1.  Home/
  2. Blog/
  3. Ibn e Fazil/
  4. Khalis Shehad Ki Pehchan

Khalis Shehad Ki Pehchan

خالص شہد کی پہچان

وطن عزیز چونکہ اسلام کا قلعہ ہے، اور مسلمان کیلئے دنیا امتحان گاہ ہے، اسی لیے شاید وطن عزیز کی۔ ساری آبادی خالص اشیاء خوردنی کی تلاش کے امتحان میں رہتی ہے۔ مگر گمان فاضل ہے کہ سب سے زیادہ دقت عزیز ہم وطنوں کو خالص شہد کی تلاش وحصول میں ہوتی ہے۔ اسی لیے آج ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام الناس کو خالص شہد کی جانچ کے تمام طریقہ جات ازبر کروا دیے جائیں تاکہ آج کے بعد کوئی طالع آزما کسی سادہ لوح کو اس بابت دھوکہ نہ دے سکے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس قدر بڑی سماج سیوا پر ہمارا نام تاریخ میں تادیر یاد رکھا جائے گا۔

خالص شہد کی سب سے بڑی پہچان یہ ہے وہ میٹھا ہوتا ہے۔ ویسے تو سماج دشمن عناصر جو نقلی شہد بیچتے ہیں وہ بھی میٹھا ہی ہوتا ہے۔ لیکن اصل اور نقل میں فرق یہ ہے کہ اصل شہد بہت میٹھا ہوتا ہے۔ اب اگر نقل فروش نقلی شہد بھی بہت میٹھا بنا لیں تو پھرمیرا کوئی قصور نہیں ۔ آپ کسی اور طریقے سے بھی شہد چیک کرنا سیکھ لیں ۔

دوسری پہچان: خالص شہد کی دوسری پہچان یہ ہے کہ اس کی خوشبو بالکل شہد جیسی ہوتی ہے۔ اگر آپ کو خالص شہد کی خوشبو کی پہچان نہیں توبراہ مہربانی مجھے گھورنے کی بجائے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔

تیسری پہچان:خالص شہد ہلکے بھورے، یا بھورے، یا پیلے یا پیلاہٹ مائل بھورے یا گہرے بھورے یا ہلکے پیلے یا سرخی مائل پیلے یا سرخی مائل بھورے یا بہت گہرے بھورے رنگ کا ہوسکتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ شہد کا رنگ اوپر بتائے گئے کسی بھی رنگ کا نہ ہو لیکن پھر بھی خالص ہو۔ اور اس بات کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا کہ شہد ان میں سے ہی کسی رنگ کا مگر ناخالص ہو۔ لہذا آپ چپ کرکے بس علم حاصل کریں۔

چوتھی پہچان:خالص شہد سردیوں میں یا فرج میں رکھنے سے نہیں جمتا یا پھر جم جاتا ہے۔

پانچویں پہچان:خالص شہد کو کھانے سے اس کا ذائقہ بالکل شہد جیسا محسوس ہوتا ہے۔ اگر آپ کو خالص شہد کا ذائقہ نہیں معلوم تو پہلے کہیں سے خالص شہد حاصل کریں پھر اسکا ذائقہ اچھی طرح ذہن نشین کرلیں ۔ لیکن یہ بات ذہن میں رکھیں کہ عین ممکن ہے کسی شہد کا ذائقہ ایسا نہ ہو جیسا کہ آپ نے ازبر کیا ہے لیکن پھر بھی وہ خالص ہو۔ اور یہ بھی ممکن ہے کہ کسی شہد کا ذائقہ بالکل ویسا ہی ہو جیسا آپکو یاد ہے، لیکن وہ نقل ہو۔ لہزا کسی دھوکہ میں نہ رہنا۔

چھٹی پہچان:کچھ بزرگوں سے سنا ہے کہ شہد کسی چیز پر لگا کر کسی کتے کے آگے ڈالیں، اگر اصلی ہوا تو کتا نہیں کھائے گا جبکہ نقلی ہوا تو کھا جائے گا کیونکہ کتے صرف نقلی شہد کھاتے ہیں ۔ مگر میری مانیں تو اس کتا قسم کی پہچان کو رہنے ہی دیں ۔

