Ana
انا
عموماً لوگوں کو لگتا ہے کہ "انا" صرف ان لوگوں میں ہوتی ہے جن میں تکبر ہوتا ہے یا جو ضدی ہوتے ہیں۔ لیکن ایسا نہیں ہے، انا ہر انسان میں ہوتی ہے، آپ کا ذہن اسے تشکیل دیتا ہے، انا آپ کی محافظ ہوتی ہے اور آپ کو کمزور ہونے اور مشکل وقت میں بکھرنے سے بچاتی ہے آپ کی ایک منفرد شخصیت بنا کر پیچیدہ دنیا میں آپ کو سمت شناشی اور آپ کو آپکا مقام بتاتی ہے، البتہ انا "مایا/برم" ہے، لیکن اس برم کا بہت بڑا کردار ہے اور اسے ختم کرنے سے پہلے سمجھنا بہت ضروری ہے۔
وہ تمام تر چیزیں، نظریات، سوچیں، تصورات، پسند، عقائد جس سے آپ اپنی شناخت جوڑتے ہیں وہ سب آپ کی انا میں شامل ہیں۔ یوں سوچیں کہ آپ کی عادات، آئیڈیاز، نظریات، پسند وغیرہ کی ایک گھٹری ہے اور وہ گھٹری ایک ہی چیز کے گرد گھومتی ہے اور اسے "میں" کہتے ہیں۔ بچپن میں ہماری انا بہت سادہ ہوتی ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اس پر مختلف پرتیں چڑھنا شروع ہوجاتی ہیں جو ہمیں پیچیدہ انسان بناتی ہیں۔ ذاتِ ظاہر (Persona) ظاہری جبکہ انا (Ego) باطنی ہوتی ہے، چونکہ آپ ہر کسی کے ساتھ اپنے تمام گہرے آئیڈیاز، ںظریات، سوچیں نہیں بانٹتے، تبھی آپ کی انا (گہری شخصیت) کے متعلق ہر کوئی نہیں جانتا، کبھی کبھار تو آپ خود بھی نہیں جانتے جب آپ مکمل طور پر اپنی انا کے زیرِ اثر رہ رہے ہوتے ہیں۔
کارل کہتا تھا کہ ہمیں زندگی کے ابتدائی سالوں میں مضبوط اور صحت مند انا تشکیل دینی چاہیے اور پھر باقی کے سالوں میں اسے ختم کرنے/جانے دینے (Let go) میں گزارنے دینے چاہیے۔ لیکن کسی بھی چیز کو ختم کرنے سے پہلے اس کا مضبوط اور اپنے عروج پر ہونا ضروری ہے تبھی کارل ہمیں مضبوط انا بنانے کی نصیحت کرتے ہیں تاکہ وقت آنے پر انا کے شکنجے سے باہر نکلنے کے قابل ہو سکیں۔ اس آرٹیکل میں ہم انا کی اقسام اور اسے مضبوط اور صحت مند بنانے پر بات کریں گے، البتہ اس کے ختم کرنے پر ہم آگے کے آرٹیکلز میں بات کریں گے۔
انا دو قسم کی ہوتی ہے۔ مضبوط انا اور کمزور انا۔
مضبوط انا (Strong Ego):
مضبوط انا اور شناخت بنانا بہت ضروری ہے دنیا میں نشونما کرنے کے لیے۔ وہ لوگ جن کی انا مضبوط ہوتی ہے انہیں خود پر اعتماد ہوتا ہے، انکی انا وسیع ہوتی ہے اور وہ کسی حد تک لچک رکھتے ہیں۔ خود کے متعلق یہ سوچ کہ "میں کر لوں کا مجھے خود پر اعتماد ہے" یا پھر "مشکل حالات کا مقابلہ کرپانا" آپ کو مشکل حالات سے ابھرنے کی قوت دیتا ہے۔ مثال کے طور پر جب کوئی اپنے متعلق یہ سوچتا ہے کہ "میں محنتی ہوں" تو اسکی انا کامحنت کے ساتھ خود کو منسلک کرنا اس کے حق میں بہتر ثابت ہوتا ہے اور وہ اپنے مقاصد کو کسی نہ کسی حد تک حاصل کرلیتا ہے محنت کے بل پر۔
