Saturday, 04 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Azhar Hussain Azmi/
  4. Aaiye Urdu Mein Angrezi Angrezi Khelain

Aaiye Urdu Mein Angrezi Angrezi Khelain

آئیے اردو میں انگریزی انگریزی کھیلیں

کورونا کے باعث Social Distancing کا لفظ سامنے آیا تو اس کے اردو ترجمے کے لئے مختلف الفاظ ڈھونڈے گئے۔ بالآخر سماجی فاصلہ زبان زد عام ہوا۔ ویسے ہمارے ایک دوست نے Social Distancing کا ترجمہ " تن دوری " بھی کیا ہے جو کہ بر محل لگتا ہے۔ ایک دوست نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ترجمے سے شوہرانہ بو آتی ہے۔

خصم الخاص کیا ہے؟

مجھے اس موقع پر اپنا پہلی مرتبہ دبئی جانا یاد آ گیا۔ تعلق کیونکہ ایڈورٹائزنگ سے ہے اس لئے دکانوں کے سائن بورڈز اور ہورڈنگز دیکھنے کی بیماری ہے۔ دبئی ائیر پورٹ سے شارجہ کی جانب روانہ ہوئے تو شاپنگ سینٹرز سے گزرے ہوئے "خصم الخاص" جابجا لکھا ہوا دیکھا۔ سوچ میں پڑ گیا کی یہ کہاں آگیا۔ ہمارے ہاں تو خصم شوہر کو کہا جاتا ہے تو کیا یہاں شاپنگ سینٹرز میں خاص شوہر بھی ملتے ہیں۔ ذہن اسی ادھیڑ بن میں تھا۔ چھوٹے بھائی سے یہ بات پوچھنا مناسب نہ لگا۔ دوسرے دن جب اکیلا باہر نکلا تو عقدہ کھلا کہ یہاں Special Discount کا ترجمہ " خصم الخاص" کیا گیا ہے۔

حمام النساء

اسی طرح ایک اور لفظ نے خاصا مزاح پیدا کیا۔ وہاں عوامی مقامات ہر مرد وزن کے لئے ٹوائلیٹ کا رواج بھی عام ہے۔ خواتین ٹوائلیٹ کے لئے "حمام النساء " لکھا دیکھا تو فورا ایک خیال آیا کہ اگر کوئی گاوں، دیہات کا پاکستانی یہاں آگیا تو بعید نہیں کہ وہ عربی زبان سے عقیدت کی بنا پر اپنی کسی بیٹی کا نام "حمام النساء " ہی نہ رکھ دے۔

برداشت Able

چلیں بات ترجمے کی ہو تو لسانی مجبوریاں سے مزاح کی کیفیت پیدا ہو ہی جاتی ہے لیکن یہ جو ہمارے ملک میں اردو انگریزی کا بے دریغانہ ملاپ کیا جارہا ہے اس کا بھی کوئی علاج ہے کہ نہیں۔ ہمارے ایک دوست نے گفتگو کرتے کرتے کہا " اب آپ کا یہ رویہ میرے لئے "ان برداشت ایبل " ہوگیا ہے۔ انہوں نے یہ سب اتنے یقین اور روانی سے کہا کہ ایک دو سیکنڈ تو میں بھی محسوس نہ کر پایا۔ پھر خیال آیا کہ یہ کیا کہہ گئے۔

یہ Lazy مارا کون ہے؟

ہماری ایک عزیزہ گھر والوں کے ساتھ کسی جگہ جا رہی تھیں۔ پتہ معلوم نہ تھا۔ تقریب میں پہنچنے کی جلدی تھی۔ گھر مل نہیں پارہا تھا۔ ایک جگہ پر شوہر نے ٹیکسی ڈرائیور سے کہا کہ تم ٹیکسی روکا۔ میں سامنے دکان والے سے پوچھ کر آتا ہوں۔ شوہر ضعیف العمر ہونے کے ساتھ ساتھ جوانی سے ہی Lazy مارے بھی تھے۔ خراماں خراماں دکان کی طرف جانے لگے۔ بیوی سے برداشت نہ ہوا۔ جل کر بولیں کہ ان میں تو " Active پنا " بالکل بھی نہیں۔

