Tuesday, 14 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Aziz
  4. Youm e Sasural

Youm e Sasural

یوم سسرال

عید پر جہاں بہت سے دوسری مزاحیہ تحاریر و تصاویر منظر عام پر آرہی ہوتی ہیں وہاں بالخصوص عید سے اگلے دن کی مناسبت سے یومِ سسرال والی تصاویر عروج پر ہوتی ہیں جس میں بائیک پر میاں، بیوی اور بچے فرحاں و شاداں سڑک پر گامزن ہوتے ہیں۔

یقیناً یہ وہ خواتین ہوتی ہوں گی جن کا میکہ نزدیک ہوتا ہوگا مزید براں ان کے والدین بالخصوص والدہ حیات ہوتی ہوں گی اور اپنی بیٹی کو بار بار کال کرکے یاددہانی کرارہی ہوتی ہوں گی کہ بیٹا عید سے اگلے دن بچوں کو ساتھ لے کر لازمی آنا کیونکہ ماں اور بیٹی کا رشتہ انمول ہوتا ہے اور کچھ باتیں صرف ماں بیٹی ہی آپس میں بانٹتی ہوں گی۔

ایسے کیسز میں نوے فیصد لڑکیاں اپنے شوہر نامدار کے ساتھ میکے پہنچتی ہیں لیکن کچھ کے شوہر لازمی منہ سجا کر بیٹھے ہوتے ہوں گے کہ عید کے دنوں میں نہیں جانا اور وہ دل مسوس کررہ جاتی ہوں گی۔

اگر کوئی ماں اپنی بیٹی کو عید سے اگلے دن بلائے اور اپنی بہو کو (اگر اس کے میکے والے اسے بلائیں) میکے جانے سے منع کرے کہ میری بیٹی آرہی ہے تو تم ادھر ہی رہو تو یہ بہو کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

یہ بھی حقیقت ہے کہ ماں کے جانے کے بعد بہت کم بیٹیوں کو ان کے ماں جائے اپنے ہاں بلاتے ہیں اس لیے اگر وہ کچھ لمحات اپنے میکے میں اپنی ماں کے ساتھ گزار ہی لیتی ہیں تو کونسا قیامت آجاتی ہے۔

اس ہی دن کی مناسبت سے میں نے ایک خاتون کی وال پر لگی یہ تحریر دیکھی۔۔

"يوم سسرال اختتام پذير، میکے میں ساس نندوں کی غیبت اور بھائی کو بھابھی کے خلاف اکسانے کا مشن پورا ہونے کے بعد دستے واپس رواں دواں۔۔ "

مجھے ایسی خواتین کے بارے میں سو فیصد یقین ہے کہ ان کے میکے والے انہیں بلاتے ہی نہیں ہوں گے تو بےچاریاں اس قسم کی پوسٹ لگا کر اپنا غصہ نکال لیتی ہوں گی کہ میرے میکے والے مجھے نہیں بلاتے تو میرے سسرال والے بھی اپنی بیٹیوں کو کیوں بلائیں۔ ایسی خواتین جب خود ایک شادی شدہ بچی کی والدہ بنتی ہیں تو اپنی بچی کو بار بار میکے بلانے کے لیے تڑپتی ہیں اور اس وقت بھول جاتی ہیں کہ وہ کبھی اپنی نندوں کے بار بار میکے پر آنے پر اعتراض کرتی تھیں۔

باقی خوشی غمی، صحت تندرستی ہر کسی کے ساتھ چلتی ہے اور برے وقت میں سب سے پہلے خون کے رشتے ہی ڈھارس پہنچانے پہنچتے ہیں اس لیے رشتوں کی قدر کیجیے اور اپنی نفرتوں کو سربازار مت رکھیے کیونکہ اس سے آپ کے دل کا غبار تو نکل جائے گا لیکن آپ کی قدر و منزلت سب کی نگاہوں میں صفر رہ جائے گی۔

میرا فرض تھا آپ سب کو سمجھانا سو میں نے یہ فرض پورا کردیا باقی آپ کی مرضی جو کرنا ہے کرو میری بلا سے۔۔

Check Also

Mashriq o Maghrib Ka Urooj

By Muhammad Irfan Nadeem