1.  Home/
  2. Blog/
  3. Shahzad Malik/
  4. Barsat Se Dar Lagta Hai

Barsat Se Dar Lagta Hai

برسات سے ڈر لگتا ہے

چند دن پہلے آنے والی آندھی کے پہلے جھکڑ سے آنکھوں میں گرد ڈلوا کر بھاگ جانے والی بجلی دو سے تین دن تک ملک کے مختلف شہروں کے مختلف علاقوں میں بحال ہو بھی گئی ہے تو وقفے وقفے سے آنا جانا لگا ہوا ہے آندھی بارش کے ساتھ بجلی کا غائب ہونا کوئی نئی بات نہیں ہمارے سسٹم میں بجلی کی تاریں اور ٹرانسفارمر اتنے کمزور ہیں کہ تھوڑی سی تیز ہوا اور بارش کے چند چھینٹے بھی برداشت نہیں کر سکتے تھے۔

لیکن واپڈا کے مقامی دفاتر میں شکایت درج کرانے کے تھوڑی دیر بعد ہی ادھر سے لائن مین اپنے ساز و سامان سمیت خرابی دور کرنے کے لئے نکل پڑتے تھے نقص معمولی ہوتا تو ایک آدھ گھنٹے بعد بجلی کی رو بحال ہو جاتی تھی اگر خرابی ذیادہ ہوتی تو چار پانچ گھنٹے لگ جاتے اس دوران فون بند نہیں رکھتے تھے بلکہ متاثرہ شہریوں کو صورت حال سے باخبر رکھنے کے لئے ٹیلی فون پر موجود رہتے تھے۔ گزشتہ تیس بتیس سال سے ڈیفنس کے رہائشی ہونے کے دوران ہمارا یہی تجربہ رہا ہے۔

لیکن اس بار تو یہ انوکھی بات ہی ہوئی کہ جیسے ہی تیز آندھی کا پہلا جھونکا آیا تو بجلی چلی گئی ایک گھنٹے بعد آئی اس کے بعد بارش شروع ہوئی تو ایک دھماکے کے ساتھ بجلی پھر چلی گئی ساتھ ہی لوگوں نے لیسکو کے دفتر میں شکایت درج کرا دی۔ موسم چونکہ ٹھنڈا ہوگیا تھا یو پی ایس پر پنکھے چلنے سے گرمی کا احساس نہ ہوا ہمیں یقین تھا کہ اگر ٹرانسفارمر میں خرابی ہوئی تو جونہی بارش تھمے گی لیسکو کی ٹیم آ کر خرابی دور کر دے گی، ذیادہ سے ذیادہ چار گھنٹے لگ جائیں گے۔

آندھی بھی طوفانی تھی اور بارش بھی موسلادھار برسی۔ طوفان باد و باراں رکا تو لوگ منتظر رہے کہ واپڈا والے بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیں گے چونکہ یو پی ایس چل رہے تھے اس لئے بے فکر ہو کر سو گئے آنکھ تب کھلی جب یو پی ایس بند ہو کر لائٹ اور پنکھے بند ہو چکے تھے اور پسینے چھوٹ رہے تھے کمروں کے باہر موسم ٹھنڈا تھا مگر ہوا بند ہوچکی تھی تمام کھڑکیاں دروازے کھول کر بھی گھروں کے اندر گرمی اتنی تھی کہ سویا نہیں جا سکتا تھا۔

گھبرا کر باہر نکلے تو سب لوگ باہر نکل چکے تھے اور ایک گروپ لیسکو کے دفتر پہنچ چکا تھا وہاں بتایا گیا کہ ہمارے پاس ایک ہی لائن مین ہے جو باری باری سب جگہ جا رہا ہے آپ کی باری آئے گی تو ادھر آئے گا۔ یہ بہت حیران کن بات تھی اس دفتر میں متعدد لائن مین اور پورا عملہ ہر وقت موجود رہتا ہے اور شکایت پر فوراََ عمل شروع ہوجاتا تھا اور اب وہ کہہ رہے تھے کہ نہ تو لائن مین ہے نہ ہی کرین اور دوسرا سامان یہ ایک انہونی بات تھی وہاں کوئی بات ہی نہیں سن رہا تھا۔

ساری رات اندر باہر ہوتے ہوئے گزری صبح ہوئی سورج نکلا، ہوا بند تھی تو حبس نے سانس لینا دوبھر کر دیا۔ یو پی ایس بند ہونے سے موبائل فون کی بیٹری بھی ختم ہوگئی پی ٹی سی کی لینڈ لائن بھی نیٹ کے ساتھ کنیکٹ ہونے کی وجہ سے وہ فون بھی بند تھا۔ بہرحال سارا دن اسی بےچینی اور گھبراہٹ میں گزرا دوسری رات بھی سر پر کھڑی تھی اور لیسکو والے ٹس سے مس نہیں ہورہے تھے۔ آخر کار لوگ بڑی تعداد میں لیسکو آفس میں جمع ہوگئے عملے نے گھبرا کر کہیں فون کئے اور کچھ دیر بعد لائن مین آیا پھر گھنٹہ بھر انتظار کے بعد کرین پہنچی اور ٹرانسفارمر کی مرمت شروع ہوئی خدا خدا کرکے گیارہ بجے بجلی بحال ہوئی۔

اگلے دن ہر طرف سے یہی سننے کو مل رہا تھا کہ گھنٹوں نہیں دنوں کے حساب سے ہر علاقے میں بجلی بند رہی حتیٰ کہ عید کے روز بھی اسلام آباد کے کئی علاقوں میں بجلی نہیں تھی اور لیسکو کے عملے نے اپنے فون بھی بند رکھے اور ذاتی طور پر دفاتر میں جا کر شکایت کرنے والوں سے کوئی تعاون نہیں کیا الٹا بدتمیزی پر اتر آتے تھے یہ بہت غیر معمولی بات ہے تو متعلقہ حکام کو اس کا نوٹس لینا چاہئیے اگر ایک دو مقامات پر ایسا ہوتا تو قابل غور نہیں تھا لیکن اگر ہر جگہ سے یہی اطلاعات مل رہی ہیں تو یہ سوچنے کی بات ہے۔

آج پھر وہی صورت حال درپیش ہے رات کے جانے کون سے پہر آندھی چلی تین بجے کی بجلی بند ہے اور اس بار مشکل یہ ہے کہ بائی باس سرجری کے بعد میرے بھائی صاحب بھی گھر پر ٹھہرے ہوئے ہیں اس بار میٹر ہی جل گیا ہے جانے کب تک بجلی سے محرومی رہے گی؟

Check Also

Gandum, Nizam e Taleem, Hukumran Aur Awam (2)

By Zia Ur Rehman