہے آپ رسول اللہ ﷺ کے نام پر 12 ہزار یتیم بچوں کا آسرا بن جائیں، آپ ریڈ فائونڈیشن کی مدد کریں اور آپ اگر یہ نہیں کر سکتے تو بھی آپ سال میں صرف تین ہزار روپے ادا کر کے ایک لاکھ معاونین کے قافلے میں ضرور شامل ہو سکتے ہیں، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں آپ نبی رسالتؐ کی محبت اور توجہ کے مستحق بن جائیں گے۔

نوٹ: آپ ان نمبروں 0314-5025767، 051-111 323 424 پر ریڈ فائونڈیشن سے رابطہ کر سکتے ہیں، ای میل ایڈریس [email protected] ہے۔

آپ اپنے عطیات وصدقات درج ذیل اکائونٹ میں بھی جمع کرا سکتے ہیں۔

فیصل بینک لمیٹڈ، اکائونٹ ٹائٹل، ریڈ فائونڈیشن

اکائونٹ نمبر: 3048308900031361

آئی بین:PK21FAYS3048308900031

سوئفٹ کوڈ: FAYSPKKA

بینک ایڈریس:گرینڈور آرکیڈ، کری روڈ، چک شہزاد، اسلام آباد

About Javed Chaudhry

Javed Chaudhry is a newspaper columnist in Pakistan. His series of columns have been published in six volumes in Urdu language. His most notable column ZERO POINT has great influence upon people of Pakistan especially Youth and Muslims of Pakistan. He writes for the Urdu newspaper Daily Express four time a week, covering topics ranging from social issues to politics.

Check Also

Aaj Soop Nahi Peena?

By Syed Mehdi Bukhari