Roos Mein Naya Saal Kaise Manate Hain
روس میں نیا سال کیسے مناتے ہیں
میں 31 برس ماسکو روس میں مقیم رہا، البتہ اس میں سے ایک برس 13 دسمبر 1999 تا 13دسمبر 2000 منہا کر دیجیے، جب میں خاص طور پر ٹائم سکوائر نیویارک میں صدی گزرنے کی تقریب دیکھنے امریکہ گیا تھا مگر پہلے تو کوئی ہم وطن میرے ہمراہ ٹائم سکوائر جانے کو تیار نہیں ہوا تھا پھر جس شخص کے ہاں میں اپنے ماسکو سے ساتھ آئے دوست سے ملنے گیا تھا کہ اکٹھے تقریب دیکھنے جائیں گے، اس کا بھانجا سلیمان میرے ساتھ جانے پر راضی ہوگیا تھا۔ ہم دونوں ساڑھے گیارہ بجے ٹائم سکوائر کے نزدیک کی سب وے سے باہر نکلے تھے تب لوگوں کے رش کی وجہ سے ٹائم سکوائر پہنچنا محال ہو چکا تھا اور تو اور بہت دور سے ہمیں وہ مشہور زمانہ کرسٹل بال تک گرتا دکھائی نہیں دے سکا تھا جو ہر سال ٹائمز سکوائر نیویارک پر اونچائی سے نیچے لایا جاتا ہے۔ ہم دونوں رات گئے گھر پہنچے تھے۔ اس سے زیادہ اکتا دینے والی رات شاید ہی کوئی ہو میری۔ ویسے تو میں نے 25 دسمبر 1998 سے، جب میرے برادر بزرگ مرزا محمد شفیق صاحب کا انتقال ہوگیا تھا، سال نو منانا چھوڑ دیا ہوا ہے۔
امریکہ اور یورپ میں اصل میں کرسمس تزک و احتشام سے منائی جاتی ہے۔ نیا سال تو پانچ روز کے بعد ہونے کی وجہ سے اس کا تسلسل ہوتا ہے۔ ان ملکوں میں نیا سال عموماََ باہر سڑکوں پر جیسے ٹائم سکوائر، لندن کے ٹرافالگر سکوائر، پیرس میں محراب فتح وغیرہ پر یا باروں اور ریستورانوں وغیرہ میں منایا جاتا ہے۔ اس کے برعکس چونکہ روس میں کرسمس نام کی کوئی تقریب ہے ہی نہیں، پرانی تقویم کے مطابق روس کا کلیسا حضرت عیسی کا یوم پیدائش 7 جنوری سمجھتا ہے، کمیونسٹوں کے زمانے میں یہ تقریب جو صرف گرجا گھروں میں منائی جاتی ہے ویسے ہی منانے نہیں دی جاتی تھی اس لیے روس میں نیا سال منانے کی ریت مضبوط ہے۔
نیا سال 31 جنوری کی رات سے لے کر 13 جنوری کی رات تک منایا جاتا ہے۔ آپ 13 جنوری کو پڑھ کر حیران ہوئے ہونگے جبکہ حیرانی کی بات ہے ہی نہیں جسطرح پرانی تقویم کے مطابق 7 جنوری دراصل 25 دسمبر ہے اسی طرح 13 جنوری 31 دسمبر ہے، اسی لیے روسی اس روز کو "ستارئے نوویے گود" یعنی پرانا نیا سال کہتے ہیں۔
روس میں نیا سال منائے جانے کی تقریب خالص گھریلو تقریب ہے اگرچہ حکومت کی جانب سے دلچسپی اور تفریح کے انتظامات باہر بھی کیے جاتے ہیں جیسے شہر بھر کو روشنیوں سے سجایا جاتا ہے۔ بچوں کے لیے جھولوں کو انتظام کیا جاتا ہے۔ بچوں اور بڑوں کے لیے شہر کے مرکز میں برف کے بلند " گھیسیا" یعنی بیٹھ کر پھسلنے والی ڈھلوانیں تعمیر کی جاتی ہیں۔ " کتوک" یعنی آئس ایرینا بنایا جاتا ہے جس میں بچے بڑے سب آئس سکیٹنگ کر سکتے ہیں۔ یہ سب 20 دسمبر سے ہی شروع کر دیا جاتا ہے۔ 31 دسمبر کی رات مختلف مقامات پر اور خاص طور پر ماسکو کے ریڈ سکوائر میں بہت بڑا کھلا کنسرٹ منعقد کیا جاتا ہے جس میں 12 بجے کے بعد تھوڑی دیر کے لیے سہی صدر مملکت بھی تشریف لاتے ہیں۔
