Saturday, 04 April 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mohsin Khalid Mohsin
  4. Shadi Ke Baghair Sex Kaise Karen?

Shadi Ke Baghair Sex Kaise Karen?

شادی کے بغیر سیکس کیسے کریں؟

شادی کے بغیر جنسی تعلقات کا سوال دراصل نوجوان کے ذہنی انتشار، سماجی دباؤ اور تہذیبی تبدیلیوں کا عکاس ہے۔ پاکستانی معاشرے میں یہ موضوع عموماً پردۂ اخفا میں رہتا ہے مگر عملی سطح پر یہ ایک انتہائی حساس اور پیچدہ مسئلہ ہے۔ نوجوانوں کے ذہن میں جنسی خواہش، مذہبی تعلیم، سماجی پابندی اور عالمی ثقافت کے اثرات باہم ٹکراتے رہتے ہیں۔ اس تصادم نے ایک ایسا خلا پیدا کیا ہے جہاں سوال تو بہت ہیں مگر رہنمائی نہ ہونے کے برابر ہے۔

اسلامی میں شادی کا تصور نہایت واضح اور منظم ہے۔ قرآن و سنت میں نکاح کو محض سماجی معاہدہ نہیں بلکہ ایک مقدس بندھن قرار دیا گیا ہے۔ نکاح کو نصف ایمان کہا گیا اس لیے کہ یہ انسان کو اخلاقی بے راہ روی سے بچاتا ہے اور نسلِ انسانی کے تحفظ کا ذریعہ بنتا ہے۔ اسلام میں جنسی تعلق صرف نکاح کے دائرے میں جائز ہے۔ اس کی بنیادی وجہ خاندانی نظام کا تحفظ، نسب کی حفاظت اور معاشرتی استحکام ہے۔ اسلامی نقطۂ نظر میں سیکس محض جسمانی تسکین نہیں بلکہ ذمہ داری، وفاداری اور حقوق و فرائض کا مجموعہ ہے۔

پاکستانی معاشرے میں شادی کا عرفِ عام مفہوم مذہبی تعلیمات سے کہیں وسیع اور بعض اوقات پیچیدہ نوعیت کر چکا ہے۔ یہاں شادی صرف دو افراد کا تعلق نہیں بلکہ دو خاندانوں کا معاہدہ بن جاتی ہے۔ جہیز، تقریبات کا بوجھ، سماجی اسٹیٹس اور مالی حیثیت کو اس قدر اہمیت دی جاتی ہے کہ نوجوان شادی سے گھبرانے لگتے ہیں۔ نتیجتاً تاخیرِ شادی بڑھ رہی ہے اور جنسی خواہش کے دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اگر مذہب سے ہٹ کر سائنس کی بات کی جائے تو ماہرینِ نفسیات اور ماہرین جنسیات کے نزدیک جنسی خواہش ایک فطری اور حیاتیاتی ضرورت ہے۔ بلوغت کے بعد جسم میں ہارمونز کی تبدیلی انسان کو جنسی میلان کی طرف مائل کرتی ہے۔ سائنسی تحقیق یہ بتاتی ہے کہ صحت مند اور ذمہ دارانہ جنسی تعلق انسان کی ذہنی اور جسمانی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے بشرطیکہ اس میں رضامندی، تحفظ اور جذباتی توازن موجود ہو۔ تاہم سائنس یہ بھی واضح کرتی ہے کہ غیر محفوظ یا غیر ذمہ دارانہ تعلقات (مصنوعی طریقہ جنس) جنسی بیماریوں، ذہنی دباؤ اور سماجی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

بیشتر مغربی ممالک شادی کے بغیر باہمی رضامندی سے جنسی تعلق کو قانونی طور پر جرم نہیں سمجھتے۔ وہاں "لِو اِن ریلیشن شپ" اور "ڈیٹنگ کا کلچر" عام ہے۔ مگر یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ ان معاشروں میں "خاندانی نظام کے مسائل، سنگل پیرنٹنگ، جذباتی عدم استحکام"جیسے چیلنجز بھی موجود ہیں۔ اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ مکمل آزادی ہر مسئلے کا حل ہے۔

مُشت زنی اور پورنوگرافی (ننگی وڈیوز دیکھ کر جنسی خواہش پوری کرنا) کا معاملہ بھی نوجوانوں میں زیرِ بحث رہتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق مُشت زنی (انسانی ہاتھ کے ذریعے جنسی تسکین حاصل کرنا) ایک عام حیاتیاتی (بائیولوجیکل) عمل ہے تاہم اس کی کثرت یا اس پر نفسیاتی انحصار نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ پورنوگرافی کے بارے میں جدید تحقیق یہ بتاتی ہے کہ اس کی لت دماغی ساخت اور تعلقات کے تصور کو متاثر کر سکتی ہے۔ یہ غیر حقیقی توقعات پیدا کرتی ہے اور بعض اوقات حقیقی ازواجی تعلق (ہارمونل ویک نس) کو کمزور بنا دیتی ہے۔ مذہبی نقطۂ نظر سے یہ دونوں مذکورہ اُمور ممنوع یا ناپسندیدہ سمجھے جاتے ہیں کیونکہ یہ انسان کو عملی بے راہ روی یا ذہنی خلجان کی طرف لے جا سکتے ہیں۔

