Asal Azadi, Insan Ki Soch Aur Kirdar Mein Hai
اصل آزادی، انسان کی سوچ اور کردار میں ہے

آزادی ایک ایسا لفظ ہے جسے ہر انسان پسند کرتا ہے۔ ہر شخص چاہتا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے جئے، اپنے فیصلے خود کرے اور کسی کی ناجائز پابندی میں نہ رہے۔ آزادی میں سیاسی، سماجی، معاشی اور ذاتی آزادی شامل ہوتی ہے۔ سیاسی آزادی انسان کو اپنی رائے دینے کا حق دیتی ہے، سماجی آزادی معاشرے میں عزت کے ساتھ جینے کا حق دیتی ہے، جبکہ معاشی آزادی انسان کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کا حو صلہ دیتی ہے۔ مگر اگر گہرائی سے دیکھا جائے تو ان سب میں سب سے اہم "ذاتی آزادی" ہے، کیونکہ جب تک انسان اپنے نفس، اپنی سوچ اور اپنی برائیوں سے آزاد نہیں ہوتا، تب تک وہ کسی بھی دوسری آزادی کا صحیح استعمال نہیں کر سکتا۔
آج کے دور میں آزادی کا مطلب اکثر غلط سمجھ لیا گیا ہے۔ خاص طور پر نوجوان نسل میں یہ سوچ بڑھتی جا رہی ہے کہ آزادی کا مطلب صرف بغیر روک ٹوک گھومنا پھرنا، ہر بات اپنی مرضی سے کرنا اور کسی کی نصیحت نہ ماننا ہے۔ لڑکے اور لڑکیاں دونوں یہ سمجھتے ہیں کہ اگر انہیں مکمل چھوٹ مل جائے تو وہ آزاد ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ بے لگام آزادی اکثر انسان کو تباہی کی طرف لے جاتی ہے۔
اگر انسان اپنے غصے پر قابو نہیں رکھ سکتا، حسد سے بھرا ہوا ہے، دوسروں کی کامیابی برداشت نہیں کر سکتا، ہر وقت انا میں مبتلا رہتا ہے اور دوسروں کو نیچا دکھانے میں سکون محسوس کرتا ہے تو وہ کبھی آزاد نہیں ہو سکتا۔ اصل قید انسان کے ہاتھوں میں نہیں بلکہ اس کی سوچ، نفس اور کردار میں ہوتی ہے۔
ہم اکثر آزادی کا مطالبہ تو کرتے ہیں، مگر کیا ہم نے کبھی خود کو نفرت سے آزاد کیا؟ کیا ہم نے کبھی اپنے اندر سے غرور ختم کرنے کی کوشش کی؟ کیا ہم دوسروں کے حقوق ادا کرتے ہیں؟ کیا ہم دوسروں کی کامیابی پر دل سے خوش ہو سکتے ہیں؟ اگر نہیں، تو پھر ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہم واقعی آزاد ہیں یا صرف آزادی کا نعرہ لگا رہے ہیں۔
آج سوشل میڈیا نے آزادی کے تصور کو مزید بدل دیا ہے۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ جو چاہے پہن لینا، جہاں چاہے چلے جانا، ہر بات پر بغاوت کرنا ہی جدید آزادی ہے۔ مگر یہی ضرورت سے زیادہ آزادی بعض اوقات انسان کو بے راہ روی، غلط صحبت، ذہنی دباؤ، خاندانی اختلافات اور اخلاقی زوال کی طرف لے جاتی ہے۔ لڑکیاں ہوں یا لڑکے، جب آزادی ذمہ داری کے بغیر ملتی ہے تو انسان آہستہ آہستہ اپنی حدود کھو دیتا ہے۔ پھر وہ والدین کی عزت، معاشرے کے اصول اور اپنے کردار کی حفاظت کو بوجھ سمجھنے لگتا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ عورت یا مرد کو دبایا جائے یا ان کے جائز حقوق چھین لیے جائیں۔ اسلام اور ایک اچھا معاشرہ دونوں انسان کو عزت، تعلیم، رائے اور بہتر زندگی کا حق دیتے ہیں۔ مگر ہر آزادی کے ساتھ ذمہ داری بھی ضروری ہوتی ہے۔ اگر آزادی انسانیت، اخلاق اور دوسروں کے حقوق کو نقصان پہنچانے لگے تو وہ آزادی نہیں بلکہ انسان کے اپنے لیے عذاب بن جاتی ہے۔
اصل آزادی یہ ہے کہ انسان اپنے ضمیر کے مطابق جینا سیکھ لے۔ وہ اپنے فیصلے سمجھداری سے کرے، دوسروں کا حق ادا کرے، انسانیت کے لیے کام کرے، اپنے غصے اور حسد پر قابو پائے اور اپنے کردار کو مضبوط بنائے۔ جو انسان اپنے نفس پر قابو پا لیتا ہے، وہی حقیقت میں آزاد ہوتا ہے۔
آج ہمیں اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم آزادی کے اصل مطلب کو سمجھیں۔ آزادی لوگوں سے دور ہونے کا نام نہیں بلکہ اپنی گھٹیا سوچ، نفرت، انا اور برے رویوں سے آزاد ہونے کا نام ہے۔ اگر ہم دوسروں کے لیے آسانی پیدا کرتے ہیں، انسانیت کا احترام کرتے ہیں اور اپنے کردار کو بہتر بناتے ہیں تو ہمیں کسی اور آزادی کی ضرورت نہیں، کیونکہ ہم پہلے ہی دنیا کی سب سے خوبصورت آزادی حاصل کر چکے ہوتے ہیں۔
آئیں آج خود سے یہ عہد کریں کہ ہم خود کو ہر اس چیز سے آزاد کریں گے جو انسانیت پر داغ لگاتی ہے۔ کیونکہ ایک مہذب معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں آزادی کے ساتھ شعور، اخلاق اور ذمہ داری بھی زندہ ہو۔
اے اللہ! ہمیں ایسی آزادی عطا فرما جو ہمارے کردار کو بہتر بنائے، ہمارے دلوں کو نفرت، حسد، غرور اور انا سے پاک کرے۔ ہمیں اپنے نفس پر قابو پانے والا، دوسروں کے حقوق ادا کرنے والا اور انسانیت کے لیے آسانی پیدا کرنے والا انسان بنا۔ یا اللہ! ہمیں ایسی سوچ عطا فرما جو ہمیں گناہوں، برائیوں اور غلط راستوں سے آزاد کر دے اور ہمیں سچی، باوقار اور ذمہ دار آزادی نصیب فرما۔