گھروں میں لوگ 31 دسمبر سے پہلے ہی اپنے عزیزوں، رشتہ داروں اور دوستوں کو تحائف پہنچا دیتے ہیں کیونکہ نئے سال کی رات کو بہت سے لوگوں کے ہاں جانا ممکن نہیں ہوتا۔ خواتین گھر کی مکمل صفائی کرتی ہیں۔ پکوان تیار کرتی ہیں جن میں مختلف طرح کے سلاد، میٹھی چیزیں اور ہلاجیست شامل ہوتے ہیں۔
ہلاجیست جیلی میں بند گوشت کے ٹکڑوں کو کہتے ہیں۔ نئے سال سے پہلے الکحل اور بغیر الکحل کے مشروبات خرید لیے جاتے ہیں۔
اگر کوئی دوست بغیر کنبے کے ہے، اسے بھی مدعو کر لیا جاتا ہے بصورت دیگر گھر کے افراد کے لیے کھانے کی میز سجائی جاتی ہے۔ مرد تو عموماََ صبر نہیں کرتے اور سر شام ہی پینا شروع کر دیتے ہیں مگر خواتین تقریب کی تیاری کے سارے انتظامات نمٹا کر بہترین کپڑے پہن کر آ کے بیٹھتی ہیں اور تقریباََ گیارہ بجے رات سے سبھی آہستہ آہستہ پینا شروع کر دیتے ہیں۔ عورتیں عموماََ ہلکی شرابیں جیسے وائن، شیمپین وغیرہ لیتی ہیں مگر نئے سال کے پہنچتے پہنچتے جن ٹانک اور وادکا کے جام بھی لے لتی ہے۔ اس دوران ٹی وی کے مختلف چینلوں پر نئے سال کے خاص پروگرام دکھائے جا رہے ہوتے ہیں۔
11 بج کر 55 منٹ پر سب کی توجہ ٹی وی سکرین کی طرف ہو جاتی ہے جب قومی ترانہ بجایا جاتا ہے اور اعلان کے بعد ہاتھ میں شیمپین کا گلاس لیے صدر مملکت سکرین پر نمودار ہوتے ہیں، پس منظر باہر کا ہوتا ہے مگر دراصل یہ پہلے سے ریکارڈ شدہ تہنیتی تقریر ہوتی ہے۔ صدر مملکت سیاست سے متعلق ایک بھی لفظ استعمال کیے بغیر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہیں اور عین بارہ بجے "س نووم گودم" یعنی نئے سال کے ساتھ کہہ کر جام اٹھاتے ہیں۔ صدر کی تصویر محو ہو جاتی ہے اور گھڑیال چند سیکنڈ دکھا کر 12 بجے کا گھڑیال بجاتا ہے۔ سب کھڑے ہو کر ہاتھ میں مشروبات کے جام پکڑے ایک دوسرے کو س نووم گودم کہتے ہیں۔ ایک دوسرے سے گلے ملتے ہیں۔ مرد عورتوں کو اور عورتیں مردوں کو چومتے ہیں۔ پھر بہت سے لوگ بالکونیوں سے بلند آواز میں سبھوں کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہیں اور لوگ آتش بازی لے کر گھروں کے باہر آتش بازی چھوڑتے ہیں۔
اصل تقریب اب شروع ہوتی ہے۔ لوگ ایک دوسرے کے گھروں میں پہنچتے ہیں تاکہ مبارک باد دیں۔ کسی بھی گھر میں پہنچنے والے کے لیے کچھ نہ کچھ کھانا اور پینا لازم ہوتا ہے۔
رات کے بارہ بجے کے بعد سڑکوں پر مکمل سناٹا ہوتا ہے ماسوائے ایک دو آتے جاتے لوگوں کے۔ لوگ رات بھر گھروں کے اندر رہ کر شغل جاری رکھتے ہیں۔ پیتے ہیں، ہنستے ہیں، رقص کرتے ہیں۔ کہیں تین چار بجے جا کر سوتے ہیں اور یکم جنوری کو بارہ ایک بجے بیدار ہوتے ہیں۔
روس میں 31 دسمبر سے 8 جنوری تک سرکاری تعطیل ہوتی ہے۔