Thursday, 03 April 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Qamar Naqeeb Khan
  4. Hunar Seekhain

Hunar Seekhain

ہنر سیکھیں

آپ کے پاس کوئی ہنر نہیں ہے تو پھر ہوٹل میں پلیٹیں دھونے کی بجائے کوئی ہنر سیکھنے کی نوکری کریں۔ کسی پلمبر الیکٹریشن کے پاس جائیں اسے کہیں میں دو مہینے مفت کام کروں گا بس مجھے کام سکھا دو۔ کسی موٹرسائیکل یا گاڑی مکینک کے پاس چلے جائیں، المونیم ونڈوز اور گلاس ورکس کے پاس جائیں۔ کسی درزی یا نائی کے پاس تین مہینے لگا لیں اور ایسے کئی ہنر مند آپ کو آس پاس مل جائیں گے۔

میں نے بھی میٹرک کے امتحانات کے بعد دو مہینے کی چھٹیوں میں بغیر تنخواہ الیکٹریشن کا کام سیکھا تھا۔ الیکٹرانکس میں تین سالہ ڈپلومہ کے بعد کمپیوٹر ہارڈویئر سافٹویئر سیکھی تھی۔ میں انگلینڈ میں بھی پارٹ ٹائم کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ ٹھیک کر لیتا ہوں۔ آپ بھی جب تک کوئی ہنر نہیں سیکھ لیتے آگے نہیں بڑھ سکتے۔

یاد رکھیں جو پاکستان میں خوار ہیں وہ بیرون ملک بھی خوار ہی رہیں گے۔ نائی کے کام کو آپ کمتر سمجھتے ہیں زرا بیرون ملک مقیم افراد سے پوچھیں نائی کی کتنی ڈیمانڈ ہے۔ یہاں لندن میں تو ایک نائی آرام سکون سے مہینے کے چار پانچ ہزار پاؤنڈ کما لیتا ہے۔ پلمبر، الیکٹریشن اور اے سی ٹیکنیشن کی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے۔

جاہل ہیں وہ لوگ جو کہتے ہیں بےروزگاری ہے، دراصل آپ نے وہ کام نہیں سیکھا جس کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہے۔ آنے والے وقت کے لیے آپ کو اپنے آپ کو آپ گریڈ کرنا پڑے گا، اپنی قابلیت کو روزانہ بڑھانا پڑے گا۔ پانی بھی ایک جگہ پڑا رہے تو بدبو چھوڑ دیتا ہے۔ آپ تو پھر انسان ہیں۔

جتنی جلدی ممکن ہو یہ غلط فہمی دور کر لیں کہ حکومت آپ کے لیے کچھ کرے گی، حالات اچھے ہو جائیں گے۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف وغیرہ وغیرہ اور وغیرہ میں سے جو مرضی حکومت میں آ جائے۔ پاکستان کے حالات مزید بد سے بدتر ہوتے جائیں گے۔

دو گھنٹے اکیلے بیٹھ کر اپنے آپ کو وقت دیجئے، فیصلہ کیجئے کہ آپ پانچ سال بعد کیا بننا چاہتے ہیں۔ چار چھے مہینے لگا کر اپنے آپ کو بہتر بنائیں۔ کوئی کورس کریں۔ پڑھے لکھے ہیں تو آرٹیفشل انٹیلیجنس کا استعمال سیکھیں۔ پانچ سال بعد صرف وہی لوگ کما سکیں گے جو کسی ہنر میں ایکسپرٹ ہوں گے۔

Check Also

Qasbati Eid Ke Rang

By Zafar Iqbal Wattoo