1.  Home/
  2. Blog/
  3. Zafar Iqbal Wattoo/
  4. Niagra Fall

Niagra Fall

نیاگرا فال

بالآخر نیاگرا فال دیکھنے کا خواب پورا ہوا۔ پانی کی دنیا کا یہ ایک اہم سنگِ میل تھا جو عبور ہوا۔ یہ ایک قدرتی آبشار ہے جو دریائے نیاگرا پر واقع ہے۔ یہ دریا جھیل ایرئی کو جھیل اونٹاریو میں گراتا ہے۔ یہ جھیلیں ایک دوسرے سے تین سو فٹ اوپر نیچے ہیں۔ نیاگرا فال کئی آبشاروں پر مشتمل ہے جن میں امریکن فال، برائیڈل ویک فال اور ہارس شُوفال یا کینیڈین فال شامل ہیں۔ ان آبشاروں سے 85,000 کیوسک تک پانی گزر رہا ہوتا ہے۔

نیاگرا فال کو سالانہ تین کروڑ سیاح دیکھنے آتے ہیں۔ یہ مقام امریکہ اور کینیڈا کی سرحد پر واقع ہے جہاں نیویارک اور اونٹاریو کی سرحدیں ملتی ہیں۔ دریائے نیاگرا کے دائیں کنارے امریکہ اور بائیں پر کینیڈا واقع ہیں۔ یہ جگہ سیروتفریح، کشتی رانی اور پانی کی اٹھکیلیاں دیکھنے کے لئے مشہور ہے۔

دسمبر جنوری میں جب درجہ حرارت 25- ڈگری سے گر جائے تو اس آبشار کا کچھ حصہ جم کر برف بن جاتا ہے لیکن درمیان سے پانی چلتا رہتا ہے۔ اس آبشار کو دیکھنے کا بہترین وقت جون، جولائی اور اگست ہے۔ آبشار سے کچھ فاصلے پے کینیڈا کو امریکہ سے ملانے والا پل ہے۔

آبشار کے اوپر پانی 32 فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے گزرتا ہے اور یہ امریکن اور برائیڈل ویل فال پر 280 ٹن قوت اور ہارس شویا کینیڈین فال پر 2,500 ٹن قوت کے ساتھ آبشار کی بنیاد سے ٹکراتا ہے۔ نیاگرا آبشار 4 ملین کلو واٹ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو کہ امریکہ اور کینیڈا کی مشترکہ ملکیت ہے۔

نیاگرا فالز میں سر ایڈم بیک 1 اور سر ایڈم بیک 2 پاور اسٹیشنوں پر موڑے گئے پانی سے پیدا ہونے والی بجلی جنوبی اونٹاریو اور مغربی نیویارک کی برقی ضروریات کو پورا کرتی ہے۔

نیاگرا فال پر رات کو مختلف رنگوں کی روشنیاں جب اس کے پانی سے ٹکراتی ہیں تو اس کے حسن کو چار چاند لگا دیتی ہیں۔ اسی لئے اسے نیاگرا فال کو ہنی مون منانے والوں کا کیپیٹل بھی کہتے ہیں۔

نیاگرا لفظ کے معنی "طوفانی شور " ہیں کیونکہ یہاں ہر وقت چلتے پانی کا شور ہوتا ہے۔ 1896 میں نیویارک میں مجسمہ آزادی نصب ہونے سے پہلے تک نیاگرا فالز ہی شمالی امریکہ اور نئی دنیا کی علامت سمجھی جاتی تھیں۔ نیاگرا فالز پانی کی دنیا میں آج تک ایک عجوبہ ہیں۔

Check Also

Shahbaz Ki Parwaz

By Tayeba Zia