Monday, 15 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Azmi
  4. Aik Shadi Ke Chakkar Mein Kitne Marz Laga Liye

Aik Shadi Ke Chakkar Mein Kitne Marz Laga Liye

ایک شادی کے چکر میں کتنے مرض لگا لیے

ایک صاحب کی شادی ہو کر نہیں دے رہی ہے۔ وہ کار سے موٹر سائیکل پر صرف اس لیے آئے کہ بیوی کے ساتھ جانا ہو تو کوئی دم چھلا بن کر ساتھ نہ لگے۔ بس وہ ان کے کاندھے پر اپنی تھوڑی رکھ کر دوران سفر تھوڑی تھوڑی باتیں کرتی رہیں۔ سر کے بال دعائیں مانگ مانگ کر کم کرائے کہ کم عمری کا الزام سر پر نہ آئے اور جو ملے وہ قبول کر لے۔

ہیر میں ہلکا سا لنگ آ گیا تو انہوں نے جان بوجھ کر علاج نہ کرایا تاکہ رشتے کے وقت لڑکی والوں کو یقین جائے کہ لڑکا بھگائے گا نہیں۔ دور کی نظر کمزور ہے۔ قریب کی نظر بھی بہت قریب آنے پر کچھ دیکھ پاتی ہے۔ چشمے کا شیشہ اتنا موٹا ہے کہ دیکھنے والوں کو ان کی پھٹی آنکھیں صاف نظر آتی ہیں۔ اس کا بھی سارا فائدہ منکوحہ کو ہوگا۔ منکوحہ کے علاؤہ سب از خود ممنوعہ رہیں گی۔

ایک دن کہنے لگے: موتیے کے سہرے کی آرزو میں آنکھوں میں موتیا اتر آیا ہے۔ سوچا اس طرح لڑکی والوں کی طرف سے سہرے کا خرچہ بھی بچ جائے گا۔ سب سے اچھی بات یہ ہوگی کہ لوگ نکاح سے پہلے چہرہ دیکھ لیں گے۔ لوگ نکاح سے پہلے ہی کہہ دیں گے کہ لڑکا دیکھا بھالا تھا۔

خیر سے دو سال سے شوگر کے مریض نے بھی آ لیا ہے۔ وہ سمجھتے ہیں یہ بھی شادی کے لیے کوالیفائی کرنے والی شوگر کوٹیڈ بات ہے۔ بیوی سے میٹھی بات ہوں گی لیکن میٹھا نہیں کھائیں گے۔ اس لیے انہیں میٹھا بنانے کی زحمت سے بچائیں گے۔ بہت فخریہ انداز میں بولے: دانت سارے کے سارے سلامت رکھے ہیں تاکہ بیوی سے دانت کاٹے کی دوستی رہے۔

بلڈ پریشر کا مرض خاندانی ہے۔ اس بابت ان کا یہی کہنا ہے کہ اس طرح اناب شناب کھانے سے دور رہیں گے۔ بیوی کے چہرے پر جو نمک ہوگا۔ اس سے کام چل جائے گا۔ میں نے کہا: حضور کچھ اور ہو تو بتا دیجیے۔ بولے: آپ کو سب اس لیے بتایا کہ کوئی اچھی لڑکی نظر میں ہو تو بتا دیجئے گا۔ میں نے کہا: نظر میں ہوگی تو بتادوں گا بشرطیکہ وہ دوشیزہ دو آنکھیں بھی دکھتی ہو۔ ویسے حقیقت یہی ہے کہ آپ جیسا بر ڈھونڈے سے نہیں ملتا۔ آپ جیسے شوہروں کی دسترس کے لیے بیویوں کو کتنا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ کتنی منتوں، مرادوں کے بعد ان شوہرانہ خصوصیات کے شوہر زیر دست آتے ہیں۔ آپ تو پکے پکائے شوہر ہیں۔

میں نے پوچھا عمر کی کتنی بہاریں دیکھ چکے ہیں؟ بولے: بہاریں دیکھے ہوئے سالوں گزر گئے اب تو موسم خزاں ہے۔ اب بتائیے اس عمر کے آئیڈیل رشتے کہاں ملتے ہیں؟ زندگی بھر ساتھ نبھانے کا وعدہ میرے علاؤہ کون نبھا سکتا ہے؟

عمر پوچھی تو بولے: 79 کا تو ہو چکا ہوں۔ بس ایک ہی خواہش ہے کہ کوئی رشتہ ازدواج میں بندھ جائے۔ بارات کہیں بھی چلی جائے۔ میں نے کہا پھر تو بارات قبرستان ہی جائے گی؟ اس دن سے ناراض ہیں۔ اب آپ بتائیں میں نے ایسا کیا غلط کہہ دیا۔

About Azhar Hussain Azmi

Azhar Azmi is associated with advertising by profession. Azhar Azmi, who has a vast experience, has produced several popular TV campaigns. In the 90s, he used to write in newspapers on politics and other topics. Dramas for TV channels have also been written by him. For the last 7 years, he is very popular among readers for his humorous articles on social media. In this regard, Azhar Azmi's first book is being published soon.

Check Also

Mulki Zawal Ka Malba Madais Par Kyun?

By Abid Mehmood Azaam