Monday, 23 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Riaz
  4. Jamhoor Ki Fatah

Jamhoor Ki Fatah

جمہور کی فتح

پاکستان کا شمار ان چند بدقسمت ریاستوں میں کیا جاسکتا ہے جو اپنے وجود میں آنے کے بعد ہی سے محلاتی سازشوں کا شکار رہی۔ سول اور خاکی بیوروکریسی کیساتھ ساتھ منصفوں نے ریاست کی بربادی میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ پاکستان کی حقیقی سیاسی لیڈرشپ کو منظرِ عام سے ہٹانے کے لئے نت نئے طور طریقے اپنائے اور آزمائے گئے۔ حقیقی عوامی سیاسی لیڈرشپ کو مسند اقتدار پر براجمان ہونے سے روکنے اور ہٹانے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا گیا کبھی براہ راست مارشل لاء کا نفاذ تو کبھی ایوان عدل میں بیٹھے نام نہاد منصفوں کے ذریعہ جوازِ اقتدار حاصل کیا گیا۔

مگر جمہوریت کی آبیاری کے لئے سیاسی لیڈرشپ نے پھانسی، جلاوطنی اور قید و بند کی صعوبتوں کو برداشت کیا۔ غیر آئینی غاصبوں نے اپنے اقتدار کو طُول دینے کیلئے آئین پاکستان کا حُلیہ بگاڑنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ مگر جمہوریت پر یقین رکھنے والی سیاسی لیڈرشپ نے ہرمرتبہ آئین پاکستان کو اسکی اصل حالت میں لانے کے لئے تگ و دو جاری رکھی۔ آمر ضیاء الحق اور پرویز مشرف کی آئین پاکستان میں شامل کی گئی متعدد غلاظتوں کو اٹھارویں آئینی ترمیم کے ذریعہ پاک کیا گیا۔

پرویزمشرف کے بعد بظاہر آمروں کی آمد کا سلسلہ رک چکا مگر پس پردہ نادیدہ قوتوں کے ایماء پر جمہوری حکومتوں پر شب خون مارنے کی ذمہ داری ہماری عدلیہ میں بیٹھے منصفوں نے لے لی۔ کبھی یوسف رضا گیلانی کو سوس بینکوں کو خط نہ لکھنے کے جرم میں تو کبھی میاں محمد نواز شریف کو اپنے بیٹے سے وصول نہ کردہ تنخواہ کی بناء پر مسند اقتدار سے ہٹانے کے لئے بابے رحمتوں نے اپنی خصوصی خدمات پیش کیں۔

پرویز مشرف کے بعد جوڈیشل ایکٹوزم اور استحصال اپنے عروج پر پہنچ چکا۔ عدالتی فیصلوں میں آئینی و قانونی حوالات کی بجائے غیر ملکی مصنفوں کے ناولوں کے تذکرے کرنا۔ آمروں کے ادوار میں چُپ کا روزہ رکھ کر آمروں کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کو جواز بخشنے والے بابے رحمتے جمہوری ادوار میں عوامی نمائندوں کے بنائے ہوئے قوانین کے خلاف ننگی تلواریں نکال لیتے ہیں۔ جمہوریت پسند سیاسی لیڈرشپ کو ذلیل و خوار کرنا مگر دوسری جانب اپنی من پسند سیاسی لیڈرشپ کو عدالت میں گڈ ٹو سی یو کہتے وقت کسی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہ کرنا۔

من مرضی آئینی تشریحات کرنا بابے رحمتوں کا پسندیدہ مشغلہ بن چکا۔ اپنی پسندیدہ اور ناپسندیدہ جماعت کے لئے آرٹیکل 63-A کی مختلف تشریحات کرنا۔ کبھی ڈیم فنڈ کے نام پر پاکستانی قوم کو بے وقوف بنانا تو کبھی ہسپتالوں میں چھاپے مار کر ڈاکٹروں کی تنخواہوں و کارکردگی بارے پوچھنا۔ عدالتی اُمور چھوڑ کر انتظامی اُمور میں دخل اندازی کو معیوب نہ سمجھنا۔ ناک کے نیچے ہونے والی کرپشن سے آنکھیں چُراکر حکومتی عہدیدران کوکٹہروں میں کھڑا کرنا عام سی بات ہے۔