دلچسپ واقعات کی تفصیل بھی سن لیجئے۔

ڈبلو ڈولا کون سا بس روٹ ہے؟

ہمارے ایک جاننے والی انگریزی بولنے کی طرف راغب نہ تھیں مگر کبھی کبھی کوئی چارہ بھی نہ رہتا۔ ایک دن W 18 ویگن سے کسی کے گھر گئیں۔ پسینے سے بڑا حال تھا۔ میزبان خاتون نے پوچھا کہ کیسے آئیں۔ بولیں ڈبلو ڈولا سے آئی ہوں۔ ایک خاتون کے شوہر کلیئرنگ اینڈ فارورڈنگ کمپنی میں ملازم تھے۔ کسی خاتون نے پوچھا کہ شوہر کیا کرتے ہیں۔ انگریزی کا لفظ تو نہ بولا گیا، بڑے اطمینان سے بولیں فائر بریگیڈ میں کام کرتے ہیں۔ بڑی حیران ہوئیں اور بولیں: آپ کے شوہر فائر بریگیڈ میں ہیں اور ہمیں پتہ ہی نہیں۔

سنگر برگر کھانا ہے؟

ایک ہماری جاننے والی کو انگریزی سے انتہائی شغف ہے۔ میں ان کے گھر گیا۔ پوچھا کیا بات ہے گھر میں بہت سناٹا ہے، بولیں: بھیا وہی کم بخت مارا کھانے گئے ہیں۔ میں نے کہا کہ کیا؟ بولیں Singer Burger.

ایک عزیز کی طبیعت خراب ہوئی۔ اسپتال سے گھر آکر بتایا کہ سارا مسئلہ سڈنی کا ہے۔ سب حیران کہ مریض اسپتال میں اور سڈنی کہاں سے آ گیا۔ میں نے کہا کہ کیا علاج کے لئے سڈنی جانا ہوگا وہ تو بڑا مہنگا پڑ جائے گا؟ چڑ گئیں اور بڑے طنز سے بولیں"تم نرے جاھل کے جاھل رہنا۔ اگر سڈنی باہر ہوتا تو وہ زندہ کیسے ہوتا؟ تمھارے باوا سے کہوں گی۔ اتنا پڑھایا مگر گدھے کی پیٹھ پر کتابیں ہی لادیں"۔ جب انہوں نے مجھے گدھا کہا تو پھر مجھے ایک دم ان کی انگریزیت کی بلند پروازی کا خیال آیا اور سمجھ گیا کہ ان کی مراد کڈنی (گردے) سے ہے۔

نئی گنتی نائنٹی نائن۔۔ انگلینڈ

محلے کی ایک خاتوں کی بیٹی شام کو پرائمری کلاس کے بچوں کو ٹیوشن پڑھایا کرتی تھی۔ ایک دن وہ نہ تھی۔ یہ خاتون جن کی تعلیمی قابلیت بہت ہی واجب تھی۔ بس اتنی کہ دھوبی کو دیئے جانے والے کپڑے لکھ لیا کرتی تھیں۔ وہ بھی اس طرح کے خود ہی پڑھ لیں۔ خیر ایک بچہ آیا اور اس کو انگریزی میں گنتی پڑھنا شروع کی۔ گنتی شروع کی 91 سے۔ بولیں 91 92 93 94 95 96 97 98 99۔ بچہ بھی دھراتا رہا۔ 99 کے بعد سمجھ میں نہ آیا کہ 100 کو کیا کہیں۔ دوبارہ دہرایا 91 92 93 94 95 96 97 98 99۔ کچھ دیر سوچا اور پھر ایک دم بولیں انگلینڈ۔

یاشیخ صراط مستقیم

ہمارے ایک عزیز مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جا رہے تھے۔ اس سے قبل بھئی وہ ایک مرتبہ مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جا چکے تھے اور انہیں سیدھا راستہ یاد تھا۔ ٹیکسی ڈرائیور نے سیدھے راستے سے جانے کے بجائے شارٹ کٹ لینے کے لئے دائیں یا بائیں جانب گاڑی موڑی تو گھبرا گئے۔ سمجھ میں نہ آیا کہ اسے کیسے بتائیں کہ سیدھے جانا ہے۔ دماغ نے کام کیا، ڈرائیور سے ہاتھ کے اشارے کے ساتھ بولے " یا شیخ صراط مستقیم "۔

ہارٹ کی CNG کرا لیں !

