Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Waris Dinari
  4. Ye To Koi Nai Baat Hai Hi Nahi

Ye To Koi Nai Baat Hai Hi Nahi

یہ کوئی نئی بات تو ہے ہی نہیں

ایک خبر کے مطابق گزشتہ روز جیکب آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں جدید خود کار اسلحہ گولیاں برآمد کرکے پولیس کی سرپرستی میں اسلحہ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پولیس موبائل اور سرکاری ویگو قبضے میں لے کر پولیس اہلکاروں سمیت وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر کے بیٹے کو حراست میں لے لیا گیا۔ تاہم بعد ازاں صوبائی مشیر کے فرزند ارجمند کو چھوڑ دیا گیا اس خبر کی اطلاع فوری طور پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی کہ یہ تمام اسلحہ مبینہ طور کچے کے ڈاکوؤں کے لے جایا جارہا تھا۔ اس بات میں کتنی سچائی ہے یہ تو ایماندارانہ غیر جانبدارانہ شفاف تحقیقات کے بعد ممکن ہے لیکن زبان خلق کو نقارہ خدا سمجھو۔

اس وقت بڑے بوڑھے بچے سب کا یہی کہنا ہے کہ یہ اسلحے کی کھیپ کچے کے ڈاکوؤں کو پکے کے ڈاکوؤں کی طرف سے تحفہ کے طور پر پیش کیا جارہا تھا نا جانے اسلحے کی یہ کھیپ کیوں پکڑی گئی ہے یہ بات حیران کن ضرور ہے۔

لگتا ہے کہ یہ کام کسی سر پھرے پولیس آفیسر ہی کا ہے ویسے جہاں پر پولیس میں کالی بھیڑیں ہیں وہی پر پولیس میں بہت ہی ایماندار بہادر اچھی شہرت رکھنے والوں کی بھی کمی نہیں ہے۔ شاید ایسے ہی لوگوں کی بدولت یہ لولا لنگڑا سسٹم چل رہا ہے۔ آپ سوچتے ہونگے اس طرح کے واقعات تو ہوتے رہتے ہیں پھر اس پر کالم لکھنے کی ضرورت کیوں کر پیش آئی تو جناب عرض ہے کہ اس وقت ملک بھر میں خاص کر سندھ پنجاب بلوچستان میں کچے کے ڈاکوؤں کے بے رحمانہ کاروائیوں سے لوگ عاجز آگئے ہیں۔

ڈاکوؤں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے ان کا جینا انتہائی دشوار ہوگیا ہے ان کچے کے ڈاکوؤں اور پکے میں ان کے سرپرستوں کا ذکر ہر زبان زدعام ہے اور ہر طرف سے یہی مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے کہ کچے کے مٹھی بھر ڈاکوں کو ختم کرنے کے لئے پکے کے ڈاکوؤں کا پہلے خاتمہ ضروری ہے۔ وطن عزیز میں امن و امان قائم رکھنے جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کرنے کے لئے سر فہرست پولیس کا ادارہ ہے جبکہ دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کی سپورٹ کےلئے ہوتے ہیں، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا اور لکھنا پڑ رہا ہے کہ اسی ادارے میں موجود بعض کالی بھیڑیں ہر طرح کے جرائم پیشہ افراد کو سپورٹ کرتے ہیں اور ان جرائم پیشہ افراد کے لیے کام کرتے ہیں۔

اسلحے منشیات سے لے کر قمار بازی فحاشی کے اڈے تک پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کی مرہون منت ہیں دکھ تو اس بات کا ہے پولیس کے علاوہ بھی جن جن جرائم کو روکنے کے لئے حکومت کی جانب سے ادارے قائم کئے گئے ہیں انہی اداروں میں موجود بعض بلیک شیپ نے اس جرائم کو پروان چڑھایا ہے۔ یہاں پر میں کسی ایک ادارے کا نام نہیں لے سکتا ہوں کہ اس میں کرپشن نہیں ہے اور یہ ادارہ کرپشن فری ہے۔

آخر اس طرح کیوں کر ہورہا ہے ہمارے اعلیٰ دماغ سی ایس ایس اور پی سی ایس کرنے والے بیوروکریٹس کہاں گئے ہیں کیا انھوں نے یہ ڈگریاں صرف اپنے یا پھر اپنے خاندان کی بہتری کے لئے لی ہیں اور ان کے لئے عوام باڑھ میں جائے ان سے کوئی سروکار نہیں ہے آخر ہمارے ادارے کب تک یو آنکھیں بند کرکے بیٹھے رہیں گے۔

برباد گلستاں کرنے کو ایک ہی الو کافی تھا
ہر شاخ پہ الو بیٹھا ہے انجام گلستاں کیا ہوگا

ضرورت اس امر کی ہے کہ اس گلشن اور اس کے مرجھانے ہوئے پھولوں کو بچانے الوں کے خاتمے کے لئے سندھ اور وفاقی حکومت کو فوری عملی طور پر سخت ایکشن لے کر کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کی سر کوبی کرنے میں ایک لمحے کی تاخیر نہ کرے کیونکہ آپریشن میں تاخیر کی بدولت نہ صرف یہ ڈاکو اور ان کے سرپرست مضبوط ہوتے جارہے ہیں بلکہ ان کی سرگرمیاں اب کچے یعنی کشمور کندھکوٹ شکار پور گھوٹکی راجن پور تک محدود نہیں بلکہ ان کی کاروائیاں سندھ کے علاؤہ بلوچستان اور پنجاب بھر میں پھیل رہی ہیں۔

لہذا مزید تاخیر نا گزیر ہے جس سے بہت زیادہ نقصان کا اندیشہ ہے۔

Check Also

Ghair Yahudion Ko Jakarne Wale Israeli Qawaneen (2)

By Wusat Ullah Khan