کمزور انا (Weak Ego):
جن کی انا کمزور ہوتی ہے وہ اپنے متعلق منفی سوچتے ہیں۔ مشکل وقت میں انہیں خود پر اعتماد نہیں ہوتا۔ عموماً ٹروما یا ایسا بچپن کہ جہاں ایک مضبوط انا پنپ نہ سکی ہو وہاں بچے بڑے ہو کر اپنی شناخت (identity) نہیں بنا پاتے، انہیں نہیں معلوم ہوتا کہ وہ کون ہیں، زندگی سے کیا چاہتے ہیں، اور کیا کرنا چاہتے ہیں، انہیں اپنی طاقت اور کمزوریوں کے متعلق علم نہیں ہوتا، اپنے اقدار معلوم نہیں ہوتے، انکا ذہن دھندلا ہوتا ہے جہاں کچھ بھی واضح نہیں ہوتا، اور یہی وضاحت کی کمی ان میں اکثر موٹیویشن کی کمی کو بھی جنم دیتی ہے اور انہیں سمجھ نہیں آتا کہ کٹھن حالات کو کیسے سر کریں۔
انا کا بیماری کی حد تک مضبوط (megalomania) ہونا کہ آپ ہی کائنات کا مرکز ہیں اور اسکا حد سے زیادہ کمزور ہونا کہ میں کسی قابل نہیں، میں بیکار ہوں، ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں۔ دونوں ہی حقیقت سے پرے ہیں۔ انا کو مضبوط کرنا ضروری ہے اسے جانے دینے (let go) سے پہلے، کمزور انا کو اگر ختم کرنے کی کوشش کی جائے تو صرف نقصان ہوگا کیونکہ جو پہلے ہی کمزور ہے اسے کیا ختم کرنا۔ گوتم بدھا نے بادشاہت ٹھکرائی کیونکہ اس کے پاس وہ موجود تھی، اگر کوئی غریب کہے کہ وہ طاقت کو ٹھکرا رہا ہے تو یہ ناممکن ہے کیونکہ جو اس کے پاس ہے ہی نہیں وہ اسے کیسے ٹھکرائے گا۔
کمزور انا کو مضبوط کیسے کیا جا سکتا ہے؟
*مستند خود مشاہدہ (Authentic Self-observation):
اپنی ذات، پسند ناپسند، اقدار، سوچ ہر بات کا مشاہدہ کریں اور جائزہ لیں، اپنی طاقت پر زیادہ فوکس کریں بنسبت اپنی کمزوریوں کے لیکن اسکا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ آپ خود سے جھوٹ بولیں چونکہ وہ لوگ جن کی شناخت (identity) اور انا مضبوط نہیں ہوتی وہ پہلے ہی بہت منفی ہوتے ہیں انہیں اپنی مثبت باتوں پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے۔
*وسیع انا (Expansive Ego):
انا کمزور تب ہوتی ہے جب بچپن سے ٹین ایج تک ایک مخصوص طرح سے نظر آنے کے لیے آپ اپنی شخصیت میں کافی کچھ (اس میں مثبت خصوصیات بھی شامل ہیں) دبا دیتے ہیں جس سے آپ کی انا بہت چھوٹی اور محدود (narrow ego) ہو جاتی ہے۔ جب انا محدود ہوتی ہے تب آپ نئے تجربات، نظریات، حالات یا مشکلات کا سامنا نہیں کر پاتے، آپ کو خود پر اعتماد نہیں ہوتا۔ آپ بہت کم اور منفی چیزوں کے ساتھ اپنی شناخت جوڑتے ہیں، جس سے آپ کی نشونما نہیں ہو پاتی اور آپ اپنی ہی انا کی بنائی ایک چھوٹی اور جھوٹی دنیا میں جی رہے ہوتے ہیں۔
