Dolat Ka Taluq Ilm Se Ya Fraud Se
دولت کا تعلق علم سے یا فراڈ سے

اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ دولت دو ہی راستوں سے آتی ہے۔ غیر معمولی ذہانت اور تعلیم سے یا پھر دھوکے اور فراڈ سے۔ یہ تصور اس لیے پیدا ہوا کہ معاشرے میں ہمیں دو طرح کے لوگ نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔ ایک وہ جو اعلیٰ تعلیم یافتہ ہو کر بڑی کمپنیوں کے مالک بنتے ہیں اور دوسرے وہ جو شارٹ کٹ اختیار کرکے ناجائز دولت جمع کرتے ہیں۔ تاہم حقیقت اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ دولت نہ صرف علم سے وابستہ ہے اور نہ فراڈ سے بلکہ اس کا بنیادی تعلق قدر پیدا کرنے کی صلاحیت، موقع شناسی، نظم و ضبط اور سرمایہ کو بڑھانے کی مہارت سے ہے۔
جدید معاشی تحقیقات یہ بتاتی ہیں کہ دُنیا کے بیشتر قانونی طور پر امیر افراد نے اپنی دولت کسی نہ کسی علمی یا فنی مہارت کے ذریعے پیدا کی۔ مالیاتی خواندگی اور کاروباری بصیرت دولت کے حصول میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ متعدد مطالعات کے مطابق جو افراد سرمایہ کاری، بچت اور کاروباری نظم و نسق کی سمجھ رکھتے ہیں وہ طویل مدت میں زیادہ دولت جمع کرتے ہیں۔ اسی لیے دُنیا کے کامیاب کاروباری افراد میں انجینئرز، ماہرین معاشیات، ٹیکنالوجی ماہرین اور اعلیٰ تعلیم یافتہ منتظمین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
یہ کہنا درست ہے کہ تعلیم دولت کی ضمانت نہیں مگر دولت کے لیے ایک مضبوط بنیاد ضرور ہے۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ صرف ڈگری دولت نہیں بناتی۔ دُنیا میں کروڑوں تعلیم یافتہ لوگ ملازمت کی محدود آمدنی پر زندگی گزارتے ہیں جبکہ بہت سے ارب پتی ایسے ہیں جنہوں نے رسمی تعلیم مکمل نہیں کی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دولت کا تعلق محض نصابی علم سے نہیں بلکہ قابلِ فروخت مہارت سے ہے۔
اگر علم کو آمدنی میں تبدیل کرنے کا ہنر نہ ہو تو پی ایچ۔ ڈی شخص بھی متوسط طبقے میں رہ سکتا ہے اور اگر کسی شخص کے پاس مارکیٹ کی سمجھ ہو تو کم رسمی تعلیم کے باوجود وہ کامیاب کاروباری بن سکتا ہے۔
رابرٹ کیوساکی نے اپنی معروف کتاب Rich Dad Poor Dad میں یہی نکتہ واضح کیا کہ "اسکول انسان کو نوکری کے لیے تیار کرتا ہے مگر دولت بنانے کے لیے مالیاتی ذہانت الگ چیز ہے"۔
دوسری طرف یہ بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ دُنیا میں فراڈ اور جرائم کے ذریعے بھی بہت دولت کمائی جاتی ہے۔ وائٹ کالر کرائم پر ہونے والی تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ مالیاتی دُھوکا دہی اور فراڈ اربوں ڈالرز کا غیر قانونی سرمایہ پیدا کرتے ہیں۔ مگر یہ دولت پائیدار نہیں ہوتی۔ فراڈ وقتی طور پر دولت دے سکتا ہے مگر عزت، سکون، قانونی تحفظ اور دوام نہیں دیتا۔ تاریخ گواہ ہے کہ بڑے بڑے فراڈیے وقتی چمک کے بعد رسوائی، جیل اور تباہی کا شکار ہوئے۔ اس لیے فراڈ دولت کا ذریعہ تو بن سکتا ہے مگر کامیابی کا قابلِ تقلید ماڈل نہیں بن سکتا۔
