Friday, 10 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Qamar Naqeeb Khan
  4. Pakistani Qaum

Pakistani Qaum

پاکستانی قوم

یہ جتنے لوگ آپ کو منع کر رہے ہیں باہر ملک مت جاؤ حالات بہت خراب ہیں۔ انگلینڈ میں نوکریاں نہیں ہیں گھر نہیں ہیں۔ آسٹریلیا میں نوکری نہیں مل رہی، کینیڈا کے حالات خراب ہیں۔ ان لوگوں سے پوچھیں آپ خود جب انگلینڈ، کینیڈا یا آسٹریلیا گئے تھے تو کیا حالات بہت اچھے تھے؟ آپ انگلینڈ آتے ہی کسی کمپنی کے ڈائریکٹر لگ گئے تھے؟ آپ کو پہلے دن ہوٹل مینیجر کی جاب مل گئی تھی؟ پردیس پہنچتے ہی شادی کے لیے گوری مل گئی تھی؟ گھر، گاڑی روپیہ پیسہ سب کچھ آپ کو ریڈی میڈ ملا ہے یا آپ کو بھی یہ سب کمانے میں دس پندرہ سال لگے ہیں؟

تو بھائی جو لوگ اب انگلینڈ، کینیڈا یا آسٹریلیا جا رہے ہیں وہ بھی اپنے حصے کی محنت کریں گے، اپنے نصیب کی خواری کاٹیں گے، اپنے مسائل سے لڑیں گے اور حل کریں گے۔۔ اور ہر بندے نے اس پراسیس سے گزرنا ہے۔

پاکستانی بہت ہی ناشکری قوم ہے، انگلینڈ میں رہیں گے تو انگلینڈ کو برا بھلا کہیں گے۔ کینیڈا جائیں گے تو وہاں خوش نہیں ہوں گے۔ یہ چاہتے ہیں کہ انہیں کوئی کام نہ کرنا پڑے محنت کیے بغیر ہزاروں ڈالر پاؤنڈ ان کے اکاؤنٹ میں آتے رہیں۔۔

لازمی نہیں کہ آپ پاکستان میں بھوکے مریں گے تبھی ہجرت کریں گے، دراصل پاکستان رہنے کے قابل ملک نہیں ہے۔ یہاں جان و مال کا تحفظ نہیں ہے۔ یہاں قانون کی بالادستی حکمرانی اور پاسداری نہیں ہے۔ یہاں بچوں کا مستقبل محفوظ نہیں ہے۔ یہاں جھوٹ چوری کرپشن رشوت خوری کے بغیر گزارہ نہیں ہے۔ کوئی ایک محکمہ ایسا نہیں ہے جو اپنا کام مکمل ایمانداری سے کر رہا ہو۔۔

پچھلے دنوں بلوچستان میں جو پنجابی مارے گئے ڈنکی لگانے جا رہے تھے، ہر دوسرے مہینے ایک کشتی ڈوبتی ہے بیس پچیس پاکستانی مارے جاتے ہیں۔ پچھلے سال ڈنکی لگاتے تین سو پاکستانی کشتی حادثے میں مارے گئے۔ پاکستان سے ڈنکی کا خرچہ کم از کم پچیس لاکھ روپے ہو رہا ہے۔ اگر آپ کو بلغاریہ، البانیہ، پولینڈ وغیرہ کا جاب ویزہ اسی قیمت میں مل جائے تو جان کا رسک لینے کی کیا ضرورت ہے؟

Check Also

Tehreek e Insaf Ko Aik Baar Phir Adliya Se Insaf Ki Umeed

By Nusrat Javed