1.  Home/
  2. Blog/
  3. Zafar Iqbal Wattoo/
  4. Apna Gannd Khud Saaf Karo, Maktoob (5)

Apna Gannd Khud Saaf Karo, Maktoob (5)

اپنا گند خود صاف کرو، مکتوب (5)

آپ اکیلے گھر پر کھانا کھا رہے ہیں یا چند لوگوں کے ساتھ کسی ریسٹورینٹ میں یا پھر کسی پارٹی میں ہیں کھانے کے بعد آپ نے اپنا گند خود صاف کرنا ہے۔ کچرے کو اکٹھا کرکے ٹھکانے لگانا ہے تاکہ کھانے کی میز / جگہ ویسی ہی صاف ہو جیسے کھانے سے پہلے تھی۔

اگر کہیں دوچار فیملیز کسی دعوت پر مدعو ہیں تو کھانے کے بعد ہر بندہ اپنے اپنے کچرے کو خود ٹھکانے لگائے گا بلکہ کچن تک کی صفائی میں اہلِ خانہ کی مدد کی جائے گی تاکہ پارٹی کے ختم ہوتے ہی گند ختم۔ ریسٹورینٹ میں میز پر کچرہ چھوڑ جانے کو بہت برا سمجھا جاتا ہے۔

اگر آپ نے اضافی خوراک آرڈر کردی تھی جوکہ بچ گئی ہے تو اسے گھر لے جانے کے لئے آپ نے خود ہی پیک کرنا ہے ریسٹورینٹ والے صرف آپ کو ایک دو پیکٹ یا کنٹینر لا دیں گے تاکہ آپ ان میں خوراک ڈال سکیں اور بقیہ کچرہ ٹھکانے لگادیں۔

ٹورنٹو ڈاؤن ٹاون کو چھوڑ کر باقی ہر علاقے میں باہر سے جانے والا بندہ آوٹ ڈور میں نکلتے ہی ماحول کی صفائی اور ہوا کا معطر پن اپنے نتھنوں میں فورا محسوس کرتا ہے۔

کسی کے بھی گھر جائیں تو گھروں کے داخلے پر جوتے اتار کر ریک میں رکھ دیے جاتے ہیں اور پورے گھر میں آپ بغیر جوتوں کے گھومتے پھرتے ہیں حتی کہ باتھ رومز میں بھی۔ جوتوں کے ساتھ کسی کے گھر کے اندر چلے جائیں تو لوگ یوں دیکھیں گے گویا جوتے پہن کر مسجد میں داخل ہوگئے ہیں۔ جی ہاں گھر کو مسجد کی طرح پاک صاف رکھا گیا ہوتا ہے۔

یورپ کے برعکس یہاں شراب کی ریل پیل بالکل نظر نہیں آئی۔ عوامی مقامات پر یا کھلے عام کسی کو شراب پیتے نہیں دیکھا اور نہ ہی دھڑلے سے بکتے دیکھا۔ کچھ عرصہ پہلے تک تو دکاندار شراب کی بوتل گاہک کو اسی طرح کاغذی لفافے میں چھپاکر دیتا تھا جیسے ہمارے ہاں گاؤں کے دکاندار بال صفا پاوڈر کی پڑیا کاغذ میں چھپا کر دیتے تھے۔

عوامی مقامات، میٹرو سب وے وغیرہ پر آپ کو کھلے عام چوما چاٹی کے مناظر بالکل نہیں نظر آئیں گے جس کی ایک وجہ شاید GTA میں امیگرینٹس کی زیادہ تعداد ہے لیکن مجھے تو کینیڈین اس معاملے میں بہت شرمیلے اور شریف لگے۔

Check Also

Kon Dekhta Hai

By Nusrat Javed