اعلی و ماتحت عدالتوں میں بائیس لاکھ سے زائد مقدمات زیر التواء ہیں مگر بابے رحمتوں کو دوسرے محکموں کی کارکردگی کو جانچنے کی فکر لاحق رہتی ہے۔ کئی سالوں حتی کہ دہائیوں تک عام سائلین کے مقدمات کی شنوائی نہیں ہوپاتی مگر آئینی و سیاسی مقدمات کے لئے ججز کے فل بینچ بھی دستیاب ہوجاتے ہیں اور ایسے تمام مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعتیں بھی ہوجاتی ہیں۔ اس دوران عوام الناس جنکے ٹیکسوں سے عدلیہ کے ججز کو تنخوائیں دی جاتی ہیں، انکے مقدمات مزید تاخیر کا شکار ہوجاتے ہیں۔

عوامی نمائندوں کو احتساب کے نام پر ذلیل و خوار کرنے والے بابے رحمتے اپنے سنگی ساتھیوں کے برخلاف کرپشن درخواستوں کو سپریم جوڈیشل کونسل کے صندوقوں میں چھپا کر رکھتے ہیں۔ عوامی نمائندوں کی پچھلی تین نسلوں تک کے احتساب کے لئے چاک و چوبند بابے رحمتے اپنی فیملی کی غیر قانونی، سیاسی و کرپشن سرگرمیوں پر سٹے آرڈر جاری کرتے ہوئے کوئی شرم بھی محسوس نہیں کرتے اور کرپشن کہانیاں منظر عام آنے پر فون ٹیپ کرنے والوں کو ہی مورد الزام ٹھہرا دیتے ہیں۔

سال 2008 تا 2024 ریاست پاکستان میں پھیلے ہوئے جوڈیشل ایکٹوزم کے سدباب کے لئے ضروری تھا کہ عدلیہ میں رائج کارٹل کا خاتمہ کیا جائے اور عدلیہ کے اوپر چیک اینڈ بیلنس کا نظام قائم کیا جائے اور سب سے بڑھ کر عوام کی منتخب کردہ پارلیمنٹ کو عدلیہ کے تسلط سے آزاد کروایا جائے۔ بحیثیت قانون کے طالب علم مجھے یہ کہتے ہوئے ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہوگی کہ پارلیمنٹ یعنی عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کے بنائے ہوئے آئین و قوانین کی بدولت ہی بابے رحمتوں کے اختیارات، انکی تعداد، انکی تنخواہوں اور انکی مراعات کا تعین کیا جاتا ہے تو پھر پارلیمنٹ کو یہ حق کیوں نہیں مل سکتا ہے وہ بابے رحمتوں کی تعیناتی کرے۔

چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد اُمید کی جاسکتی ہے کہ بابے رحمتوں کی من مانیوں کے سلسلے کا خاتمہ نہیں تو کم از کم بریک ضرور لگ جائے گی۔ یاد رہے پارلیمنٹ ہی سپریم ادارہ ہے، جسکے بطن سے آئین و قوانین پیدا ہوتے ہیں، جسکی بدولت ریاست کے انتظام کو چلانے کے لئے ادارے و محکمے قائم کئے جاتے ہیں۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ آپ تنخواہ و مراعات تو عوام الناس سے لیں مگر عوام الناس کے حقیقی نمائندوں سے حق حکمرانی چھین لیں۔ چھبیسویں آئینی ترمیم کی منظوری جمہور کی فتح ہے۔ یاد رہے 1973کے آئین بناتے وقت حکمران و حزب اختلاف کی جماعتوں میں شدید اختلافات تھے مگر آئین کو ترتیب دینے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں نے پاکستانی قوم کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا۔

پاکستانی جمہوری نظام کے لئے اس سے بڑھ کر اور کیا خوش آئند ہوگا کہ اٹھارویں اور چھبیسویں آئینی ترامیم بھی ماضی کی حریف سیاسی جماعتوں نے مل کر منظور کروایا۔ اُمید یہی کی جاسکتی ہے کہ جس طرح پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے ماضی سے سبق حاصل کیا، مستقبل میں بھی وہ کسی کا دُم چھلا بننے کی بجائے باہم مل کر ریاست پاکستان کو لاحق مسائل سے نکال باہر کریں گی۔ جمہوریت زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔

Check Also

Heera Mandi Se Cafe Khano Tak Ka Safar

By Anjum Kazmi