Pakistani Muashre Mein Talaq Ka Barhta Rujhan
پاکستانی معاشرے میں طلاق کا بڑھتا رُجحان

پاکستانی معاشرے میں طلاق کا بڑھتا رُجحان ایک سنجیدہ سماجی مسئلہ بنتا جا رہا ہے جس کے اثرات صرف میاں بیوی تک محدود نہیں رہتے بلکہ خاندان بچوں اور پورے سماجی ڈھانچے کو متاثر کرتے ہیں۔ طلاق سے مراد ازواجی رشتے کا باقاعدہ خاتمہ ہے جو بظاہر ایک قانونی اور مذہبی عمل ہے مگر اس کے پیچھے کارفرما عوامل نہایت پیچیدہ اور کثیرالجہتی ہیں۔ اگر اس مسئلے کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اس کے اسباب مذہبی فہم کی کمی معاشرتی، دباؤ سیاسی، معاشی ناہمواری اور نجی جذباتی ناپختگی وغیرہ ہیں۔
مذہبی اعتبار سے دیکھا جائے تو اسلام میں طلاق کو ناپسندیدہ عمل قرار دیا گیا ہے اور اسے آخری حل کے طور پر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ اس کے باوجود ہمارے معاشرے میں طلاق کا طریقہ کار اکثر جہالت اور غلط فہمیوں کا شکار ہے۔ بہت سے لوگ غصے یا وقتی جذبات میں آ کر طلاق دے دیتے ہیں جبکہ انہیں اس کے شرعی تقاضوں کا علم نہیں ہوتا۔ ایک ہی وقت میں تین طلاقیں دینا یا عدت کے احکام کو نظر انداز کرنا نہ صرف دینی اُصولوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس کے نتیجے میں خاندان ٹوٹتے ہیں اور بچوں کا مستقبل غیر یقینی ہو جاتا ہے۔ مذہبی تعلیمات کی صحیح سمجھ نہ ہونے کے باعث لوگ شکوک و شبہات کا شکار رہتے ہیں۔ علماء سے رہنمائی کی بجائے غیر مستند ذرائع سے معلومات حاصل کرتے ہیں جس سے مسائل مزید پیچیدہ ہو جاتے ہیں۔
معاشرتی سطح پر طلاق کی ایک بڑی وجہ خاندانی نظام میں بگاڑ ہے۔ مشترکہ خاندانی نظام میں ساس بہو کے جھگڑے یا دیگر رشتہ داروں کی مداخلت اکثر میاں بیوی کے تعلقات کو خراب کر دیتی ہے۔ والدین کا بے جا دباؤ اور بہن بھائیوں کی زبردستی بھی اس رشتے میں دراڑ ڈالتی ہے۔ بعض اوقات لڑکی یا لڑکے کو اپنی مرضی کے خلاف شادی پر مجبور کیا جاتا ہے جس کا نتیجہ بعد میں علیحدگی کی صورت میں نکلتا ہے۔ اس کے علاوہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی مادیت پسندی نے بھی ازواجی تعلق کو ایک بوجھ بنا دیا ہے جہاں محبت اور برداشت کی بجائے مفادات کو ترجیح دی جاتی ہے۔
سیاسی اور سماجی حالات بھی اس مسئلے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ ملک میں بڑھتی ہوئی بے یقینی، مہنگائی اور عدم استحکام نے گھریلو زندگی کو متاثر کیا ہے۔ جب ایک شخص معاشی دباؤ کا شکار ہوتا ہے تو اس کا اثر اس کے رویے پر پڑتا ہے اور وہ اپنے قریبی رشتوں میں بھی چڑچڑا پن اور عدم برداشت کا مظاہرہ کرتا ہے۔ اس طرح معمولی تنازعات بھی سنگین شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ سماجی میڈیا نے بھی اس مسئلے کو ایک نئی جہت دی ہے جہاں غیر حقیقی توقعات اور دوسروں کی زندگیوں سے موازنہ ازواجی تعلقات میں بے اطمینانی پیدا کرتا ہے۔
اقتصادی عوامل طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کم آمدنی اور بے روزگاری ازواجی زندگی کو شدید متاثر کرتی ہے۔ جب گھر کے اخراجات پورے نہ ہوں تو میاں بیوی کے درمیان جھگڑے بڑھ جاتے ہیں۔ بعض اوقات خواتین کو بھی معاشی مجبوری کے تحت کام کرنا پڑتا ہے جسے بعض مرد اپنی اَنا کا مسئلہ بنا لیتے ہیں۔ اس کے برعکس جہاں خواتین خودمختار ہوتی ہیں وہاں وہ ظلم اور ناانصافی کو برداشت کرنے کی بجائے علیحدگی کو ترجیح دیتی ہیں۔ یوں معاشی عدم توازن دونوں صورتوں میں طلاق کا سبب بن سکتا ہے۔
