Wednesday, 04 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Usman Ghazi
  4. Larai Siasi Nahi Rahi

Larai Siasi Nahi Rahi

لڑائی سیاسی نہیں رہی

عمران خان پی ٹی آئی کو سیاسی دھارے سے کاٹ کر ایک گوریلا وارفیئر طرز کی لڑائی میں الجھا چکے ہیں، دارالحکومت پر افغانیوں کے ہمراہ لشکر کشی سیاسی پی ٹی آئی کے تابوت میں آخری کیل تھی، عمران خان نے سیاسی رہنما کے بجائے خود کو ایس ایس جی کا کمانڈو سمجھا اور ہزاروں غیر تربیت یافتہ نہتے شہریوں کو دارالحکومت پر قبضہ کرنے کے لئے اکسایا۔

بے شک پی ٹی آئی مکمل عسکری حکمت عملی کے تحت دارالحکومت پر قبضہ کرنے کے لئے آئی مگر ان کے لشکر میں ایمونیشن کی کمی واضح طور پر نظر آئی، منصوبہ سازوں کو دیکھنا چاہئیے تھا کہ چند سو بندوقوں سے اتنی بڑی ریاست کو شکست دینا ممکن نہیں، اسلام آباد پر حملے کے دوران آنسو گیس کے شیل برسنے پر ہوا کا رخ موڑنے کے لئے جہازی سائز کے پنکھوں سے لے کر کرینوں کی موجودگی تک پی ٹی آئی نے اپنی جانب سے قبضے کی بھرپور کوشش کی تاہم کارکنان میں عسکری تربیت کی کمی کا فقدان ان کو لے ڈوبا۔

دارالحکومت پر اگلے حملے سے پہلے پی ٹی آئی کو اب اپنے کارکنان کی زیر زمین خفیہ تربیت کا آغاز کر دینا چاہئیے کیونکہ یہ بات اب بالکل واضح ہے کہ عمران خان کی لڑائی سیاسی ہرگز نہیں رہی، یہ جنگ طویل بھی ہوسکتی ہے لہذا ہندوستان کی مدد سے پی ٹی آئی کے لئے اسلحے کی مسلسل رسد ممکن ہوسکتی ہے جبکہ امریکا کی آشیرواد تو ان کو بظاہر پہلے سے ہی حاصل ہے، جس کا فائدہ عمران خان کو بھرپور طریقے سے اٹھانا ہوگا۔

جنرل فیض حمید نے عمران خان کو سیاسی مقصد کے لئے تیار کیا اور وہ خود سیاسی ہوگئے جبکہ عمران خان اس حد تک غیرسیاسی ہوگئے کہ دنیا کے افق پر آج بلاشبہ وہ ایک بڑے پرتشدد اور جارح مزاج سپاہ سالار کے روپ میں جانے جارہے ہیں، ایسی صورت حال میں پی ٹی آئی پر پابندی لگنے کا ایک امکان ہے کیونکہ ایک کھلی جنگ کا آغاز ہوچکا ہے، ریاست بھی اس عسکری گروہ کا مقابلہ کرنے کے لئے شاید آخری حد تک جائے گی۔

Check Also

D Chowk Amwat, PTI Ka Party Muaqaf

By Haider Javed Syed