ساتویں پہچان: چونکہ سات زمینیں اور سات آسمان ہوتے ہیں اس لیے سب اہم پہچان آپکو ساتویں نمبر پر بتائی جا رہی ہے۔ دیکھیں خالص ترین شہد وہ ہوتا ہے جو شہد کی مکھیوں سے حاصل کیا گیا ہو۔ بس اب خوش۔

آٹھویں پہچان: تھوڑا سا شہد چھوٹے سے کاغذ پر لگا کر اس کو جلائیں ۔ اگر شہد اصلی ہوگا تو بھڑ بھڑ جلنے لگے گا۔ لیکن اگر نقلی ہوگا تو بھی جلے گا ہی۔

نویں پہچان:تھوڑا سا شہد لیکر زمین پر لگادیں ۔ اگر وہاں چیونٹیاں بالکل نہ آئیں تو شہد سو فیصد اصل۔ اور اگر چیونٹیاں آجائیں تو بھی ایک دم اصل۔ کیونکہ کسی اصلی شہد پر چیونٹیاں آتی ہیں اور کسی پر نہیں آتی۔ ایک اور حکمت کی بات اگر شہد نقلی تو بھی امکان ہے کہ چیونٹیاں نہ آئیں ۔ ہوسکتا ہے وہ سوئی ہوں ۔ یا یہ ہو سکتا ہے کہ اس علاقے کی چیونٹیاں کسی دوسرے علاقے میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں شادی وغیرہ پر گئیں ہوں ۔

دسویں پہچان: اپنے ارد گرد کوئی سیانا بندہ تلاش کریں اور شہد اس سے چیک کروا لیں ۔ اگر سیانے بندے کو بھی شہد کی پہچان نہ ہو تو اسے یہ والا مضمون پڑھائیں ۔ یا تو وہ فوراً خالص شہد کی پہچان سیکھ جایے گا یا پھر وہ سیانا نہیں ۔ کوئی اور سیانا بندہ تلاش کریں ۔

گیارہویں پہچان:شہد فروش سے پوچھیں کہ شہد اصلی ہے کہ نقل۔ اگر شہد فروش اچھا آدمی ہوا تو آپ کو فوراً سچ سچ سب بتا دے گا۔ لیکن اگر وہ خراب آدمی ہوا تو آپ کو دھوکہ بھی دے سکتا ہے۔ ایسے آدمی سے شہد ہر گز نہ لیں ۔

بارہویں پہچان: شہد کھانے کے کچھ دیر بعد اگر آپ کی زبان خشک سی محسوس ہو تو شہد بالکل اصل ہوگا۔ اور اگر خشک محسوس نہ ہو تب بھی اصل ہوگا۔ کیونکہ کچھ شہد زبان خشک کرتے ہیں اور کچھ نہیں کرتے۔ اسی طرح کچھ نقل شہد کھانے بھی زبان خشک محسوس ہوتی ہے اور کچھ کھانے سے نہیں ہوتی۔

تیرہویں پہچان:کوئی نہیں ۔ آپ شہد کی جگہ دہی کھالیں ۔

چودھویں پہچان: چونکہ سات دونی چودہ ہوتا ہے اس لیے سب اہم پہچان یہ ہے۔ کہ شہد لیکر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پاس چلے جائیں ۔ وہ لیب ٹسٹ کرکے اصل اور نقل بتادیں گے۔ اگر ان پر اعتبار نہیں تو جرمنی سے ٹسٹ کروالیں ۔

اتنے آسان اور زبردست طریقے سیکھنے کے بعد یقیناً، آپ اب ہمیشہ خالص شہد ہی کھائیں گے۔ بس خالص شہد سے لطف اندوز ہوتے ہوئے خادم کو دعاؤں میں یاد رکھئے گا۔

Check Also

Aisi Bulandi, Aisi Pasti

By Prof. Riffat Mazhar