Wednesday, 27 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Malik Asad Jootah
  4. Samose Pakore

Samose Pakore

سموسے پکوڑے

چاچو!

سموسہ کتنے کا ہے؟

پچیس روپے بچا۔

جیب میں پیسے ٹٹولتے ہوئے ہاتھ مار کر اداس لہجے میں پوچھا

اور پکوڑے؟

ڈیڑھ سو روپے پاؤ۔

حلوائی نے تازہ اور خستہ سموسے پکوڑے کڑاھے سے نکال کر نُچڑنے کے لئے جالی دار تھال میں رکھے۔

اب کے بچہ بُسی ہوئی شکل کے ساتھ واپس مڑنے لگا۔ بچے کا چھوٹا بھائی اس کا بازو کھینچنے لگا۔

"بھائی! او بھیا۔۔ لے لے ناں پکوڑے۔

آج روزہ افتار کر لیں گے نہ

بڑا لڑکا بغیر کچھ بولے ننھے ننھے مگر ڈھائی ڈھائی من کے پیر اٹھاتا خود کو پکوڑوں کی دکان سے آگے گھسیٹ رہا جبکہ چھوٹا اسے واپس کھینچ رہا تھا۔ حلوائی کا پکوڑے بناتا ہاتھ یک لخت رک گیا۔

اوئے بچے اوئے۔۔ او چھوٹے

گلی کے شور میں اس کی آواز گونج اٹھی۔ دوسرے بچے کو اشارہ کیا اور واپس دونوں بھائیوں کو بلانے کے لیے کہا

کیا ہوا؟

سموسے پکوڑے لئے نہیں؟

بچہ شرما سا گیا۔ چاچا پیسے پورے نی ہیں۔

اوئے چل کوئی بات نہیں۔ جتنے ہیں اتنے دے جانا۔ چھوٹے کے منہ پر رونق آئی۔ چار گرما گرم سموسے اور پاؤ بھر پکوڑے اس نے تھیلے میں ڈالے۔

کیچپ چٹنی ڈالوں؟

ہاں چاچا وہ میٹھی والی بھی۔

ایک تھیلی میں بھر کر وہ بھی ڈال دی۔

"اے لو۔ لے جاؤ میرا پُتر"۔

بچے نے جیب سے بیس روپے نکال کر دے دیے۔

حلوائی نے چپ چاپ رکھ لئے۔

لوگ پوچھتے ہیں سچی خوشی کیا ہے؟

دوسرے اس کے جواب میں الف لیلے تا میں ہوں مغرور لیلے تک کا فلسفہ بیان کرتے ہیں۔ میں کہتا ہوں سچی خوشی فقط اسی طرح کی ہوا کرتی ہے۔ جس سے دینے والا، لینے والے اور دیکھنے والے تک ہر شخص مستفید ہو۔

سکون اور خوشی حاصل کرنے کے لئے آپ کا کوئی بڑا آدمی بننا ضروری نہیں۔ سکون اور خوشی تو ایک پکوڑے والا بھی حاصل کر سکتا ہے۔۔ رمضان کا اصل مقصد بھی یہی درس دیتا ہے ایسے لوگوں کے دکھوں کو سمجھنے کا"۔

جس نے نماز اور روزہ کو اپنی عادت بنا لیا مگر اس شخص میں سچائی اور دیانتداری نہیں ہے تو یہ سب اس کے کچھ کام نہیں آنا۔

اگر ہماری نماز میں خشوع و خضوع نہیں تو اس نماز کو ہم عادت تو کہہ سکتے ہیں مگر عبادت نہیں۔ چاہے وہ کوئی بھی نیک عمل ہو جو ہم کرتے ہیں مگر اس میں رضائے الٰہی اور تقویٰ نہ ہو ایسے اعمال کے متعلق اللہ پاک فرماتے ہیں

"روزِقیامت یہ سب اعمال تمہارے منہ پہ مار دیے جائیں گے"۔

تو ہمیں چاہیے کی ہم جو بھی عمل کریں وہ خالصتاً اللہ کی رضا کےلیے کریں۔

Check Also

Bushra Bibi Hum Tumhare Sath Hain

By Gul Bakhshalvi