Hajj: Farziat Se Haqiqat Tak, Aik Inqilabi Safar
حج: فرضیت سے حقیقت تک، ایک انقلابی سفر
حج اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک عظیم رکن ہے، جس پر دینِ اسلام کی عمارت قائم ہے۔ قرآنِ کریم، احادیثِ مبارکہ اور اجماعِ امت سے اس کی فرضیت ایسے ہی ثابت ہے جیسے نماز، روزہ اور زکوٰۃ کی۔ اللہ تعالیٰ کا واضح ارشاد ہے: "وَلِلّٰهِ عَلَى النَّاسِ حِجُّ الُبَيُتِ مَنِ اسُتَطَاعَ إِلَيُهِ سَبِيلًا" (آل عمران: 97)
یعنی جو شخص استطاعت رکھتا ہو اس پر بیت اللہ کا حج فرض ہے۔ یہی وہ حکم ہے جو حضرت ابراہیمؑ کی صدا "وَأَذِّنُ فِي النَّاسِ بِالُحَجِّ" (الحج: 27) کے ذریعے قیامت تک کے انسانوں کے لیے بندگی کا ایک مستقل نظام بن گیا۔
رسول اللہ ﷺ نے بھی حج کو اسلام کے بنیادی ستونوں میں شمار فرمایا: "بُنِیَ الإِسُلاَمُ عَلَی خَمُسٍ" (بخاری)۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ حج محض ایک اختیاری عبادت نہیں بلکہ ایک لازمی فریضہ ہے، جس سے غفلت ایک سنگین کوتاہی ہے۔
لیکن حج کی حقیقت صرف اس کی فرضیت تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک ایسا روحانی اور عاشقانہ سفر ہے جو انسان کو اس کے رب سے جوڑ دیتا ہے۔ انسان فطری طور پر اپنے گھر، اہل و عیال اور مال و دولت سے محبت رکھتا ہے، مگر جب وہ حج کے لیے نکلتا ہے تو ان سب کو چھوڑ کر محض اللہ کی رضا کے لیے سفر اختیار کرتا ہے۔ یہی قربانی اس سفر کو ایک عاشقانہ رنگ دیتی ہے۔
احرام کی دو سادہ چادریں انسان کو اس حقیقت کی یاد دلاتی ہیں کہ ایک دن اسے اسی طرح دنیا سے رخصت ہونا ہے۔ نہ کوئی ظاہری شان باقی رہے گی اور نہ کوئی امتیاز۔ "لبیک اللہم لبیک" کی صدا دراصل اس بات کا اعلان ہے کہ بندہ اپنے رب کے ہر حکم کے لیے حاضر ہے۔ کعبہ کا طواف عاشق کا اپنے محبوب کے گرد گھومنا ہے، صفا و مروہ کی سعی جدوجہد اور امید کا استعارہ ہے، عرفات کا میدان قیامت کا منظر پیش کرتا ہے، مزدلفہ کی رات عاجزی سکھاتی ہے اور رمی جمرات شیطان کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔
ان تمام اعمال کی ظاہری شکل شاید سادہ نظر آئے، لیکن ان کے پیچھے ایک گہرا فلسفہ اور روحانی حکمت پوشیدہ ہے۔ صوفیاء کرام نے اسی لیے حج کو "سفرِ عشق" قرار دیا ہے، کیونکہ یہاں عقل سے زیادہ دل اور جذبہ کارفرما ہوتا ہے۔
"میانِ عاشق و معشوق رمزیست"، اس راز کو وہی سمجھ سکتا ہے جو اس کیفیت سے گزرے۔
رسول اللہ ﷺ نے حج مبرور کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایا: "الحج المبرور لیس لہ جزاء إلا الجنۃ" (بخاری، مسلم)۔ یعنی ایسا حج جس میں اخلاص ہو، گناہوں سے اجتناب ہو اور ریاکاری نہ ہو، اس کا بدلہ صرف جنت ہے۔ ایک اور حدیث میں فرمایا: "من حج للہ فلم یرفث ولم یفسق رجع کیوم ولدته أمه"(بخاری) یعنی ایسا حاجی گناہوں سے پاک ہو کر لوٹتا ہے جیسے آج ہی پیدا ہوا ہو۔
حج نہ صرف گناہوں کو مٹاتا ہے بلکہ انسان کی زندگی کا رخ بدل دیتا ہے۔ یہ اسے دنیا کی بے ثباتی کا احساس دلاتا ہے اور آخرت کی فکر پیدا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حج کو ایک مکمل روحانی انقلاب کہا جاتا ہے۔
تاہم اس عظیم عبادت کے باوجود ایک تلخ حقیقت یہ ہے کہ بہت سے لوگ حج کی روح کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ ریاکاری، غفلت، گناہوں سے نہ بچنا اور احکامِ حج سے لاعلمی اس عبادت کے اثرات کو کم کر دیتی ہے۔ بعض لوگ اسے محض ایک رسم یا سیاحت سمجھ لیتے ہیں، حالانکہ یہ طرزِ عمل حج کے مقصد کے بالکل خلاف ہے۔
اسی طرح حج کو مؤخر کرنے کا رجحان بھی خطرناک ہے۔ کوئی کاروبار کا بہانہ بناتا ہے، کوئی مصروفیات کا اور کوئی بڑھاپے تک انتظار کرتا ہے۔ حالانکہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "تعجلوا إلی الحج" (مسند احمد) یعنی حج میں جلدی کرو، کیونکہ کسی کو معلوم نہیں کہ کل کیا ہوگا۔ استطاعت کے باوجود حج نہ کرنا ناشکری کے مترادف ہے اور اس پر سخت وعید بھی آئی ہے۔
یہ بھی ایک غلط فہمی ہے کہ حج صرف بڑھاپے کی عبادت ہے یا اس کی جگہ صدقہ دینا زیادہ بہتر ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ حج ایک مستقل عبادت ہے جس کا اپنا مقام ہے، جبکہ صدقات کا اپنا دائرہ ہے۔ دونوں کا تقابل درست نہیں۔
حج دراصل عبادت بھی ہے اور امتحان بھی۔ اس میں جسمانی مشقت، مالی خرچ، صبر، برداشت اور ضبط نفس سب شامل ہیں۔ یہی آزمائشیں انسان کو پاک کرتی ہیں اور اسے اللہ کے قریب لے جاتی ہیں۔ کبھی سہولتوں کی کمی، کبھی ہجوم، کبھی تھکن، یہ سب دراصل اسی امتحان کا حصہ ہیں۔
حج کا اصل مقصد یہی ہے کہ انسان کی زندگی بدل جائے۔ اگر کوئی شخص حج کے بعد بھی گناہوں میں مبتلا رہے، اس کی ترجیحات نہ بدلیں اور اس کے اعمال میں بہتری نہ آئے تو اسے اپنے حج کا جائزہ لینا چاہیے۔ حج مبرور کی علامت یہی ہے کہ انسان نیکیوں کی طرف مائل اور گناہوں سے دور ہو جائے۔
حج ایک جامع عبادت، ایک روحانی تربیت گاہ اور ایک عاشقانہ سفر ہے، جو انسان کو بندگی کے اعلیٰ ترین مقام تک پہنچاتا ہے۔ یہ ہمیں سکھاتا ہے کہ اصل کامیابی اللہ کی رضا میں ہے اور دنیا کی زندگی عارضی ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں حج کی صحیح سمجھ، اخلاص کے ساتھ ادائیگی اور اس کے اثرات کو اپنی زندگی میں قائم رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

