Monday, 13 April 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mohsin Khalid Mohsin
  4. Pakistani Muashre Ki Tashkeel Mein Motivational Speaker Ka Kirdar

Pakistani Muashre Ki Tashkeel Mein Motivational Speaker Ka Kirdar

پاکستانی معاشرے کی تشکیل میں موٹی ویشنل اسپیکر کا کردار

پاکستانی معاشرہ ایک ایسا معاشرہ ہے جس کی بنیاد مشرقی اقدار، خاندانی نظام، مذہبی وابستگی، اجتماعی شعور اور روایتی سماجی بندھنوں پر قائم ہے۔ یہاں فرد کی شناخت صرف ذاتی نہیں بلکہ خاندانی، مذہبی اور معاشرتی حوالوں سے بھی متعین ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی سماج میں کردار سازی، اخلاقی تربیت اور ذہنی رہنمائی ہمیشہ سے اہم رہی ہے۔ ماضی میں یہ ذمہ داری والدین، اساتذہ، علما، صوفیا اور ادبا ادا کرتے تھے، دورِ جدید میں اس خلا کو جزوی طور پر "موٹی ویشنل اسپیکرز" نے پُر کیا ہے۔ آج پاکستان میں موٹی ویشنل اسپیکنگ ایک سماجی، فکری اور ڈیجیٹل رُجحان بن چکی ہے جو نوجوانوں کی سوچ، طرزِ زندگی اور کامیابی کے تصورات پر اثر انداز ہو رہی ہے۔

موٹی ویشنل اسپیکر کی اصطلاح انگریزی کے لفظ "Motivation" سے نکلی ہے جس کا مطلب ہے "تحریک، ترغیب یا ذہنی آمادگی"۔ موٹی ویشنل اسپیکر وہ شخص ہوتا ہے جو اپنی گفتگو، تجربات، مثالوں اور نفسیاتی اندازِ بیان سے لوگوں کو متحرک کرے، ان میں اُمید پیدا کرے اور ان کے اندر کامیابی یا خود اعتمادی کی خواہش بیدار کرے۔ جدید مغربی دُنیا میں اس میدان کو منظم شکل دینے والوں میں Dale Carnegie کو نمایاں مقام حاصل ہے جنہوں نے عوامی خطابت، خود اعتمادی اور کامیابی کے نفسیاتی اُصولوں کو عام کیا۔ بعد ازاں Tony Robbins اور دیگر مقررین نے اسے عالمی صنعت کی شکل دی۔

پاکستان میں موٹی ویشنل اسپیکنگ کا باقاعدہ فروغ اکیسویں صدی کے دوسرے عشرے میں ہوا جب سوشل میڈیا، یوٹیوب اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے اس صنف کو عوام تک پہنچایا۔ اگرچہ اس سے قبل تعلیمی اداروں اور کارپوریٹ تربیتی پروگراموں میں تربیتی لیکچر موجود تھےمگر انہیں عوامی تحریک کی صورت دینے میں ڈیجیٹل میڈیا نے بنیادی کردار ادا کیا۔ کئی تجزیہ نگار اس رجحان کے پھیلاؤ کو پاکستان میں نوجوان آبادی کے بڑھتے ہوئے تناسب، بے روزگاری، تعلیمی دباؤ اور سماجی بے یقینی سے جوڑتے ہیں۔

پاکستان میں اس رجحان کو عام کرنے والوں میں قاسم علی شاہ، قیصر عباس، منیبہ، عمیر، ڈاکٹر جاوید اقبال، منور علی بلوچ، عارف انیس، ولی زاہد، جاوید چودھری اور اُسامہ گلزاری نام نمایاں ہیں۔ ان مقررین نے نوجوانوں کو خود شناسی، وقت کی قدر، شخصیت سازی، قیادت، مطالعے کی عادت اور سماجی ذمہ داری جیسے موضوعات پر گفتگو کے ذریعے متاثر کیا۔

پاکستانی معاشرے میں موٹی ویشنل اسپیکرز کے کردار کو سمجھنے کے لیے یہ دیکھنا ضروری ہے کہ ہمارا معاشرہ کن مسائل سے دوچار ہے۔ یہاں نوجوانوں کی بڑی تعداد احساسِ محرومی، معاشی دباؤ، خاندانی توقعات، تعلیمی مقابلے اور سماجی اضطراب کا شکار ہے۔ ایسے ماحول میں موٹی ویشنل اسپیکرز اُمید، حوصلہ اور متبادل ذہنی بیانیہ فراہم کرتے ہیں۔ وہ نوجوان کو یہ باور کراتے ہیں کہ ناکامی اختتام نہیں بلکہ نئی شروعات ہے۔ غربت رکاوٹ ضرور ہے مگر تقدیر نہیں نیز شخصیت کی تعمیر مسلسل جدوجہد سے ممکن ہے۔ نفسیاتی تحقیق سے بھی ظاہر ہوا ہے کہ موٹی ویشنل تقاریر نوجوانوں کی اندرونی تحریک اور نفسیاتی اطمینان پر مثبت اثر ڈال سکتی ہیں۔

