Wednesday, 25 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Tehsin Ullah Khan
  4. Meri Aik Khwahish Hai

Meri Aik Khwahish Hai

میری ایک خواہش ہے

"ہر انسان کی ایک خواہش ہوتی ہے۔ چنانچہ میری بھی ایک خواہش ہے، جو یہاں کبھی پوری ہونے والی نہیں، چاہے مجھے ایک کروڑ سال کی "عمر" کیوں نا ملے۔ کیوں کہ میری خواہش بہت ہی عجیب ہے اور اس خواہش کی تکمیل کیلئے مرنا ہی ہوگا۔ مرے بغیر اس کی تکمیل ممکن نہیں۔ ہمیں پختہ یقین ہے کہ دنیا کے تمام لوگ مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جائیں گے اور اللہ عزوجل کے حضور پیش ہوں گے ان میں بعض لوگ جنت میں جب کہ بعض جہنم میں جائیں گے یہ ہم سب مسلمانوں کا یقین اور ایمان ہے۔ اگر میں جنت میں گیا تو اللہ عزوجل سے ایک فرمائش کروں گا۔ کیوں کہ وہ فرمائش، یہاں دنیا کی کوئی طاقت بھی پوری نہیں کرسکتی۔

میں اللہ عزوجل سے کہونگاکہ میری دنیا میں شدید خواہش تھی کہ بگ بینگ سے پہلے کی "حالت" دیکھوں۔ کیوں کہ سائنس کو ابھی تک کوئی "خاص" کامیابی نہیں ملی کہ بگ بینگ کیسے ہوا؟ کہاں ہوا؟ اور اس کے بعد کیا کیا ہوا تھا اس کے علاوہ "کائنات" سے باہر کیا ہے؟ ہم کائنات میں کس پوزیشن پر ہیں؟ کل کتنی کائناتیں ہیں؟ دو کائناتوں کے درمیان کیا ہے؟ تمام کائناتیں کس چیز کے اندر ہیں؟ اور کیا ان سب سے بھی بڑی کوئی چیز موجود ہے؟ فوٹانز سے تیز ترین چیز کیوں نہیں ہے؟ اور اگر ہے تو وہ کیا ہے؟ اور اس کی رفتار کیا ہے؟ ان سوالوں کے جوابات یہاں ممکن نہیں کیوں کہ ہم اگر بگ بینگ "پوزیشن" پر گئے بھی، تو بگ بینگ سے پہلے کے واقعات نہیں جان سکتے بلکہ یہ ناممکن ہے اس طرح ہم یہ بھی نہیں جان سکتے کہ کائنات سے باہر کیا ہے؟ سائنس پانچ لاکھ "سال" بعد بھی یہ نہیں بتاسکے گی، کہ کائنات سے باہر کیا ہے؟ کیونکہ کائنات کے باہر سے ہمیں کوئی روشنی نہیں ملتی اور روشنی کے بغیر ہم کوئی بھی فیصلہ نہیں کرسکتے۔

وہاں اللہ عزوجل کے سامنے اس خواہش کا اظہار ضرور کرو نگا کہ میں تیری اس کائنات میں گھومنا چاہتا ہوں، جو دنیا میں ناممکن تھا۔ میں بگ بینگ واقعے کو لائیو دیکھنا چاہتا ہوں۔ اے مالک کائنات! صرف تو ہی میری یہ خواہش پوری کرسکتا ہے۔ اس طرح ملکی وے کہکشاں کے علاوہ ان بیس ارب کہکشاٶں کے اندر ہر ایک سیارے کو لائیو دیکھنا چاہتا ہوں۔ نیوٹران ستارے کے قریب جانا چاہتا ہوں کائنات کے سب سے بڑے بلیک ہول "Phoenix A" کے گرد گھومنا چاہتا ہوں لائیو وہ ستارہ دیکھنا چاہتا ہوں، جس سے یہ بلیک ہول بنا۔ زمین سے پہلے کے حالات دیکھنا چاہتا ہوں یعنی ہماری زمین جس گرد سے بنا ہے۔ وہ گرد لائیو دیکھنا چاہتا ہوں۔

میں کبھی کبھی اس قدر خوفزدہ ہوجاتا ہوں کہ کائنات سے باہر کیا ہوگا؟ اور وہ کیسا دکھتا ہوگا؟ اور اس میں کیسے مخلوق آباد ہوں گے اور وہ کائناتیں کتنی بڑی ہوں گی؟ اور جس وسعت میں ہماری یہ "کائنات" پھیل رہی ہے۔ وہ کتنی بڑی ہوگی؟ اتنی بڑی کائنات میں ہم اکیلے کیوں تھے؟ اور اگر اکیلے ہی تھے اور یہ سب کچھ ہمارے لیے ہی بنایا گیا تھا۔ تو پھر 93 بلین نوری سال پر پھیلنے والی کائنات میں ہم پندرہ نوری منٹ تک بھی جانہیں سکتے تھے ایسا کیوں؟ وہاں تو ہم نہیں جاسکتے تھے۔ لیکن یہاں تو فوٹانز کی رفتار پکڑ سکتے ہیں۔ یہاں میں وہ سب کچھ لائیو اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتا ہوں۔ جسکی دنیا میں کبھی شدید خواہش رہتی تھی کتنے پر مسرت لمحات ہوں گے کتنا مزہ آئے گا!

Check Also

X-Wife Ki Tareef Kaise Ki Jaye

By Mohsin Khalid Mohsin