Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Imran Ali Shah
  4. Muharram Ul Haram, Ittehad, Ham Ahamgi Aur Yagangat Ka Paigham

Muharram Ul Haram, Ittehad, Ham Ahamgi Aur Yagangat Ka Paigham

محرم الحرام، اتحاد، ہم آہنگی اور یگانگت کا پیغام

خالق کائنات کا فرمان عالیشان ہے کہ بے شک ﷲ نزدیک اسلام ہی دین ہے، اسلام ایک آفاقی مذہب ہے کہ جس کے پیروکار کرہ ارض کے کونے کونے میں موجود ہیں، اسلام امن، محبت، بھائی چارے اور اخوت کا دین ہے، اس دین کے ہر پہلو میں انسانی فلاح، رواداری اور سماجی انصاف کی تعلیمات پنہاں ہیں۔ اسلامی سال کا پہلا مہینہ محرم الحرام جہاں ہمیں حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، وہیں یہ ہمیں امتِ مسلمہ میں اتحاد، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یگانگت کا پیغام بھی دیتا ہے۔

محرم الحرام اسلامی تقویم کا پہلا مہینہ ہے اور اسے "شہر اللہ" یعنی ﷲ کا مہینہ قرار دیا گیا ہے۔ اس مہینے کی دسویں تاریخ، یومِ عاشورہ، تاریخ اسلام کا ایک عظیم دن ہے، جس میں خانوادۂ رسول ﷺ نے کربلا کے میدان میں حق و صداقت کی خاطر قربانی کی ایسی لازوال مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک مظلوموں کے لیے مشعل راہ ہے۔ آج اس پر آشوب دور میں جب یہود و ہنود امت مسلمہ کو تباہ برباد کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ چھوڑ رہے، ہمارے ازلی ابدی دشمن بھارت نے ہمارے پاک وطن پر مقبوضہ کشمیر پہلگام میں از خود فالس فلیگ حملہ کروا کر پاکستان پر بلا جواز حملہ کر دیا تاکہ خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑ کر پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچا سکے مگر، ہماری افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر تاریخی شکست سے دو چار کیا اور بھارت کو پوری دنیا میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی طرح صہیونی ریاست اسرائیل کی جس نے کئی عشروں سے اہل فلسطین پر ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا تھا، اس نے طاقت کے گھمنڈ میں ہمارے برادر اسلامی ملک ایران پر حملہ کر دیا تاکہ وہ مسلمانوں کو تقسیم کرکے انہیں کمزور کردے، ایران، اسرائیل کی جنگ میں پاکستان نے ایران کی مکمل حمایت کی اور پوری دنیا کو یہ یقین دلایا کہ، ہم سب مسلمان ایک ہیں اور ہمارا رشتہ اٹوٹ ہے، ایران کے ہاتھوں اسرائیل کو تاریخی شکست ہوئی اور وڈے چوہدری امریکہ نام نہاد بہادر کو بھی معلوم پڑا کہ مسلمان کی قوت ایمانی کے سامنے کوئی نہیں ٹک سکتا، کیونکہ دشمن اسلام کے نزدیک ہم شیعہ، سنی، دیوبندی، یا بریلوی نہیں ہیں صرف مسلمان ہے ہیں اور وہ اسی بناء پر ہمیں ختم کرنا چاہتا ہے، ہم سب کو ایک ہو کر دشمنان اسلام کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

تاریخ شاہد ہے کہ، حضرت امام حسینؑ کی قربانی کسی مخصوص فرقے کی میراث نہیں، بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک متفقہ اور عظیم سرمایہ ہے۔ ان کا پیغام ظلم کے خلاف ڈٹ جانا، حق پر قائم رہنا اور باطل کے سامنے جھکنے سے انکار کرنا تھا۔

بقول احمد فراز۔

جب کبھی ضمیر و طرف کا سودا ہو دوستو!

