Monday, 06 April 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mohsin Khalid Mohsin
  4. Pakistani Samaj Ki Ikhlaqi Iqdar Ki Zaboon Hali

Pakistani Samaj Ki Ikhlaqi Iqdar Ki Zaboon Hali

پاکستانی سماج کی اخلاقی اقدار کی زبوں حالی

پاکستانی سماج ایک مضبوط تہذیب، مضبوط خاندانی روابط، مہمان نوازی اور مذہبی وابستگیوں کا حامل رہا ہے۔ ہماری اقدار نے نہ صرف فرد کی زندگی کو معنی دیے بلکہ معاشرے کو ایک اخلاقی ڈھانچے میں مقید کیے رکھا۔ لیکن موجودہ دور میں جہاں گلوبلائزیشن، میڈیا، ٹیکنالوجی اور مادی خواہشات نے ہر معاشرے پر اثر ڈالا ہے۔ وہاں یہ سوال بنتا ہے، کیا پاکستانی سماج کی اقدار ختم ہو چکی ہیں؟

اگر ہم پاکستان کے موجودہ معاشرتی رجحانات کا بغور جائزہ لیں تو واضح ہوتا ہے کہ ایک طرف شاید اخلاقی اُصول مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے مگر دوسری طرف وہ کمزور ضرور ہوئے ہیں۔ ہماری روایتی اقدار جیسے "عزت، اخلاق خاندانی یکجہتی اور معاشرتی احترام" اب گزشتہ ادوار جیسی مضبوط حالت میں نہیں رہیں۔

پاکستانی معاشرہ ابتدا ہی سے مذہبی خاندانی تعلقات اور اجتماعی تعاون پر منحصر رہا ہے۔ ایک عام پاکستانی گھرانے میں بزرگوں کی عزت، بڑوں کا احترام، عدل و انصاف اور دوسروں کی مدد جیسے اصول مثالی طور پر سکھائے جاتے ہیں۔ اسلامی تعلیمات کی بدولت ہماری اقدار نے زندگی کے ہر پہلو کو راہ نمائی فراہم کی۔ سچ بولنا، محنت، رواداری اور احسان کا بدلہ احسان ہماری شناخت کا حصہ رہا ہے۔

آج کے دور میں جدید رجحانات اور میڈیا کے اثرات نے ان اخلاقی اُصولوں کو کمزور کیا ہے۔ انٹرنیٹ، ڈراموں، اشتہارات اور سماجی میڈیا نے بہت سی ایسی اقدار کو فروغ دیا ہے جو صرف تفریحی یا مادی فوائد تک محدود ہیں۔ لائکس اور فالوورز کے پیچھے بھاگنا ذہنی تناؤ اور اخلاقی بے حِسی پیدا کر رہا ہے۔

اگر ہم عالمی سماج کا تقابل کریں تو مغربی معاشروں میں شروع ہونے والا اخلاقی بحران اب پوری دُنیا میں پھیل رہا ہے۔ امریکہ یورپ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں بھی خاندانی اقدار، روایتی اخلاق اور مشترکہ سماجی اُصول کئی حد تک کمزور ہوئے ہیں۔ جہاں مادیت اور انفرادیت پر زور بڑھا، وہاں خاندانی ہم آہنگی کمیونٹی تعاون اور اخلاقی اصولوں میں کمی واقع ہوئی۔

پاکستانی سماج کی انفرادیت یہ ہے کہ یہاں مذہبی اور اجتماعی روایات اب بھی کمزور صورت میں موجود ہیں۔ دُنیا کے بہت سے ممالک میں مذہبی روایات اور خاندانی اقدار پسِ پُشت چلی گئیں جبکہ پاکستان میں ابھی بھی ان کا اثر باقی ہے۔ اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستانی سماج مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے مگر ہم یقیناً زوال کے راستے پر تیزی سے گامزن ہیں۔

اکیسویں صدی کے گلوبلائزیشن اور میڈیا دور نے نوجوانوں کی ذہنیت کو بدل دیا ہے۔ نئی نسل مغربی ثقافت کے رجحانات کی طرف تیزی سے مائل ہو رہی ہے جس کا اثر روایتی اخلاق پر پڑ رہا ہے۔ خاندانی روابط کمزور ہوئے ہیں کیونکہ مصروفیات اور معاشی دوڑ نے گھریلو زندگی کو متاثر کیا ہے۔ تعلیم میں کردار سازی کے بجائے صرف پیشہ ورانہ کامیابی پر زور دیا جا رہا ہے۔ معاشی مشکلات نے بھی لوگوں کو ذاتی مفاد پرستی کی طرف دھکیل دیا ہے جس سے اجتماعی ذمہ داری کم ہو رہی ہے۔

یہ حقیقت ہے کہ اگر ہم اپنی کمزوریوں کا ادراک نہ کریں تو سماجی زوال مزید بڑھ جائے گا۔ پاکستانی معاشرہ ابھی مکمل طور پر تباہ نہیں ہوا مگر اس کا ڈھانچہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ ہمیں ذہنی طور پر یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ہم ایک اخلاقی بحران سے گزر رہے ہیں۔ شکست کو تسلیم کرنا دراصل اصلاح کی پہلی سیڑھی ہے۔

بچاؤ کا راستہ خاندان سے شروع ہوتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کی اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ تعلیمی اداروں میں اخلاقی تعلیم کو مضبوط کیا جائے۔ میڈیا کو ذمہ دار بنایا جائے کہ وہ ایسی اقدار کو فروغ دے جو معاشرتی بہتری کا سبب بنیں۔ مذہبی اور سماجی رہنما نوجوانوں کی رہنمائی کریں اور انہیں مثبت طرزِ حیات کی طرف راغب کریں۔

پاکستانی سماج کی روایتی اقدار مکمل طور پر ختم نہیں ہوئیں مگر ان کی بنیادیں ہل چکی ہیں۔ اگر ہم نے اجتماعی طور پر سنجیدہ کوشش نہ کی تو یہ معاشرہ دُنیا کے زوال پذیر معاشروں کی صف میں کھڑا ہو سکتا ہے۔ اگر ہم نے اپنی اخلاقی میراث کو دوبارہ زندہ کرنا ہے تو ہمیں بہ حیثیتِ قوم کردار سازی کو ترجیح دینی ہوگی اور سماجی انصاف کو فروغ دینا ہوگا۔ اسی صوت میں پاکستانی معاشرہ نہ صرف سنبھل سکتا ہے بلکہ ایک مثالی معاشرے کے جملہ تقاضوں پر پورا اُتر سکتا ہے۔

Check Also

Empathy

By Syed Jawad Hussain Rizvi