Thursday, 05 February 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Shair Khan
  4. Hathi Ke Daant Khane Ke Aur Dikhane Ke Aur

Hathi Ke Daant Khane Ke Aur Dikhane Ke Aur

ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور

یہ رات عبادت کی ہے، مگر کچھ لوگوں کے لیے یہ صرف ایک رسمی رسم ہے۔ وہ ہاتھ جو دن بھر دوسروں کے حقوق چھیننے میں مصروف رہتے ہیں، رات کو آسمان کی طرف اٹھتے ہیں تو لگتا ہے جیسے وہ اللہ سے معافی نہیں، بلکہ ایک اور دھوکہ مانگ رہے ہوں۔ ان کی انگلیاں تسبیح کے دانوں پر پھرتی ہیں، مگر ان دانوں کے درمیان مظلوموں کے آنسوؤں کی بدبو گھلی ہوئی ہے۔ ان کی زبانیں کلمۂ توحید پڑھتی ہیں مگر دل میں حرام کی تہہ چڑھی ہوئی ہے اور پیٹ میں یتیم کا حق ایندھن بن کر سلگ رہا ہے اسلام تو سجدوں کا نام نہیں انصاف کا نام ہے عبادت تو صرف رکوع و سجود نہیں امانت کی حفاظت ہے حق کی ادائیگی ہے۔

کمزور کی پناہ ہے مگر جب کوئی عالم دین ممبر پر کھڑا ہو کر تقویٰ کا درس دے رہا ہو اور اس کے قدموں تلے لوگوں کے حقوق روندے جا رہے ہوں تو وہ درس نہیں ایک بہروپیے کا ڈرامہ ہے وہ علم جو لوگوں کو حلال حرام کی تمیز سکھائے مگر خود حرام کو حلال کا جامہ پہنا کر پی لے وہ علم نہیں، زہر ہے وہ زہر جو معاشرے کی رگوں میں سرایت کر جاتا ہے اور پھر وہی معاشرہ اللہ کی رحمت سے محروم ہو جاتا ہے منافق کی نشانی یہ ہے کہ جب بات کرے تو جھوٹ بولے۔ وعدہ کرے تو خلاف ورزی کرے امانت دی جائے تو خیانت کرے یہ حدیثیں عام لوگوں کے لیے نہیں خاص طور پر ان کے لیے ہیں جو خود کو دین کا علمبردار کہتے ہیں جب ایک عالم کسی کا مال دھوکے سے ہڑپ کر لے، چار سال گزر جائیں مگر واپس نہ کرے اور سامنے والا شخص مصیبتوں میں گھرا ہو تو اس عالم کی نماز کیا اس کی دعا کیا؟ وہ دعا تو ہوا میں معلق رہ جاتی ہے کیونکہ اللہ کی عدالت میں نیت تولی جاتی ہے عمل پرکھا جاتا ہے اور ظلم کا بوجھ اٹھائے ہوئے دل کو رحمت کا دروازہ کھلا نہیں ملتا۔

اللہ تعالیٰ کو وہ ماتھا پسند نہیں جو سجدے میں جھکے مگر دل میں تکبر کھڑا ہو شکم میں حرام بھرا ہو وہ آنکھیں عزیز نہیں جو آنسو بہائیں مگر مظلوم کو دیکھ کر خشک رہیں قبولیت کا راستہ ممبر سے نہیں گزرتا کردار سے گزرتا ہے جہاں حرام کا اندھیرا چھایا ہو وہاں دعا کا چراغ نہیں جلتا بجھا دیا جاتا ہے۔ آج کے دور میں ایسے بہت سے علمائے سو ہیں جو درس دیتے ہیں مگر عمل نہیں کرتے وہ لوگوں کو جنت کی بشارت دیتے ہیں مگر خود جہنم کی طرف بڑھ رہے ہوتے ہیں۔ اللہ ہمیں ان کے شر سے ہم سبکو محفوظ رکھے ایسے لوگوں کو ہدایت دے یا ان کی اصلاح کرے اور ہمیں بھی ان کی صحبت سے بچائے جو دین کو پیشہ بنا چکے ہیں مگر ضمیر بیچ چکے ہیں یہ تحریر ان سب کے نام ہے جو ممبر پر بیٹھ کر اللہ کا خوف دکھاتے ہیں مگر خود خوف خدا سے عاری ہین اللہ ہمیں سچے تقویٰ کی توفیق دے اور ہماری عبادت کو خالص اپنے لیے قبول فرمائے۔

ایسے علماء کو دیکھ کر ایک ضرب المثل یاد آتی ہے "ہاتھی کے دانت دکھانے کے اور کھانے کے اور"۔۔

Check Also

Hathi Ke Daant Khane Ke Aur Dikhane Ke Aur

By Shair Khan