قائم رہو حسین کے انکار کی طرح

یہی وہ اقدار ہیں جو آج ہمیں بطور مسلمان متحد کر سکتی ہیں۔

آج کا مسلمان جس انتشار، فرقہ واریت اور باہمی عدم برداشت کا شکار ہے، وہ اسلام کی اصل روح کے منافی ہے۔ قرآن مجید ہمیں حکم دیتا ہے: "وَاعُتَصِمُوا بِحَبُلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا"۔ (آل عمران: 103)

"اور سب مل کر ﷲ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقے میں نہ پڑو"۔

یہی آیت ہمیں یہ بتاتی ہے کہ اختلافِ رائے کے باوجود اتفاقِ قلب، باہمی عزت و احترام اور ہم آہنگی سے زندگی گزارنا اسلام کی اصل تعلیم ہے۔ فرقہ واریت نہ صرف امت کے اتحاد کو پارہ پارہ کرتی ہے بلکہ ایک مضبوط اسلامی معاشرہ قائم کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ بن جاتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اختلافِ رائے کو دشمنی نہ بنائیں، بلکہ فکری تنوع کو اپنی طاقت سمجھیں۔ اہلِ تشیع ہوں یا اہلِ سنت، سب کا کلمہ ایک، قرآن ایک، رسول ﷺ ایک، پھر تفرقہ کیوں؟ ہمیں ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرتے ہوئے باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔

محرم الحرام: محبت، قربانی اور یگانگت کا موسم

محرم الحرام ہمیں صرف غم اور سوگ کا درس نہیں دیتا، بلکہ یہ ہمیں قربانی، محبت، صبر، برداشت اور اتحاد کا عملی پیغام دیتا ہے۔ اس ماہِ مقدس میں ہمیں چاہیے کہ:

نفرت انگیز تقاریر اور اشتعال انگیز مواد سے مکمل اجتناب کریں۔ مجالس و جلوس میں نظم و ضبط، رواداری اور دوسرے مسالک کا احترام یقینی بنائیں۔

عبادات و عزاداری کو سیاسی مقاصد سے دور رکھیں اور خالصتاً دینی جذبے سے سرشار رکھیں۔ میڈیا، خطیب، ذاکرین اور علماء کرام محبت، اتفاق اور امتِ واحدہ کا پیغام عام کریں۔ حکومت، علماء اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملی یک جہتی کو فروغ دینے کے لیے آگے بڑھیں، ملک میں امن، سکون اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام کے لیے علماء کرام، حکومتی ادارے، سول سوسائٹی، میڈیا اور عوام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس مقدس مہینے میں فتنہ و فساد کو روکنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ محرم الحرام صرف ایک مہینہ نہیں، یہ عظمتِ انسانیت، پیغامِ قربانی اور درسِ اتحاد کا مہینہ ہے۔ اگر ہم اس کے حقیقی پیغام کو سمجھ کر عمل پیرا ہو جائیں، تو نہ صرف امتِ مسلمہ متحد ہو سکتی ہے بلکہ دنیا میں امن و سلامتی کا گہوارہ بھی بن سکتی ہے۔

آئیے! اس محرم الحرام سے عہد کریں کہ ہم تفرقے کو دفن کرکے، محبت کو عام کریں گے، ہم نفرت کے بجائے بھائی چارے کو اپنائیں گے، ہم امام حسینؓ کے پیغامِ حق پر چل کر دنیا میں اتحاد و اتفاق کی شمع روشن کریں۔

About Syed Imran Ali Shah

Syed Imran Ali Shah, a highly accomplished journalist, columnist, and article writer with over a decade of experience in the dynamic realm of journalism. Known for his insightful and thought-provoking pieces, he has become a respected voice in the field, covering a wide spectrum of topics ranging from social and political issues to human rights, climate change, environmental concerns, and economic trends.

Check Also

Pablo Picasso, Rangon Ka Jadugar

By Asif Masood