Thursday, 16 July 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Kashif Zia
  4. Nafrat Nama Taleem e Pakistan

Nafrat Nama Taleem e Pakistan

نفرت نامہ تعلیم پاکستان

ایک خوب صورت نوجوان نے اچھے نمبرات سے ایم اے (اردو) پاس کیا، پھر ایک یونی ورسٹی کے شعبہ اردو میں ایم فل کے لیے داخلہ لیا، بدقسمتی سے صدر شعبہ سے بگڑ گئی، کہیں غلطی نوجوان کی تھی اور کہیں صدر شعبہ کی لیکن وہ موصوف پروفیسر بھی تھے، ڈاکٹر بھی تھے اور ڈین بھی، اس لیے "نزلہ بر عضو ضعیف می ریزد" کے مصداق بھگتنا سب کچھ نوجوان کو پڑا، انجام یہ کہ وہ ایم فل سے محروم ہوگیا، اس کی طبیعت پہ بھاری اثر پڑا اور وہ ایک سال تک برابر یہ ہی غم مناتا رہا۔

میں نے اس سلسلہ میں کچھ تحریری مشورے دیے جنہیں یہاں درج کر رھا ہوں:

برادر بہ جاں برابر!

سلام مسنون!

گزشتہ را صلوات و آئندہ را احتیاط، جو کچھ ہو چکا اس پہ لعنت بھیجیے، ماضی کے تلخ واقعات کو یاد کرتے رہنے سے حال کا مزہ خراب ہو جاتا ہے، انگریزی کا محاورہ ہے "پھٹے دودھ پہ رونا بےکار ہے" یعنی ماضی کے نقصان کا تذکرہ فضول ہے:

اور بھی دکھ ہیں زمانے میں محبت کے سوا
راحتیں اور بھی ہیں وصل کی راحت کے سوا

اب آپ تجارت اختیار کیجئے، تجارت پیسہ کمانے کا بہترین ذریعہ ہے، ہمارے معاشرے میں اہمیت اس بندے کو حاصل ہے جس کے پاس پیسہ ہے، باقی معاشروں میں بھی ایسا ہی ہے، پیسہ تجارت سے آتا ہے نہ کہ نوکری سے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے، آئی ٹی کے ذریعہ مستورات تک چادر چار دیواری میں رہ کر تجارت کر سکتی ہیں، پاکستان میں تمام دنیا کے افراد کا تین فی صد سے بھی کم لوگ رہتے ہیں، ہم ان لوگوں میں اپنی روزی تلاش کرتے ہیں، حال آں کہ باہر کے باشندے زیادہ دولت مند اور زیادہ منفعت بخش ہیں۔

کوئی بین الاقوامی زبان قابو کیجئے۔ اپنے ذوق اور ذہن اور ماحول کے مطابق کسی بین الاقوامی زبان کا انتخاب کیجئے اور جیسے تیسے ہو سکے اسے سیکھیں، اس میں تحریر و تقریر کے صفت حاصل کریں، آپ ہی بتائیے! اگر کسی شخص کو انگریزی یا فرانسی یا عربی پہ عبور ہو اور صحیح معنوں میں عبور ہو تو کیا کوئی شخص کہ سکتا ہے کہ وہ پڑھا لکھا نہیں!

کچھ وقت قرآن کے ساتھ روزانہ گزاریے، اگر عربی میں سمجھ سکیں تو خوب وگرنہ اردو ترجمے سے کام چلائیں:

اسی روز و شب میں الجھ کر نہ رہ جا
کہ تیرے زمان و مکاں اور بھی ہیں

غلط ہے یہ سمجھنا کہ قرآن صرف مسائل و احکامات کی کتاب ہے، یقین کیجئے! نفسیات، جمالیات، طب، تاریخ، فلکیات، عملیات، اثمار، رجال، جغرافیات اور اصول ہائے زندگی کی بے شمار باتیں قرآن میں ملاحظہ کی جا سکتی ہیں، یہ وہ کلام ہے کہ مایوس نہیں جانے دیتا، کسی بھی عمر اور حالت کا شخص کھول لے تو لگتا ہے جیسے سب اسی کے لیے اترا ہے اور کائنات کا خالق خود مخاطب ہے، غرض عجیب بھلائیوں بھری کتاب ہے جس کے مطالعہ سے محروم نہ رہنا چاہیے۔

یہ چند تجاویز تھیں کہ مجھے اللہ تعالی سے امید ہے ان کے ذریعے آپ کو غم بھولنے اور نئی امید جگانے میں مدد ملے گی، فقط

با نیاز ہائے فراواں

Check Also

Domestic Helper Mujahid Ka Husn e Zauq

By Rauf Klasra