نجی اور جذباتی عوامل بھی اس مسئلے کی جڑ ہیں۔ ہمارے معاشرے میں نوجوانوں کو شادی سے پہلے ازواجی زندگی کے بارے میں کوئی عملی تربیت نہیں دی جاتی۔ جذباتی ناپختگی اور برداشت کی کمی کے باعث وہ چھوٹے چھوٹے مسائل کو حل کرنے کی بجائے علیحدگی کا راستہ اختیار کر لیتے ہیں۔ اَنا پرستی اور ضِد بھی تعلقات کو خراب کرتی ہے۔ بعض لوگ شرافت کے نام پر خاموشی اختیار کرتے ہیں جبکہ دوسرے چالاکی سے حالات کو اپنے حق میں استعمال کرتے ہیں جس سے عدم اعتماد بڑھتا ہے اور رشتہ ٹوٹنے کے قریب پہنچ جاتا ہے۔
طلاق کے بعد سب سے زیادہ متاثر بچے ہوتے ہیں۔ ان کی ذِمہ داری کا تعین ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے اور اکثر وہ والدین کی کشمکش کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ان کی تعلیم تربیت اور ذہنی نشوونما متاثر ہوتی ہے اور وہ عدم تحفظ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ بعض صورتوں میں بچے ماں یا باپ میں سے کسی ایک سے دور ہو جاتے ہیں جس سے ان کی شخصیت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ طلاق کے بعد بچوں کے مستقبل کی منصوبہ بندی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے جس سے ایک نئی نسل مسائل کا شکار ہو جاتی ہے۔
ایک اور تشویشناک پہلو عدت کے دوران اور اس کے بعد غیر اخلاقی تعلقات کا بڑھتا ہوا رُجحان ہے۔ یہ نہ صرف مذہبی اُصولوں کے خلاف ہے بلکہ معاشرتی اقدار کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ بعض افراد طلاق کو آزادی سمجھ کر غیر ذِمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہیں جس سے معاشرے میں بے راہ روی پھیلتی ہے۔ یہ رُجحان خاص طور پر شہری علاقوں میں زیادہ نمایاں ہے جہاں روایتی اقدار کمزور پڑ رہی ہیں۔
اکیسویں صدی میں جہاں شعور اور تعلیم میں اضافہ ہونا چاہیے تھا وہاں طلاق کے مسائل نے ایک نئی شکل اختیار کر لی ہے۔ تعلیم کی کمی اور جہالت اب بھی ایک بڑا مسئلہ ہے جبکہ دوسری طرف تعلیم یافتہ طبقہ بھی برداشت اور سمجھداری کا مظاہرہ نہیں کر رہا۔ جدید طرزِ زندگی نے سہولتیں تو فراہم کی ہیں مگر رشتوں کی مضبوطی کو کمزور کر دیا ہے۔ لوگ فوری فیصلے کرنے کے عادی ہو گئے ہیں، صبر و تحمل جیسی اقدار کم ہوتی جا رہی ہیں۔
اس صورتحال کا حل صرف قانونی اقدامات میں نہیں بلکہ سماجی اور فکری اصلاح میں پوشیدہ ہے۔ سب سے پہلے مذہبی تعلیمات کو صحیح انداز میں سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ نکاح سے پہلے تربیتی پروگرام متعارف کروائے جائیں تاکہ نوجوان ازواجی زندگی کی ذِمہ داریوں کو سمجھ سکیں۔ خاندانوں کو چاہیے کہ وہ میاں بیوی کے معاملات میں غیر ضروری مداخلت سے گُریز کریں۔ معاشی استحکام کے لیے روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں اور مہنگائی پر قابو پایا جائے تاکہ گھریلو دباؤ کم ہو۔
تعلیم کو عام کرنا بھی نہایت ضروری ہے کیونکہ تعلیم انسان کو برداشت اور سمجھداری سکھاتی ہے۔ میڈیا کو چاہیے کہ وہ مثبت کردار ادا کرے اور طلاق کو ایک عام یا آسان حل کے طور پر پیش نہ کرے بلکہ رشتوں کی اہمیت کو اُجاگر کرے۔ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر قوانین اور ان پر عملدرآمد بھی ضروری ہے تاکہ وہ اس عمل کا شکار نہ بنیں۔
یہ سمجھنا ضروری ہے کہ طلاق ایک حل تو ہو سکتی ہے مگر یہ آخری حل ہونا چاہیے نہ کہ پہلا قدم۔ اگر ہم اپنے رویوں میں توازن، برداشت اور ذِمہ داری پیدا کر لیں تو بہت سے گھر ٹوٹنے سے بچ سکتے ہیں۔ پاکستانی معاشرہ ابھی بھی خاندانی نظام کی مضبوطی کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔ اس شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے ہمیں سنجیدگی سے اس مسئلے کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

