Saturday, 28 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zafar Iqbal Wattoo
  4. Az Mississauga, Maktoob (3)

Az Mississauga, Maktoob (3)

اَز مسسی ساگا، مکتوب (3)

مسسی ساگا ٹورنٹو کے بعد GTA کا دوسرا بڑا شہر ہے۔ اسے منی پاکستان بھی کہتے ہیں۔ مسسی ساگا کا نام تو قدیم مقامی کینیڈین قبیلے کے نام پر رکھا گیا تھا لیکن اب اسے مسلم ساگا بھی کہتے ہیں۔ اگر آپ ٹورنٹو میں پھر رہے ہیں اور آپ کو ہوم سکنس ہورہی ہے تو مسسی ساگا آجائیں اور دیسی چیزوں کے مزے لیں بٹ کڑاہی کھائیں، حویلی ریسٹورنٹ کا افطار بوفے لیں، ویلیج ٹیسٹ کا دیسی برنچ کریں، راحت بیکری پر بیٹھیں، نرالا کی مٹھائیاں کھائیں۔

مسسی ساگا میں ایک کمرشل علاقے(Ridgeway Drive) میں تو 150 سے اوپر پاکستانی، مڈل ایسٹ اور افغانی کھانوں کے ریسٹورینٹس ہیں جہاں شمالی امریکی ریاستوں تک سے لوگوں اپنے دیسی ٹیسٹ بڈز کو مرنے سے بچانے کے لئے آتے ہیں۔ یہ علاقہ ابھی بالکل نیا نیا بنا ہے لیکن بہت زیادہ پاپولر ہوچکا ہے۔

مسسی ساگا کے ڈاؤن ٹاون کی بلندوبالا رہائشی عمارات میں ہی پاکستان کی بیوروکریسی، جیوڈیشری، آرمڈ فورسسز اور سیاستدانوں کی اکثر فیمیلیز رہائش پذیر ہیں جن کے رزق کا بندوبست بلاتعطل پاکستان سے ہوتا ہے۔ ان کے اللے تللوں سے لوکل سیلف میڈ پاکستانی بہت تنگ ہیں جو اپنی زندگیاں خرچ کرکے اب کچھ سیٹ ہوئے ہیں مگر ان کی اولادیں ان امیرزادوں کی اولادوں جیسی عیاشی کرنے کی خواہش میں خراب ہورہی ہیں۔ ان کے لئے مقامی پاکستانیوں میں انتہائی ناپسندیدگی محسوس کی۔

مسسی ساگا میں بہت سی مساجد ہیں۔ یہاں کے اسلامک سنٹر میں جمعہ کی نماز میں بالکل پاکستانی مسجد والا ہی منظر تھا تاہم عربوں کے زیرانتظام مساجد کا انتظام قدرے بہتر پایا۔ رمضان کے چاند کے حوالے سے ادھر بھی رویتِ ہلال کمیٹی گروپ اور پوپلزئی گروپ موجود تھے۔ اسی لئے 11 مارچ بروز سوموار آدھے لوگ روزے سے تھے اور آدھے بغیر روزے کے۔ اس دن جس سے بھی ملاقات ہوئی اس نے پہلے ہم سے کنفرم کیا کہ آپ روزے سے ہیں یانہیں اور پھر جاکر کچھ چائے پانی کیا۔

مسسی ساگا شہر کی سیکٹر پلاننگ قابل داد ہے۔ شہری اور کمرشل علاقوں کی زوننگ کردی گئی ہے۔ ڈاؤن ٹاون کا سب سے بڑا شاپنگ مال اسکوائر ون ہے جہاں آپ سارا دن گھومتے پھرتے رہیں لیکن مال ختم نہیں ہوگا۔ بہت سی کمپنیوں کے دفاتر، ویئر ہاوسز مسسی ساگا میں موجود ہیں۔ رہائشی علاقوں کی ہر گلی میں طاق نمبر کے گھر ایک طرف تو جفت نمبر دوسری طرف ہوں گے۔ گھر بنانے کے لئے زمین کی قدرتی سطح کو کم سے کم چھیڑا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ آپ کے گھر بنانے سے زمینی پانی یا بارشی پانی کی مقدار یا اس کی کوالٹی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

Check Also

Bhutto Ka Tara Maseeh

By Haider Javed Syed