ایک رات محلے میں ایک صاحب کی طبیعت خراب ہوگئی۔ پرانے محلوں میں تعلقات عزیز داری سے بڑھ کر ہوتے ہیں۔ پوری گلی جاگ اٹھی۔ میں ذرا دیر سے باہر آیا۔ مریض کو ایمبولینس میں ڈال کر لے جایا جا چکا تھا۔ لوگ ابھی گلی میں موجود تھے۔ ایک صاحب کہنے لگے: بھائی پہلے تو CNG ضروری ہے۔ میں حیران ہوا، بولا: جب ایمبولینس میں CNG نہیں تھی تو جانے کیوں دیا؟ ان صاحب نے مجھے عجیب نظروں سے دیکھا: بھائی لگتا ہے آپ ابھی تک نیند میں ہیں۔ CNG نہ ہوگی تو ہارٹ اٹیک کا کیسے پتہ چلے گا۔

میری آنکھیں کیا دماغ فورا کھل گیا۔ وہ اصل میں ECG کا کہہ رہے تھے۔

ہمارے ایک دوست بتانے لگے کہ ان کی ایک رشتے دار خاتون آئیں۔ بڑی اداس تھیں۔ پوچھا کہ کیا ماجرا ہے تو بولیں: کیا بتاوں میرے پرس سے کوئی UPS نکال کر لے گیا۔ دوست نے ایک نظر ان کے ہینڈ بیگ کو دیکھا اور بولا: اس میں تو UPS کے تار بھی نہیں آسکتے۔ سیخ پا ہوگئیں:

تو کیا میں اس عمر میں جھوٹ بولتی اچھی لگوں گی؟ سب کام رک گئے ہیں۔ سارا ڈانٹا اسی میں ہے۔

ڈانٹا سن کر دوست کے دماغ نے کام کرنا شروع کر دیا۔ وہ ڈیٹا کہہ رہی تھیں اور UPS سے مراد USB تھی۔ یاد رکھیں ایسی انگریزی میں بولنے والا مکمل بے جرم و خطا ہے۔ ساری ذمہ داری سننے والے کی ہے۔ گورا تو Freedom of speech کا قائل ہے لیکن جو کچھ ہم کر رہے ہیں اسے گورا Freedom of speak ہی کہے گا۔

بات یہیں ختم نہیں ہو جاتی ہمارے ایک دوست کا کہنا ہے کہ شوہر انگریزی زبان کا لفظ ہے۔ میں نے کہا کیسے؟ بولے انگریزی میں لکھ کر دیکھ لیں۔ لکھا تو Show her بنا۔ ترقی کا سفر جاری و ساری ہے۔ سست اور کاہل افراد کے لئے Lazy مارے، شادی شدہ افراد کے لئے نکاح فائیڈ، زنگر برگر کے لئے جھینگر برگر، ناقابل بیان کے لئے ان بیان ایبل اور محسوسات کے لئے محسوسمنٹ بھی سننے میں آتا جا رہا ہے۔ دیکھیں آگے آگے کیا فلاور دستے کھلتے ہیں۔

چلیں چلتے چلتے ایک انگریزی قوافی کے تین اشعار بھی سن لیں۔ اللہ جانیں کس کے ہیں مگر ہمارے حافظے میں سالوں سے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ابھی حافظے کا ہاضمہ سلامت ہے۔

جا تجھ سے محبت کا contract نہیں ہوگا۔

جس pact کا سوچا تھا وہ pact نہیں ہوگا۔

یہ دل جو دھڑکتا ہے دائیں کہ کبھی بائیں۔

تم غور سے دیکھو تو intact نہیں ہوگا۔

یہ عشق ہے مجنوں کا اور تم ابھی بچے ہو۔

کرنے کو تو کر لو گے perfect نہیں ہوگا۔

Check Also

Jamaat e Islami Kya Soch Rahi Hai? (2)

By Amir Khakwani