Monday, 12 January 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Azmi
  4. Method Actor, Dilip Kumar

Method Actor, Dilip Kumar

میتھڈ ایکٹر، دلیپ کمار

دلیپ کمار کو برصغیر اور جہاں جہاں بھارتی فلمیں دیکھی جاتی ہیں، سب جانتے ہیں لیکن یہ بات بہت کم لوگوں کے علم میں ہوگی کہ وہ ایک ایسے میتھڈ ایکٹر کہ جنہوں نے نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں اداکاروں کی نسلوں کو متاثر کیا ہے۔

میتھڈ ایکٹنگ کیا ہے؟ کسی کردار کے جذبات، پس منظر اور تجربات و مشاہدات کو اپنی ذات میں پوری طرح سمو لینے اور اس ہر یقین رکھنے کو میتھڈ ایکٹنگ کہتے ہیں۔ دلیپ کمار کے اداکاری کے انداز میں ان کی پرفارمنس میں گہرائی اور حقیقت لانے کے لیے وسیع تحقیق، مشقیں اور اپنے طور پر کردار کے لیے عمیق غور و فکر کرنا شامل تھا جو انہیں میتھڈ ایکٹنگ میں مزید نمایاں کرتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ دلیپ کمار میتھڈ ایکٹنگ کے بڑے ناموں میں ایک ہیں۔ آپ کردار کو اپنی ذات میں جذب کر لیتے تھے اور جب تک فلم مکمل نہ ہو جائے بلکہ اس کے بعد تک اس کردار کے سحر و حصار میں رہتے۔ فلم مکمل ہو جاتی مگر وہ کردار ان کی ذات کا حصہ بن جاتا۔ دیوداس میں اپنا کردار نبھاتے نبھاتے وہ اس قدر ڈپریشن میں چلے گئے کہ انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانا پڑا۔ وہاں انہیں تاکید کی گئی کہ اب آپ دو ایک سال لائٹ موویز کریں گے۔

دلیپ کمار ان معدودے چند اداکاروں میں سے ایک ہیں کہ جو مکالموں کی ادائیگی، چہرے کے تاثرات کے ساتھ باڈی لینگویج سے بھرپور کام لیا کرتے تھے۔ اس کے علاؤہ بھی ایک ایک جزئیات کا خیال رکھتے۔ ایک فلم کے سین میں پھولی سانس کے ساتھ ڈائیلاگ ادا کرنا تھا۔ اب یہ ایک بڑے اداکار کی نشانی ہے۔ دلیپ کمار نے ڈائریکٹر سے پوچھا کہ پھولی سانس کے لیے کتنی دور سے دوڑ کر کرنا انا ہوگا؟ ڈائریکٹر نے غالباََ ایک آدھا میل کہہ دیا۔ دلیپ کمار نے سین میں حقیقت کا رنگ ایسے بھرا کہ پہلے اسٹوڈیو میں اتنی دیر دوڑے اور پھر ڈائریکٹ سیٹ پر ا کر وہ ڈائیلاگ ادا کیا۔

بھارتی سیمنا اسکرین پر اینگری ینگ مین کا کردار سب سے پہلے دلیپ کمار نے ہی ادا کیا۔ آج بھی بڑے بڑے اداکار اسے فالو کر رہے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ برصغیر میں ایک اکیلے دلیپ کمار نے فن اداکاری کو اس مقام پر پہنچا دیا کہ اب بڑے سے بڑا اداکار بھی اس تک پہنچنے کو ہی اپنی منزل سمجھتا ہے اور اس کا برملا اظہار بھی کرتا ہے۔

ستیہ جیت رائے نے دلیپ کمار کو میتھڈ ایکٹنگ کے اعلی ترین مرتبے ہر فائز کیا ہے۔ دلیپ کمار نے کسی ایکٹنگ اسکول کی شکل بھی نہیں دیکھی مگر بھارتی فلم انڈسٹری انہیں سب سے بڑے اداکار تسلیم کرتی یے۔ انداز۔ میلہ، دیدار، داغ، مغل اعظم، دیوداس، شکتی، کوہ نور اور کئی فلمیں ان کی خداداد صلاحیت کا ثبوت ہیں۔ فلمی دنیا سیاست کی جگہ بھی ہے۔ یہاں دوسرے کے کردار کو کم کرنے کے لیے بھی حربے استعمال کیے جاتے ہیں۔ لابنگ کی جاتی ہے۔ کافی اداکار یہاں سازشی اداکار بھی ہوتے ہیں۔ دلیپ کمار ایک پیدائشی اداکار تھے جنہیں قسمت دیویکارانی کے پاس لے گئی اور پھر یہ سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ فلمی صنعت اور فلم بینوں کے دل و دماغ پر ضو فشاں ہی رہا اور رہے گا۔

عام طور پر اداکار اسکرپٹ کے علاوہ اچھا بول نہیں پاتے۔ چند ایک کو چھوڑ کر زیادہ تر کا مطالعہ بہت واجبی سا ہوتا۔ دلیپ کمار ایک وسیع المطالعہ شخص تھے۔ ان کی گفتگو سن کر ایسا لگتا کہ آپ کسی اداکار سے نہیں بلکہ دانشور کی باتیں سن رہے ہیں۔ شستہ اردو، ہندی اور انگریزی میں ٹھہر ٹھہر کر گفتگو کرتے تو لفظ موتی بنکر نکلتے اور شخصیت کو جگمگا دیتے۔ شخص سے شخصیت بننے کی اگر کوئی کامیاب مثال ہے تو وہ دلیپ کمار کی ہے۔ دلیپ کمار نے بے ہنگم اچھل کود، غیر شائستہ مکالموں اور نازیبا حرکات و سکنات کے بجائے رموز اداکاری کو سمجھا اور اسے اعتبار و معیار بخشا۔ اداکاری میں جو عزت و احترام دلیپ کمار نے کمایا ہے۔ آج اور آنے والے دور کا بڑے سے بڑا اداکار اس کی آرزو کرے گا۔

7 جولائی 2021 کو دلیپ کمار اس دنیا فانی سے چلے گئے۔ کاغذ پر ضرور مرحوم ہوئے ہیں مگر وہ اپنی لازوال اداکاری سے جو دنیا ہمارے دلوں میں بسا گئے ہیں، وہ زندہ رہے گی۔

نہ جانے کیوں، کانوں میں یہ گیت گونجنے لگا۔۔

سہانا سفر اور یہ موسم حسیں
ہمیں ڈر ہے ہم کھو نہ جائیں کہیں

About Azhar Hussain Azmi

Azhar Azmi is associated with advertising by profession. Azhar Azmi, who has a vast experience, has produced several popular TV campaigns. In the 90s, he used to write in newspapers on politics and other topics. Dramas for TV channels have also been written by him. For the last 7 years, he is very popular among readers for his humorous articles on social media. In this regard, Azhar Azmi's first book is being published soon.

Check Also

Mausam e Sarma Aur Garm Garm Kamre

By Syed Mehdi Bukhari