مشرق اور مغرب میں دولت کے تصور کا تقابل کیا جائے تو دلچسپ فرق سامنے آتا ہے۔ مغرب میں دولت کو عمومی طور پر انفرادی محنت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ سرمایہ دارانہ معاشروں میں امیر شخص کو اکثر رول ماڈل سمجھا جاتا ہے بشرطیکہ اس کی دولت قانونی اور شفاف ہو۔ اس کے برعکس مشرقی معاشروں خصوصاً جنوبی ایشیا میں دولت کو بعض اوقات شک کی نظر سے دیکھا جاتا ہے اور عام تاثر یہی ہوتا ہے کہ "اتنا پیسہ ایمانداری سے نہیں کمایا جا سکتا"۔ یہ رویہ اس لیے پیدا ہوا کہ ہمارے معاشروں میں بدعنوانی اور ناجائز دولت کی مثالیں زیادہ نمایاں ہیں۔
اس کا مطلب یہ نہیں کہ جائز دولت ممکن نہیں۔
مشہور سرمایہ کار Warren Buffett اپنی کمائی ہوئی دولت کی بنیاد، مسلسل مطالعہ اور سرمایہ کاری کے علم اور صبر کو قرار دیتے ہیں۔ Elon Musk ٹیکنالوجی اور جدت کو دولت کا ذریعہ بتاتے ہیں۔ اسی طرح کتاب The Millionaire Next Door میں مصنفین نے ثابت کیا کہ بیشتر دولت مند لوگ نمود و نمائش سے نہیں بلکہ نظم و ضبط، بچت اور طویل المدتی سرمایہ کاری سے دولت بناتے ہیں۔ اس کے برعکس مجرموں اور فراڈیوں کی دُنیا کا مُشترک فلسفہ یہ ہوتا ہے کہ "جلدی امیر بنو"۔ یہی سوچ اکثر تباہی کا پیش خیمہ بنتی ہے۔
پاکستان کے تناظر میں سوال یہ ہے کہ یہاں دولت کمانے کا بہترین ذریعہ کون سا ہے؟ پاکستان میں تنخواہ دار طبقہ عموماً محدود آمدنی رکھتا ہے جبکہ کاروباری طبقہ نسبتاً زیادہ دولت پیدا کرتا ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کا اہم حصہ ہیں اور روزگار کا بڑا ذریعہ بھی۔ پاکستان میں SMEs مجموعی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں اور وسیع روزگار فراہم کرتے ہیں۔ اس لیے یہاں دولت بنانے کا سب سے مؤثر راستہ عمومی طور پر کاروبار سمجھا جاتا ہے۔
موجودہ حالات میں پاکستان میں چند شعبے خاص طور پر زیادہ امکانات رکھتے ہیں: ای کامرس اور آن لائن برانڈنگ، ڈیجیٹل سروسز اور فری لانسنگ، مینوفیکچرنگ یا لائٹ انڈسٹری، ایجوکیشن اور اسکل ٹریننگ، زرعی ویلیو ایڈیشن اور مخصوص ریٹیل و ڈسٹری بیوشن ماڈلز۔
حالیہ کاروباری تجزیوں کے مطابق ای کامرس، ڈیجیٹل خدمات اور SME سیکٹر تیزی سے بڑھتے ہوئے شعبے ہیں۔
البتہ پاکستان میں دولت کمانے کا سب سے محفوظ اور پائیدار طریقہ یہ ہے کہ انسان کسی انفرادی خلجان کے مسئلے کو حل کرے۔ جس شخص نے مارکیٹ کی ضرورت پہچان لی اور اس کا بہتر حل فراہم کر دیا وہ دولت پیدا کر لیتا ہے۔ دولت دراصل مسئلہ حل کرنے کا انعام ہے۔ جتنا بڑا مسئلہ آپ حل کریں گے اتنی بڑی آمدنی ممکن ہے۔
اس مفصل تمہید کا خلاصہ یہ ہے کہ دولت کا تعلق صرف علم سے ہے نہ صرف فراڈ سے بلکہ "علم کے درست استعمال" سے ہے۔ فراڈ وقتی دولت دے سکتا ہے مگر مستقل خوشحالی نہیں۔ تعلیم عزت دے سکتی ہے مگر لازماً دولت نہیں۔
اصل دولت وہاں پیدا ہوتی ہے جہاں علم، تجربہ، نظم و ضبط، رسک لینے کی ہمت اور مارکیٹ کی سمجھ یکجا ہو جائیں۔ پاکستان میں جو شخص ایمانداری کے ساتھ کاروباری ذہن اپنائے، جدید مہارت سیکھے اور مسئلہ حل کرنے والی سروس یا پروڈکٹ پیدا کرے اس کے لیے دولت کے دروازے کھلے ہیں۔
یاد رکھیے! دولت قسمت کا کھیل ہے نہ چالاکی کا۔ یہ علم اور عمل کے صحیح امتزاج کا نتیجہ ہے۔

