Safe City Layyah, Naveed e Subh e Pur Noor
سیف سٹی لیہ، نوید صبح پر نور

خالق کائنات کی جانب سے صدائے کن جاری و ساری ہے، تبھی تو اس کی مخلوق کی افزائش نسل کا عمل جاری و ساری ہے، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ، انسانی آبادی میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے، اس وقت دنیا کی آبادی لگ بھگ 8 ارب نفوس پر مشتمل ہے، وقت کے بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے، لوگوں کی کثیر تعداد دیہاتوں سے ہجرت کرکے شہروں میں منتقل ہو رہی ہے، جس کی وجہ جہاں ایک طرف شہروں میں آبادی کا دباؤ بڑھ رہا ہے، وہاں وسائل کی قلت، آلودگی اور بدامنی جیسے مسائل بھی برق رفتاری سے جنم لے رہے ہیں۔
ضلع لیہ کا شمار جنوبی پنجاب کے ان اضلاع میں ہوتا ہے کہ جہاں ارد گرد کے علاقوں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد ہجرت کرکے قیام پذیر ہو رہی ہے، ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ضلع لیہ کی کل آبادی 22 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، یہ روز بروز بڑھتی ہوئی آبادی آنے والے دنوں میں کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ہوگی، جس میں سب سے بڑا چیلنج شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہوگا، لیہ ضلع کی مغربی جانب تحصیل کروڑ اور لیہ کی 13 یونین کونسلیں دریائے سندھ کے کنارے واقع ہیں اور دریائی علاقوں کی نگرانی از خود ایک بڑا امتحان ہے۔
عمومی طور پر ضلع لیہ اپنے دیگر ہمسایہ ضلعوں کی نسبت نہایت پر سکون اور نہایت محفوظ ہے، لیکن اس ضلعے کی حفاظت کے پیش نظر حکومت پنجاب نے سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے اسے ضلع لیہ میں بھی نافذ العمل کردیا ہے، جو ایک تاریخی منصوبہ ہے۔ سیف سٹی لیّہ، ایک محفوظ اور جدید لیّہ کی جانب ایک بے مثال قدم ہے، لیّہ شہر اب حقیقتاً محفوظ ترین ہونے جا رہا ہے۔ سیف سٹی لیّہ کے تحت شہر بھر میں جدید نگرانی کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کا مقصد نہ صرف جرائم کی روک تھام ہے بلکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ایک محفوظ ماحول کی فراہمی بھی ہے۔ 40 اہم مقامات اور 6 داخلی و خارجی راستوں پر کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں، جبکہ ضلع کے 6 داخلی و خارجی راستوں پر بھی کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔ ان کیمروں کی مدد سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے، جرائم کو ٹریک کر سکیں گے۔
مشکوک سرگرمیوں پر فوری ردِ عمل دے سکیں گے، ٹریفک نظام کو بہتر بنا سکیں گے۔
مذہبی اجتماعات جیسے محرم اور عاشورہ کے جلوسوں کی سیکیورٹی یقینی بنا سکیں گے، حساس علاقوں کو "کرائم ہاٹ اسپاٹس" کے طور پر مانیٹر کر سکیں گے۔
خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیف سٹی لیّہ کے تحت ایک ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن قائم کیا جا رہا ہے۔ یہ پلیٹ فارم خواتین کو ہراسانی، تشدد یا دیگر مسائل کی صورت میں فوری اور بااعتماد مدد فراہم کرے گا، تاکہ ہر خاتون خود کو محفوظ محسوس کر سکے۔
بچوں کا تحفظ، ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر، بچوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کو ہر قسم کے استحصال سے بچانے کے لیے ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔ والدین یا شہری 15 پر کال کرکے کسی بھی قسم کی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دے سکتے ہیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
اقلیتوں کو بھی اس منصوبے میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ ورچوئل سینٹر برائے اقلیتوں کا تحفظ کے ذریعے اقلیتی برادری کو درپیش مسائل اور ہراسانی کے واقعات کی فوری نشاندہی اور کارروائی ممکن ہو سکے گی۔
ورچوئل بلڈ بینک، زندگی بچانے والا اقدام، ایمرجنسی کی صورت میں خون کی فوری فراہمی ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے۔ سیف سٹی لیّہ میں ورچوئل بلڈ بینک قائم کیا گیا ہے، جس سے مستفید ہونے کے لیے صرف 15 پر کال کرنا کافی ہوگا۔ آپ کی کال پر متعلقہ بلڈ گروپ کا خون فوری فراہم کیا جائے گا۔ 15 ایمرجنسی، ایک نمبر، ہر مدد کے لیے چاہے ہنگامی صورت حال ہو، کسی جرم کی اطلاع دینی ہو، یا کسی کو فوری مدد چاہیے ہو، ایمرجنسی 15 ہمیشہ آپ کی خدمت میں موجود ہے۔
سیف سٹی لیّہ کے تعاون سے اب یہ نمبر مزید طاقتور اور موثر بن چکا ہے، لیہ میں اس منصوبے کی نگرانی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ محمد علی وسیم گجر، جو کہ بہترین پیشہ ورانہ قابلیت رکھتے ہیں، اپنی لیہ پوسٹنگ کے دن سے اب تک کھلی کچہریوں میں عوام الناس کے پولیس محکمہ سے متعلقہ دیرینہ مسائل کو نہ صرف حل کر رہے ہیں بلکہ عوام اور پولیس میں حائل خلیج کو بھی بہت بہترین انداز پر کر رہے ہیں اور محکمہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر کرنے اور اصلاح احوال کرنے میں شب و روز مصروف عمل ہیں، ان کی سیف سٹی لیہ ٹیم میں ڈی ایس پیز کے ساتھ ساتھ، اپنے شعبے میں بھرپور تکنیکی مہارت کے حامل پولیس کمیونیکیشن افسران موجود ہیں، جو کہ سیف سٹی لیہ سے متعلق امور کو باقاعدگی سے سرانجام دیں گے۔
سیف سٹی لیّہ محض ایک منصوبہ نہیں بلکہ حفاظت کا ایک جامع نظام ہے جس کے ثمرات عام آدمی میں احساس تحفظ کی صورت میں عیاں ہونگے، یہ ایک خواب ہے ایک ایسا خواب جس میں ہر شہری مرد، خواتین، بوڑھے اور بچہ خود کو محفوظ، اہم، بااختیار اور پُرامن محسوس کرے گا، یہ صرف جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں بلکہ ایک محفوظ معاشرے کی جانب ہمارا اجتماعی قدم ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے سیف سٹی لیہ کسی بڑے تحفے سے کم نہیں ہے، "آئیے، مل کر سیف سٹی لیّہ کو کامیاب بنائیں تاکہ ہمارا کل، آج سے زیادہ محفوظ ہو"۔

