Kya Amarat Aur Ghurbat Sirf Dolat Se Hai?
کیا امارت اور غربت صرف دولت سے ہے؟

دُنیا کی لُغت میں "امیری" اور "غریبی" دو ایسے الفاظ ہیں جو بظاہر دولت اور وسائل کے گرد گھومتے دکھائی دیتے ہیں مگر حقیقت اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ کیا صرف بینک بیلنس، جائیداد اور اثاثے ہی امیری کی علامت ہیں؟ یا علم، کردار، صحت، صلاحیتیں اور سماجی وقار بھی امارت کے پیمانے ہیں؟ اگر کسی کے پاس پیسہ ہو مگر سکون نہ ہو اور کسی کے پاس کم وسائل ہوں مگر اطمینانِ قلب اور عزتِ نفس ہو تو کون امیر ہے اور کون غریب؟
اِسلام میں اصل امیری دل کے "غنا" کو قرار دیا گیا ہے۔ حضرت محمد ﷺ کا ارشاد ہے: "اصل غنا دل کا غنا ہے"۔ قرآنِ مجید دولت کو آزمائش قرار دیتا ہے نہ کہ فضیلت کا حتمی معیار۔ زکوٰۃ، صدقہ اور انفاق جیسے احکام اس بات کا ثبوت ہیں کہ دولت ایک سماجی امانت ہے مطلق اختیار نہیں۔ عیسائیت میں حضرت عیسیٰؑ سے منسوب قول ہے کہ "دولت کا غرور انسان کو روحانی کامیابی سے دور کر دیتا ہے"۔ بدھ مت میں "خواہشات کو دُکھ کی جڑ" کہا گیا ہے لہٰذا اصل امیری خواہشات پر قابو پانے میں ہے۔ ہندو دھرم میں "ارتھ" (دولت) کو تسلیم کیا گیا ہے مگر "دھرم" کے تابع رکھا گیا ہے۔ گویا مذاہب دولت کی اہمیت سے انکار نہیں کرتے مگر اسے اخلاق اور روحانیت سے بالاتر بھی نہیں سمجھتے۔
مختلف معاشروں میں امیری کے معیارات بدل جاتے ہیں۔ مغربی سرمایہ دار معاشروں میں دولت، طاقت اور طرزِ زندگی کو کامیابی کی علامت سمجھا جاتا ہے جبکہ مشرقی معاشروں میں خاندانی نظام، سماجی عزت اور تعلیم کو بھی نمایاں اہمیت حاصل ہے۔ United Nations Development Programme کی انسانی ترقی کی رپورٹس کے مطابق: "غربت صرف آمدنی کی کمی نہیں بلکہ تعلیم، صحت اور معیارِ زندگی کی محرومی کا نام ہے"۔ اسی لیے "کثیر جہتی غربت" کی اصطلاح سامنے آئی جس میں علم، غذائیت، صاف پانی اور رہائش جیسے عوامل شامل ہیں۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو ایک شخص مالی طور پر متوسط ہو کر بھی انسانی ترقی کے کئی اشاریوں میں امیر ہو سکتا ہے۔
یہ سوال اہم ہے کہ اصل امیری دولت ہے یا صلاحیت؟ تاریخ میں بے شمار افراد نے غربت سے اُٹھ کر اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر مقام حاصل کیا۔ Bill Gates اور Elon Musk جیسے نام اکثر مثال کے طور پر پیش کیے جاتے ہیں مگر ان کے پیچھے تعلیم، مواقع اور سازگار ماحول بھی تھا۔ اگر کسی معاشرے میں معیاری تعلیم اور منصفانہ مواقع میسر نہ ہوں تو صلاحیتیں دب کر رہ جاتی ہیں۔ اس لیے امیری صرف ذاتی محنت نہیں بلکہ اجتماعی نظام کا بھی نتیجہ ہے۔
ریاستی پالیسیاں امیری اور غریبی کے فرق کو کم یا زیادہ کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ ٹیکس کا منصفانہ نظام، تعلیم تک یکساں رسائی، صحت کی سہولتیں اور روزگار کے مواقع معاشی تفاوت کو متوازن بنا سکتے ہیں۔ جہاں بدعنوانی، اقربا پروری اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہو، وہاں دولت چند ہاتھوں میں سمٹ جاتی ہے۔ عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق: "دنیا میں دولت کا بڑا حصہ محدود طبقے کے پاس مرتکز ہے"جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ معاشی ناہمواری محض فرد کی محنت یا سُستی کا نتیجہ نہیں بلکہ طبقاتی تفاوت کے خلجان کا بھی شاخسانہ ہے۔
جائز اور ناجائز امارت کا تصور بھی اہم ہے۔ اسلامی اور اخلاقی نقطۂ نظر سے حلال کمائی باعثِ برکت ہے جبکہ رشوت، کرپشن اور استحصال سے حاصل شدہ دولت وقتی چمک تو رکھتی ہے مگر پائیدار عزت نہیں دیتی۔ قانونی اور غیر قانونی دولت کے فرق کو نظر انداز کیا جائے تو معاشرہ اخلاقی بحران کا شکار ہو جاتا ہے۔ حقیقی امارت وہ ہے جو نہ صرف فرد بلکہ معاشرے کے لیے بھی نفع بخش ہو۔
یہ بحث بھی جاری رہتی ہے کہ امیری اور غریبی تقدیر کا نتیجہ ہیں یا تدبیر کا؟ مذہب تقدیر کو تسلیم کرتا ہے مگر کوشش کی تلقین بھی کرتا ہے۔ انسان کو محنت، ہمت اور جدوجہد کا حکم دیا گیا ہے۔ نفسیاتی مطالعات سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ مثبت ذہنیت اور مسلسل کوشش زندگی کے امکانات کو وسیع کرتی ہے مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ اگر کوئی فرد غربت، غذائی کمی اور ناقص تعلیمی ماحول میں پروان چڑھے تو اس کے لیے آگے بڑھنا زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔ گویا تقدیر اور تدبیر دونوں کا باہمی تعلق ہے۔
بالآخر یہ کہا جا سکتا ہے کہ امیری اور غریبی کا تعلق صرف دولت سے نہیں۔ یہ صلاحیت، مواقع، ریاستی پالیسیوں، سماجی انصاف، اخلاقی اقدار اور فرد کی محنت کا مجموعہ ہے۔ دولت اہم ہے مگر واحد معیار نہیں۔ اصل امیری وہ ہے جس میں دل کا اطمینان، کردار کی بلندی، علم کی روشنی اور معاشرے کے لیے فائدہ مندی شامل ہو۔ اگر دولت ان عناصر کے ساتھ ہو تو وہ حقیقی نعمت ہے اور اگر ان کے بغیر ہو تو محض ایک عدد ہے جس کی چمک عارضی ہے۔