پاکستانی معاشرے کے سدھار میں ان کا ایک اہم کردار یہ ہے کہ انہوں نے مطالعے، تربیت اور خود احتسابی کے رجحان کو فروغ دیا۔ ایسے بہت سے نوجوان جو کتاب سے دور تھے، موٹی ویشنل اسپیکرز کے ذریعے مطالعے کی طرف راغب ہوئے۔ کامیابی، نفسیات، تاریخ اور مذہب پر مبنی کتب کی طلب میں اضافہ اسی رجحان کا نتیجہ ہے۔ مزید یہ کہ سیمینار کلچر، یوتھ ورکشاپس اور سافٹ اسکلز ٹریننگ کا فروغ بھی بڑی حد تک اسی تحریک کا مرہونِ منت ہے۔

اسی طرح ان مقررین نے خواتین، معذور افراد اور پسماندہ طبقات کے لیے بھی حوصلہ افزا مثالیں فراہم کیں۔ منیبہ مزاری جیسے مقررین نے جسمانی معذوری کو قوت میں بدلنے کا بیانیہ دیا اور خواتین کو سماجی رکاوٹوں کے باوجود آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔ اس سے پاکستانی سماج میں "مظلومیت" کی بجائے "مزاحمت" اور "احتمال" کا تصور مضبوط ہوا۔

اس رجحان کو تنقیدی زاویے سے دیکھیں تو بعض ناقدین کے مطابق موٹی ویشنل اسپیکنگ کا ایک پہلو سطحی خوش فہمی اور "ٹاکسک پازیٹوٹی" بھی پیدا کرتا ہے جہاں ہر مسئلے کو صرف فرد کی محنت یا ذہنیت کا مسئلہ بنا کر پیش کیا جاتا ہے جبکہ اصل معاشی، سیاسی اور تہذبی مسائل نظر انداز ہو جاتے ہیں۔ کچھ سماجی مبصرین کا خیال ہے کہ یہ صنعت بعض اوقات اجتماعی بحرانوں کو فرد کی کمزوری قرار دے کر عملی نفاز کی ناانصافیوں سے توجہ ہٹا دیتی ہے۔

یہ تنقید اپنی جگہ درست ہو سکتی ہے مگر اس سے موٹی ویشنل اسپیکرز کی مجموعی افادیت ختم نہیں ہوتی۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر معاشرے میں جہاں کیریئر کونسلنگ، نفسیاتی رہنمائی اور سماجی کوچنگ کا باضابطہ نظام کمزور ہے، وہاں موٹی ویشنل اسپیکرز نے غیر رسمی تربیتی ادارے کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو خواب دیکھنے، منصوبہ بندی کرنے اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے کا درس دیا۔

معروف فلسفی William James کا قول ہے: "انسان کی سب سے بڑی دریافت یہ ہے کہ وہ اپنے رویے بدل کر اپنی زندگی بدل سکتا ہے"۔

اسی طرح Napoleon Hill نے کہا تھا: "Whatever the mind can conceive and believe، it can achieve. "

یعنی انسان جس چیز کا تصور اور یقین کرے، اسے حاصل کر سکتا ہے۔

مذکورہ مفصل تمہید سے ہم یہ نتیجہ اخذ کر سکتے ہیں کہ پاکستانی معاشرے کی تشکیل میں موٹی ویشنل اسپیکرز نے ایک نئے فکری طبقے کے طور پر اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو روایتی مایوسی، احساسِ محرومی اور تقدیر پرستی سے نکال کر خود احتسابی، محنت اور خود اعتمادی کے بیانیے سے روشناس کرایا۔ اگرچہ اس میدان میں مبالغہ، کاروباری مفاد اور سطحیت جیسے مسائل بھی موجود ہیں اس کے باوجود متوازن، علمی اور بااخلاق موٹی ویشنل اسپیکنگ پاکستانی معاشرے کی فکری تعمیر میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔

مختصر یہ کہ موٹی ویشنل اسپیکر جدید پاکستانی معاشرے کے "غیر رسمی معلم" بن چکے ہیں۔ وہ نصاب سے ماورا زندگی کا سبق پڑھاتے ہیں، شکست خوردہ ذہنوں میں اُمید جگاتے ہیں یہی ان کا سب سے بڑا سماجی کردار ہے۔

Check Also

Tareekh e Aqwam e Aalam

By Rao Manzar Hayat