1.  Home/
  2. Blog/
  3. Sajid Shad/
  4. Debit Card

Debit Card

ڈیبٹ کارڈ

سر ہم اے بی سی بنک سے بات کر رہے ہیں امید ہے آپ خیریت سے ہیں۔

میاں محمود صاحب کو موبائل پر کال موصول ہوئی تو وہ دوپہر کے کھانے سے ابھی فارغ ہوئے ہی تھے اور ابھی لنچ بریک ختم ہونے میں کچھ وقت باقی تھا۔

بولے: جی الحمدللّٰہ خیریت سے ہوں فرمائیے۔

سر بنک اپنی سالانہ کلوزنگ کے پراسس میں ہے، دوسری طرف سے آواز آئی۔

سر آپ کے اکاونٹ اور کارڈ کی بھی اپ گریڈیشن ہونا ہے آپ لائن پر رہیں ہم آپ سے کچھ معلومات کنفرم کریں گے اور یہی کارڈ اپ گریڈ ہو جائے گا آپ ہولڈ رکھیں۔

دوسری طرف سے میوزک کی آواز آنے لگی۔

کچھ ہی دیر بعد دوبارہ آواز آئی، میاں محمود صاحب آپکے انتظار کرنے کا شکریہ آپکے اس نمبر 03xxxxxxxxx کے علاوہ کوئی اور نمبر آپکے استعمال میں ہے تو بتا دیں بنک اسے آپ سے رابطہ کیلئے سیکنڈ آپشن کے طور پر رجسٹرڈ کر لے گا۔

میاں محمود نے اپنا دوسرا نمبر بتا دیا۔

جی بہت شکریہ اب ہم آپ کے کارڈ کو اپ گریڈ کر رہے ہیں اسکے لئے ہمیں آپ سے کچھ سوالات کرنا ہے تاکہ کنفرم ہو سکے کہ ہم اکاونٹ ہولڈر سے ہی بات کر رہے ہیں۔

آپ اپنا کارڈ نکال لیں اور ہولڈ رکھیں۔

کچھ دیر میوزک چلا۔

جی ہولڈ رکھنے کا شکریہ آپ اپنا شناختی کارڈ نمبر بتا دیں۔

محمود صاحب اب تک اپنے پرس سے شناختی کارڈ اور ڈیبٹ کارڈ نکال چکے تھے انہوں نے اپنا شناختی کارڈ نمبر بتا دیا۔

دوسری طرف سے آواز آئی جی محمود صاحب اپنی تاریخ پیدائش بتائیے۔

میاں محمود نے اپنی مکمل تاریخ پیدائش بتا دی۔

جی میاں محمود صاحب اپنی والدہ محترمہ کا نام بتائیے۔

محمود صاحب نے والدہ محترمہ کا نام بتا دیا۔

محمود صاحب ہولڈ رکھیے گا۔

میوزک پھر بجنے لگا۔

کچھ ہی لمحوں بعد نمائندہ بولا ہولڈ رکھنے کا شکریہ، آپ اگر اپنے پوسٹل ایڈریس جو یہ ہے (پوسٹل ایڈریس نمائندے نے بول دیا) تبدیل کروانا چاہتے ہیں تو ابھی آپ بدل سکتے ہیں۔

میاں محمود صاحب بولے جی نہیں میرا پوسٹل یہی ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کرنی۔

جی بہتر سر یہی انٹر کر دیتا ہوں۔

میاں محمود صاحب اب آپکو بنک کی جانب سے اپ گریڈیشن کی مختلف اسٹیج کے میسج آئیں گے لیکن آپ میرے ساتھ پراسس مکمل ہونے تک لائن پر ہی رہیئے گا۔

جی بہتر محمود صاحب اب جلد پراسس مکمل کروانا چاہ رہے تھے۔

نمائندے کی اب آواز آئی محمود صاحب آپ کے کارڈ کو آپ گریڈ کرنے کے لئے اس کے اسٹیٹس کو بدلنا ہے اپنے کارڈ پر درج نمبر کے آخری چار حرف بتائیے۔

محمود صاحب نے تھکے ہوئے لہجے میں نمبر بول دئیے۔

دوسری طرف سے آواز آئی جی ٹھیک اب اپنا پن کوڈ انگریزی اور پھر اردو میں بتائیے۔

میاں محمود صاحب نے فوراََ روانی میں انگریزی میں پن کوڈ بتایا لیکن اردو میں بتانے کیلئے انہیں ہندسوں کو یاد کر کے بولنا پڑ رہا تھا، یہ بھی بتا دیا۔

نمائندہ بولا سر آپ کو بنک سے اپ گریڈ پراسس کے میسج آئیں گے آپ میرے ساتھ لائن پر ہی رہیئے گا۔

جی جی میاں محمود یہ کہتے ہوئے اپنے موبائل کی اسکرین کو دیکھ رہے تھے جس پر میسج تھا کہ آپ نے 55 ہزار روپے کی آن لائن خریداری کی ہے۔

ابھی بات سمجھ نہیں آئی تھی کال ہولڈ پر تھی، میوزک بج رہا تھا۔

ایک اور میسج آیا کہ آپ نے 75 ہزار روپے ایک اکاونٹ میں ٹرانسفر کئے ہیں۔

میاں محمود صاحب کو جو چکر آیا تو ساتھ ہی ہوش بھی آ گیا یہ تو میرے ساتھ فراڈ ہو رہا ہے، میرے اکاونٹ سے رقم منتقل ہو رہی ہے۔ محمود صاحب نے کال پر چیختے ہوئے کہا تم میرے ساتھ فراڈ کر رہے ہو لیکن اُدھر تو میوزک بج رہا تھا۔ اتنے میں ایک اور میسج آ گیا۔

اب میاں محمود نے کال کاٹی اور فوراََ ہیلپ لائن پر کال ملائی اُن جو فوراََ کارڈ بلاک کرنے کے لئے کہا اس پراسس کو کرواتے ہوئے بھی ایک ٹرانزیکشن ہوگئی۔

کارڈ بلاک ہوگیا لیکن مجموعی طور پر دو لاکھ پنتالیس ہزار کا نقصان ہو چکا تھا۔

میاں محمود سوچ رہے تھے کہ اگر وہ ہینڈ فری لگا کر کال نہ سن رہے ہوتے موبائل انکے سامنے نہ ہوتا یا موبائل پر آٹو میسج ڈسپلے آن نہ ہوتا تو انہوں نے موبائل کان کیساتھ لگایا ہونا تھا اور آنے والے میسج وہ تصدیقی میسج سمجھ رہے ہوتے تو پورا اکاؤنٹ ہی خالی ہو جاتا کیونکہ بڑے منظم طریقے اور ہوشیاری سے رقم ان جگہوں پر استعمال ہو رہی تھی جہاں سے واپسی ممکن نہ تھی۔

Check Also

Shahbaz Ki Parwaz

By Tayeba Zia