اپنی انا کو وسیع کرنا اور اسے نئے تجربات کرنے دینا اسے مضبوط بناتا ہے، اسے نئی اور مثبت چیزوں کے ساتھ منسوب کرنا آپ کو مشکلات کا سامنا کرنا سکھاتا ہے۔
*پوشیدہ صلاحیتوں کا آشکار (Develop Latent Potentials):
چونکہ آپ کی کمزور اور محدود انا کے ہوتے ہوئے آپ کبھی اپنی صلاحیتوں کو نہیں پہچان سکے، اس لیے جب آپ اپنی انا کو وسیع کریں گے تب آپ اپنی ان پوشیدہ صلاحیتوں کو جان سکیں گے جس کے متعلق آپ نہیں جانتے تھے، لیکن وہ بہت خام حالت (raw) میں ہوگی اسے وقت کے ساتھ پالش کرنا ہوگا۔ مثال کے طور پر جب آپ اپنی سوشل انزائٹی کو ختم کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تب آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ دراصل آپ کو تو لوگوں سے ملنا جلنا پسند ہے اور آپ اپنی انا میں اس نئے تجربے کو شامل کر لیتے ہیں۔ یوں خود کو چیلنج کرکے اور پھر ان چیلنج کو سر کرکے آپ کی انا وسیع ہوتی جاتی ہے۔
*سفاکانہ ایمانداری (Brutal Honesty):
آپ اس دنیا میں کسی اور سے سچ بولتے ہیں یا نہیں یہ اتنا اہم نہیں البتہ خود سے سفاکانہ حد تک سچ بولنا آپ کی عادتوں میں سب سے اچھی عادت ہو سکتا ہے۔ لیکن یہ ہرگز آسان نہیں، یہ ناممکن کام ہے، کیونکہ انا آپ کو کبھی خود سے پرے کچھ بھی دیکھنے نہیں دے گی۔ آپ ہمیشہ اس کے شکنجے میں رہیں گے، وہ کچھ بھی کرکے آپ کو یہ احساس دلائے گی کہ آپ کی چھوٹی اور فینٹسی والی سوچ بلکل درست ہے، زندگی میں بہت ہی معمولی مسائل کو بھی پہاڑ دکھا کر پیش کرے گی اور آپ سے کہے گی تمہاری حالت بگاڑنے میں تمہارے علاوہ پوری دنیا قصوروار ہے۔ سچ ہمیشہ کڑوا ہوتا ہے اور خود سے اپنی ذات کے متعلق بولا جانے والا سچ تو اور بھی تکلیف دہ ہوتا ہے، انا کمزور ہو یا طاقتور، یہ سچ ہی ہوتا ہے جو اسے قابو میں کرنے اور پھر ختم کرنے کے کام آتا ہے۔
ایک بات تو یاد رہے کہ انا صرف ایک "برم" ہے خواہ وہ مضبوط ہو یا کمزور۔ ہمارا مقصد اس کو قابو/ختم کرنا ہی ہے جس کے لیے وقت، صبر اور پریکٹس درکار ہوتے ہیں۔ یہ سفر ہرگز آسان نہیں ہوتا۔ خود آگاہی کا سفر اس دنیا میں ہر سفر سے زیادہ کٹھن اور تکلیف دہ سفر ہے، نہ ہی کوئی اس سفر پر چلنا چاہتا ہے اور جو چلے بھی تو تکلیف دیکھ کر واپس پلٹ جاتا ہے، ہماری دقت کو بڑھانے میں سب سے بڑا ہاتھ اس انا کا ہی ہوتا ہے۔
اس آرٹیکل میں ہم نے کمزور انا کو مضبوط کرنے پر بات کی ہے، جن کی انا طاقتور ہے انہیں کیا کرنا چاہیے "شیڈو ورک" (shadow work) تک پہنچنے کے لیے اس پر ہم مستقبل میں لکھے جانے والے آرٹیکلز میں بات کریں گے۔