Friday, 27 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Sabiha Dastgir
  4. Costco

Costco

Costco

Costco کے بارے میں کم وبیش آپ سب جا نتے ہیں۔ یا پھر سنا تو ضرور ہو گا۔ ہماری ضروریات زندگی کی فراہمی کے لئے costco یا دیگر ڈیپارٹمنٹل سٹورز اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اور covid-19 میں تو یہ سٹورز ہمیں گھر سےباہر نکلنے کا ایک موقع بھی فراہم کر رہے ہیں۔ اگر بجٹ اجازت دے رہا ہو تو ہم ان سٹورز سے بعض اوقا ت کچھ اضافی اشیاء بھی خرید لاتے ہیں۔ جن کو بعد میں استعال ہو جانےوالی چیزوں کی مد میں ڈال کر دل کو تسلی دے لی جاتی ہے۔ لیکن یاد رہے کہ ان پر ہلکی سی جھڑپ یا بحث کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔ یعنی خریداری کے ساتھ ساتھ گھریلو زندگی میں بھی ہلچل رہتی ہے۔ اور یہ بھی حقیقت ہے کہ یہ اضافی اشیاء بعدازاں گھر میں استعمال ہوہی جاتیں ہیں۔

ان سٹورز یا costco میں آنے والے افراد خریداری کے حوالے سے اپنا الگ انداز رکھتے ہیں۔ بعض افراد کا طریقہ بہت منظم ہوتا ہے۔ ان کے پاس ہاتھ سے لکھی ہوئی یا پھر سیل فون میں محفوظ لسٹ ہوتی ہے۔ جس کے مطابق خریداری کرنے کے بعد وہ بل ادا کرتے ہو ۓ واپس گھر سدھارتے ہیں۔ ایسے افراد وقت کے معاملے میں بھی کافی محتاط نظر آتے ہیں۔ وہ سٹورکے اندر یہاں وہاں تاک جھانک میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ ان کی توجہ اپنی لسٹ اور وقت پر مرکوز ہوتی ہے۔

اس زمرے میں وہ لوگ بھی آتے ہیں جوصرف چند ایک اشیاء خریدنے آتے ہیں جو ان کے ذہن میں محفوظ ہوتیں ہیں۔ اور وہ بغیر وقت ضا ئع کیے شاپنگ کے بعد اپنے گھر لوٹ جاتے ہیں۔

اس کے برعکس بعض افراد انتہائی تفریحی موڈ میں یہاں آتے ہیں جس کا اندازہ ان کے سٹور میں داخل ہونے سے ہی لگایا جا سکتا ہے۔ وہ بہت پرسکون چہرے یا پھر ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ داخل ہوتے ہیں۔ وہ اپنے پاس کوئی لسٹ بھی نہیں رکھتے۔ ہاں اگر ایک سرے سے دوسرے سرے تک سٹور کا جائزہ لینے کے بعد انہیں کچھ پسند آ جاۓ تو وہ ضرور خرید لیتے ہیں۔ ایسے افراد کو واپس گھر جانے کی قطعاجلدی نہیں ہوتی۔ وہ دیکھنے میں بھی کافی relax نظر آتے ہیں۔ بل ادا کرنے کے بعد کیفے ٹیریا سے کافی یا آئس کریم لینا بھی اکثر ان کے پلان میں شامل ہوتا ہے۔ خریداری کو بور کام سمجھنے کے بجاۓ یہ اسے تفریحی رنگ دیتے نظر آتے ہیں۔ جو یقینا ایک صحت مند رویہ ہے اور قابل تعریف ہے۔ ایسے حضرات خواہ اکیلے ہوں یا اپنے پارٹنر کے ساتھ، یہ دونوں صورتوں میں انجواۓ کرتے ہیں۔

بعض افراد کو سٹور میں پڑی چیزوں کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ کرتے بھی دیکھا گیا ہے۔ جو کہ ہر لحاظ سے ایک دانش مندانہ عمل ہے۔ اپنے بجٹ میں رہتے ہوۓ اچھی کوالٹی کی خریداری میں بلا شبہ وقت اور سمجھداری کی ضرورت ہے۔ اسے عجلت میں نمٹانا کافی مشکل کام ہے۔ ایسے افراد بہت پرسکون طریقے سے خریداری کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ بطور فرد واحد وہ اپنے اطمینان کے بعد ہی کسی حتمی نتیجہ پر پہنچتے ہیں۔ وہ اپنے وقت کا بھی خاطر خواہ استعمال کرتے ہیں۔ اگر ایسے افراد اپنے پارٹنر کے ساتھ آۓ ہوں تووہ باہمی مشاورت سے بھی استفادہ کرتے ہیں۔ اس کے برعکس کچھ افراد خریداری کے دوران بہت جلدی میں نظر آتے ہیں۔ دیکھنے میں ایسا محسوس ہوتا ہے۔ کہ ان کے ذہن میں کئ چیزیں ایک ساتھ چل رہی ہیں یہ افراد لسٹ، بجٹ اور پلا ننگ جیسے جھمیلوں سے آزاد ہوتے ہیں۔ جتنی تیزرفتاری سے وہ سٹورکے اندرداخل ہوتے ہیں، خریداری ختم کرنے کے بعد ا سی تیز رفتاری سے سٹور کو الوداع کہہ دیتے ہیں۔

کسی خاص تہوار یا موقع پران سٹورز کی رونق دوبالا ہو جاتی ہے۔ اور یہاں خریداروں کی ایک نئی قسم دیکھنے میں آتی ہے یعنی last minute shoppers۔ ا نہیں ہم عید، کرسمس، ویلنٹائن ڈے، سالگرہ یا anniversaries وغیرہ جیسےمواقع پر دیکھ سکتے ہیں۔۔ وقت کی کمی کے باعث جہاں کچھ افراد بے حد پریشا ن نظر آتے ھیں۔ اور پارٹنرز کے درمیان نوک جھوک بھی دیکھنے میں آتی ہے۔ وھاں بعض لوگ اپنی مرضی سے شاپنگ کو آخری لمحےتک ملتوی کر کے اسے ایک ایڈونچرکی طرح انجواۓ کرتے ہیں۔

خلاصہ یہ ہے۔ جب بھی خریداری کرنے جائیں۔ اپنے ٹرپ کو خوشگوار بنانے کی کوشش کریں۔ وقت کم ہو یا زیادہ، کم اشیاء کی ضرورت ہو یا بہت سا ساما ن درکار ہو۔ اکیلے جائیں یا فیملی کے ساتھ، اپنے ٹرپ کوہمیشہ انجواۓ کریں۔ کیوں کہ زندگی ہے تو اس کی ضروریات بھی ہیں۔ انہيں پورا کرنے کے لئے خریداری کرتے رہیں اور costco یا دیگر سٹورز میں جاتے رہیں۔

Check Also

Richard Grenell Aur Pakistan

By Muhammad Yousaf