پاکستان میں خفیہ طور پر جسم فروشی اور جنسی خدمات کی فراہمی کا وجود کسی سے پوشیدہ نہیں مگر یہ سب غیر قانونی اور استحصالی نظام کے تحت چلتا ہے۔ اس میں اکثر غربت، مجبوری اور انسانی اسمگلنگ جیسے عوامل شامل ہوتے ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف اخلاقی بلکہ انسانی حقوق کا بھی مسئلہ ہے۔ اس کے ساتھ ہم جنس پرستی (گے اور لیسبین تعلقات) کا تصور بھی عالمی سطح پر زیرِ بحث ہے۔

بعض ممالک میں اسے قانونی حیثیت حاصل ہے مگر پاکستان جیسے مذہبی معاشرے میں یہ قانونی اور سماجی طور پر قابلِ قبول نہیں۔ اس مسئلے پر مکالمہ عموماً جذباتی انداز میں ہوتا ہے حالانکہ اسے انسانی نفسیات، مذہبی تعلیمات اور سماجی اقدار کے تناظر میں سنجیدگی سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔

شادی کیوں ضروری ہے؟ اس کا جواب صرف مذہب میں نہیں بلکہ سماجیات میں بھی ملتا ہے۔ شادی نسل کی بقا، بچوں کی پرورش اور معاشرتی استحکام کا ایک منظم ڈھانچہ فراہم کرتی ہے۔ یہ جنسی تعلق کو ذمہ داری، محبت اور تحفظ کے دائرے میں لاتی ہے۔ آزاد تعلق جُزوقتی تسکین دے سکتا ہے مگر پائیدار جنسی نظام فراہم نہیں کرتا۔

نوجوان سیکس کے معاملے میں واقعی ذہنی کشمکش کا شکار ہیں۔ ایک طرف میڈیا اور انٹرنیٹ کے ذریعے ہر قسم کا مواد دستیاب ہے اور دوسری طرف گھر اور معاشرہ اس موضوع پر کھل کر بات نہیں کرتے۔ نتیجتاً نوجوان یا تو غلط ذرائع سے معلومات حاصل کرتے ہیں یا خفیہ تجربات کی طرف مائل ہو جاتے ہیں۔ بعض اوقات یہ حدیں پار کرنے تک جا پہنچتے ہیں جس کے نتائج میں بلیک میلنگ، ہراسمنٹ، نیم رضا مندی، زبردستی یا نفسیاتی دباؤ شامل ہو سکتا ہے۔

حکومت کا کردار یہاں نہایت اہم ہے۔ سب سے پہلے جامع اور اخلاقی بنیادوں پر مبنی جنسی تعلیم (Sex Education) کو نصاب کا حصہ بنانا چاہیے تاکہ نوجوان حیاتیاتی، اخلاقی اور سماجی پہلوؤں سے آگاہ ہوں۔ شادی کو آسان بنانے کے لیے سماجی مہمات چلائی جائیں۔ شادی کو آسان کرنے کے لیے جہیز اور غیر ضروری رسومات کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ ساتھ ہی غیر قانونی اور جنسی استحصالی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر قانون نافذ کیا جائے۔

پاکستانی معاشرہ اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتا۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں سے اس موضوع پر اعتماد کے ساتھ گفتگو کریں۔ مذہبی رہنماؤں کو اعتدال پسند اور حکیمانہ انداز اپنانا چاہیے۔ میڈیا کو سنسنی خیزی کے بجائے آگاہی پر توجہ دینی چاہیے۔

یہ سمجھنا ضروری ہے کہ سیکس نہ تو محض گناہ کا عنوان ہے اور نہ ہی محض تفریح کا سامان۔ یہ ایک طاقتور انسانی جذبہ ہے جسے ذمہ داری، اخلاق اور شعور کے ساتھ منظم کرنا ضروری ہے۔ اسلامی تعلیمات شادی کو اس جذبے کا محفوظ اور باوقار راستہ قرار دیتی ہیں۔ اگر ہم خاندانی نظام کو مضبوط اور شادی کو آسان بنا دیں تو جنسی تسکین سے متعلقہ بہت سے مسائل 90 فیصد کم ہوسکتے ہیں۔

یہ مسئلہ محض جسم کا نہیں، تہذیب اور ذمہ داری کا بھی ہے۔ اس معاملے میں ہمیں جھجک اور شرم کو پشِ پُشت رکھ کر جرات اور حوصلہ سے اپنے بچوں کو یہ بتانا ہوگا کہ سیکس کیا ہے اور اس کی مذہب اور معاشرے میں کیا اہمیت ہے اور اسے کس طرح جائز اور قانونی طریقے سے اَویل کیا جاسکتا ہے۔ والدین، اساتذہ اور مذہب کے مبلغین اگر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو سیکس سے متعلقہ مسائل کو ممکنہ حد تک ختم کیا جاسکتا ہے۔

کہتے ہیں بزرگ مزہ لیتے ہیں اور بچے سسکتے رہتے ہیں۔ خدا کے لیے بزرگی کو اُتارئیے او ربچوں کے لیے راہ ہموار کیجیے کہ یہ جذبہ وحدانیت کی اطاعت کےبعد سب سے بڑا جذبہ ہے جس کے آگے کوئی چیز نہیں ٹھہر سکتی۔

Check Also

Shadi Ke Baghair Sex Kaise Karen?

By Mohsin Khalid Mohsin