Saturday, 18 July 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Saad Sharif
  4. Dosti

Dosti

دوستی

دوستی صرف ساتھ جینے یا فقط باتیں کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ معاشرے کا ایک ایسا خوبصورت رشتہ ہے۔ جو دلوں کو آپس میں جوڑ دیتا ہے۔ جس سے معاشرہ ترقی کی طرف کامزن ہوتا ہے افسوس کہ دنیا کے دستور کے مطابق یہ رشتہ وقت گزرنے کے ساتھ اکثر کمزور پڑ جاتا ہے۔ نہ اس میں وہ پہلے والی مضبوطی رہتی ہے اور نہ ہی وہ پہلے والا تعلق۔ یہ رشتہ اپنے حقیقی نتائج کے برعکس ہو جاتا ہے۔

حضرت علیؓ کا فرمان ہے کہ سچی اور پائیدار دوستی دو چیزوں پر قائم ہوتی ہے: ایک وفاداری اور دوسرا صبر۔ وفاداری کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنے دوست کے ساتھ اسی طرح مخلص رہے جیسے اس کی موجودگی میں ہوتا ہے اور اس کی غیر موجودگی میں بھی اس کی عزت اور وقار کی حفاظت کرے۔ اس کے خاندان کو اپنا خاندان سمجھے، ان کی عزت وناموس کی حفاظت اس طرح کرے جیسے وہ اپنے خاندان کی کرتا ہے، جو کہ مضبوط دوستی کی بہترین علامت ہے۔ جبکہ صبر سے مراد یہ ہے کہ دوست کی غلطیوں پر اسے سمجھایا جائے، اسے صحیح اور غلط کے بارے میں آگاہ کیا جائے، اگر وہ کسی غفلت میں آ کر کوئی غلط قدم اٹھا بیٹھے تواسے سنبھلنے کا موقع دیا جائے اور معمولی باتوں کی وجہ سے تعلق ختم نہ کیا جائےبلکہ اس کی غلطیوں پر درگزر کیا جائے۔

بدقسمتی سے آج کے دور میں اکثر دوستیاں مفاد تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ ذرا سی غلط فہمی یا معمولی اختلاف پر تعلق ختم کر دیا جاتا ہے، وہی دوست جو پہلے ایک دوسرے پر جان نچھاور کرتے تھے، بعد میں ایک دوسرے کے خون کے پیاسے بن جاتے ہیں۔ جیسے نازک انڈا معمولی سی چوٹ سے ٹوٹ جاتا ہےاسی طرح ایک معمولی سی غلط فہمی اس رشتےکو توڑنے کے لیے کافی ہے۔ حالانکہ حقیقی دوستی وہ ہوتی ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جائے، جس میں اخلاص بڑھتا جائے، جو معاشرے میں امن کا سبب بنے۔

سچا دوست وہی ہے جو مشکل وقت میں ساتھ نہ چھوڑے، منافقت نہ کرے، خیر خواہی سے اصلاح کرے اور اپنے دوست کی عزت و آبرو کی حفاظت کرے۔ اسلام ہمیں دوستوں کے حقوق ادا کرنے کی تعلیم دیتا ہے، ان کے ساتھ صلہ رحمی کرنے کا حکم دیتا ہے۔ حضرت عمر کی دوستی ہمارے لیے بہترین مثال ہے۔ جس طرح انھوں نے نبی کریم ﷺ کے ساتھ دوستی کا عملی نمونہ پیش کیا، اپنی جان و مال نبی ﷺ کے لیے قربان کردی، مشکل وقت میں ان کے ساتھ رہے۔ اسی طرح ہمیں بھی چاہیے کہ ہم دوستی کا ایسا رشتہ قائم کرےجس پر لوگ رشق کرے۔ جو معاشرے میں امن کی فضاء پیدا کرے۔

آخر میں ایک شعر یاد آتا ہے:

دوست کی دوستی میں کوئی غرض نہیں ہوتی
ورنہ یہ رشتہ بازار کی چیز بن جائے

Check Also

Dosti

By Saad Sharif