Wednesday, 25 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zafar Iqbal Wattoo
  4. Zindagi Ke Daur

Zindagi Ke Daur

زندگی کی دوڑ

وہ دونوں باپ بیٹا راستے میں ٹرین میں سوار ہوئے تھے۔ باپ کھڑکی کے ساتھ خالی سیٹ پر جاکر خاموشی سے بیٹھ گیا اور باہر دیکھنے لگا، جب کہ تین چار سال کا بچہ اس کے ساتھ والی سیٹ بیٹھ گیا۔ بچہ تھؤڑی دیر تو بیٹھا رہا پھر سیٹ سے نیچے اتر کر دوسری جانب کی کھڑکی سے سر باہر نکال کر دیکھنے لگا، لیکن اس کا باپ اس سے لاتعلق بیٹھا تھا۔

ڈبے میں بیٹھے ایک شخص نے بچے کو ایسا کرنے سے روکا تو بچہ اسے منہ چڑاہنے لگا اور بھاگ کر چلتی ٹرین کے ڈبے کے دروازے میں جا کھڑا ہو۔ ڈبے میں موجود سب لوگ اس بچے کی شرارتوں سے تنگ ہونے لگے۔ جو کبھی کسی مسافر کا جوتا اٹھا کر باہر پھینکنے کی ایکٹنگ کرتا تو کبھی کی عورت کی نقل اتارنے لگتا۔ سب لوگوں کو اس کے باپ پر بہت غصہ آرہا تھا۔ جو اس سارے ڈرامے سے لاتعلق کھڑکی کے باہر کے مناظر خاموشی سے دیکھ رہا تھا۔

ایک خاتون کہنے لگیں" عجیب بدتمیز بچہ ہے۔ اس کی ماں نے اس کی تربیت ہی نہیں کی" دوسرا مسافر بولال پتہ نہیں یہ لوگ بچے تو پیدا کر دیتے ہیں، لیکن ان کی ذمہ داریوں سے لاتعلق ہو جاتے ہیں۔ الغرض ہر طرف سےقسم قسم کے تبصرے ہونے لگے، لیکن اس کا باپ بہرا بن کر کھڑکی سے باہر کا منظر انجوائے کر رہا تھا۔ اس وقت تو بچے نے حد ہی کر دی جب اس نے شرارت سے منع کرنے پر ایک بزرگ کے منہ پر چانٹا جڑ دیا۔

اس بابے کے ساتھ بیٹھے نوجوان کے صبر کا پیمانہ اس حرکت پر لبریز ہو گیا۔ وہ اپنی سیٹ سے اٹھا اور جاکر بچے کے باپ کو کندھوں کو زور سے پکڑ کر جھنجھوڑا اور بولا " ایسی ناہنجار اولاد پیدا کر لیتے ہیں، تو اس کا خیال بھی رکھتے ہیں؟ بچے کا باپ جو کہیں خیالوں میں گم تھا، اس بے طرح کے جھنجھوڑنے پر اچانک خیالات سے واپس آیا اور پوچھا، کیا ہوا بھائی؟ اتنا غصہ کس بات پر کر رہے ہو۔

اس کے اس سوال پر ڈبے میں بیٹھے سارے مسافر اس پر تف بھیجنے لگے۔ نوجوان بھی اور زیادہ بپھر گیا اور غصے سے آگ بگولا ہوتے ہوئے، اسے بتایا کہ آپ کے نا خلف بیٹے نے اس بزرگ کے منہ پر چانٹا رسید کر دیا ہے۔ یہ سنتے ہی اس کے باپ نے بزرگ کے سامنے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگی اور کہنے لگا" معاف کرنا بزرگو۔ ابھی تھوڑی دیر پہلے ہی دوسرے شہر میں اس بچے کی جواں سال ماں یعنی میری بیوی ایک روڈ ایکسیڈنٹ میں گاڑی کے نیچے کچلی گئی ہے۔

اس بچے کو اپنی ماں کی موت کا ابھی تک پتہ بھی نہیں۔ میں اسے لے کر اپنی بیوی کی تدفین کے لئے روانہ ہوں۔ مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ ماں کی موت کا اس معصوم کو کیسے بتاؤں گا، یہ جان کر سارے ڈے کے مسافروں کا اس بچے اور اس کے باپ کو دیکھنے کا انداز ہی بدل گیا۔ عورتیں آگے بڑھ کر اس کو پیار کرنے لگیں۔ دوسرے مسافر اسے جوس اور ٹافیاں دینے لگے۔ وہ بزرگ اٹھے اور بچے کے سر پر ہاتھ پھیر کر اسے گلے لگا لیا۔

ہر کسی کی خواہش تھی کہ سفر میں جتنا اس کا ساتھ ہے وہ کسی طریقے سے اس بچے کے ساتھ شفقت سے پیش آئے۔ زندگی کی ٹرین میں بھی ہر مسافر کی اپنی کہانی ہوتی ہے۔ جسے وہ لے کر چل رہا ہوتا ہے۔ دیکھنے والے اس کی ظاہری حالت اور روئیے پر طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہوتے ہیں اور لیبل لگا لیتے ہیں۔ لیکن کسی کی اصل کہانی جاننے کا شوق یا وقت کسی کے پاس نہیں ہوتا۔

زندگی کی دوڑ میں ہر بندہ ہر وقت کسی نہ کسی جنگ میں مصروف ہے۔ کوئی کس وقت کیسا کیوں کر رہا ہے یہ اسی کو پتہ ہے۔ اگر ہم کسی کے لئے آسانی پیدا نہیں کر سکتے تو کم از کم اسے تنہا لڑنے دیں۔ اس پر بلاوجہ تبصروں سے گریز کریں۔ ہو سکے تو ہم اس کے اس طرز عمل کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کریں۔ اللہ ہم سے راضی ہو۔

Check Also

Danish Ki Jeet, Bewaqoofi Ki Haar

By Asif Masood