Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amir Mohammad Kalwar
  4. Ambreen Gill Aur Pakistan Ki Namwar Khawateen

Ambreen Gill Aur Pakistan Ki Namwar Khawateen

امبرین گل اور پاکستان کی نامور خواتین

آجکل پاک افغان لڑائی پوری دنیا کے میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے اور جو آپ نے کابل میں خوارج کے ٹھکانوں پر جو اسٹرائیک دیکھی ہے وہ ایک پاکستان کی بھادر شیردل بیٹی ایئر فورس کی فائٹر پائلٹ امبرین گل نے کی ہے اور یہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے پہلے بار ہوا ہے۔

اسلام نے جو خواتین کا مقام رکھا ہے وہ کسی اور مذھب یا کسی دستور میں نہیں ہے، آئیے تھوڑا سا تاریخ میں جھانکتے ہیں۔

اسلامی تاریخ میں بی بی خدیجہؓ کا نام نہایت عزت و احترام کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ وہ نہ صرف پیغمبرِ اسلام ﷺ کی زوجہ مطہرہ تھیں بلکہ ایک کامیاب اور باصلاحیت بزنس وومن بھی تھیں۔ ان کی زندگی آج بھی ہر مسلمان عورت کے لیے حوصلے اور کامیابی کی ایک مثال ہے۔

حضرت محمد ﷺ نے عورت کو عزت، حقوق، تعلیم اور معاشرتی اہمیت دی۔ آپ ﷺ کے ملفوظات سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اسلام میں عورت کا مقام بلند اور محترم ہے۔

اسلام میں عورت کو گھر کی زینت ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرت، تعلیم اور دین میں برابر کا حصہ دار بنایا گیا ہے۔

اب آتے ہیں پاکستان کی طرف۔ ہمارے ملک کے لوگوں کوشاید یہ پتہ نہیں کہ پاکستان بنانے میں بہت بڑا ہاتھ ایک خاتون ڈینٹل سرجن کا بھی ہے جی ہاں، فاطمہ جناح پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی چھوٹی بہن وہ ایک ڈینٹل سرجن تھیں۔ انہوں نے 1923ء میں کلکتہ یونیورسٹی سے ڈینٹل سرجری میں ڈگری حاصل کی تھی۔

انہیں"مادر ملت" (Mother of the Nation) بھی کہا جاتا ہے اور وہ پاکستان کی تحریک آزادی میں ایک اہم خاتون رہنما تھیں۔

محترمہ بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم بنیں یہ ہمارے ملک کے لیے بہت بڑا فخر تھا اور یہ دو دفعہ پاکستان کی وزیر اعظم بنیں اور اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جیسے انہوں نے مملکت خداد پاکستان کو ایٹمی بم کا تحفہ دیا تو ان کی بیٹی نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی جیسا تحفہ دیا۔

عائشہ فاروق پاکستان اور جنوبی ایشیا کی پہلی فائٹر پائلٹ ہیں۔ بہاولپور سے تعلق رکھنے والی عائشہ پاکستان ایئر فورس کے لیے چینی کمبیٹ F-7PG طیاروں پر پرواز کرتی ہیں۔

تین سال کی عمر میں والد کو کھو دینے کے بعد، عائشہ نے اپنی والدہ کو ہمیشہ ایک رول ماڈل کے طور پر دیکھا اور پرواز کے لیے ان کی چاہت میں اضافہ اپنے انکل اور کزن کو دیکھ کر ہوا جو پاکستان ایئرفورس میں تھے۔

عائشہ نے سخت عملی اور جسمانی ٹریننگ حاصل کرکے دکھایا کہ خواتین کچھ بھی کر سکتی ہیں۔ عائشہ کا نوجوان لڑکیوں کو مشورہ ہے کہ کسی رول ماڈل کو دیکھنے کے بجائے خود ایک رول ماڈل بن جانا چاہیے۔

ڈاکٹر نرگس ماولوالا ایک پاکستانی نژاد ماہرِ فلکیات ہیں جنہوں نے گریویٹیشنل ویوز (Gravitational Waves) کی دریافت میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ وہ دریافت تھی جس نے آئن اسٹائن کے نظریے کو درست ثابت کیا۔۔ میساچوسٹس یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) میں شعبہ طبیعیات کی سربراہ ماولوالا سائنسدانوں کی اُس ٹیم کی ایک رکن تھیں، جنھوں نے خلاء میں کشش ثقل کی لہروں کی موجودگی سے متعلق آئن اسٹائن کے نظریئے کو درست ثابت کیا۔

ڈاکٹر ماولوالا امریکا کے سائنس دانوں کے ہمراہ کام کر رہی ہیں۔ امریکا جانے سے قبل انہوں نے کراچی میں موجود کانونٹ جیسز اور میری میں تعلیم حاصل کی۔

ارفع کریم رندھاوا کو سب ہی جانتے بھی ہوں گے اور انہیں ارفع یاد بھی ہوں گی۔یہ وہ لڑکی ہے جس نے 2004 میں سب سے کم عمر مائیکروسافٹ سرٹیفائڈ پروفیشنل کا خطاب حاصل کرکے دنیا کو حیران کردیا تھا۔وہ لڑکی جس نے سب سے کم عمر صدراتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے کے ساتھ پاکستان اور دوسرے ممالک میں متعدد ایوارڈز حاصل کیے۔

ارفع نے متعدد بین الاقوامی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کی۔ایک ایسی لڑکی جس کا مستقبل بہت روشن تھا لیکن وہ ہم سب کو صرف 16 برس کی عمر میں 14 جنوری 2012 کو چھوڑ کر اس دنیا سے گزر گئی۔ارفع اُس ستارے کی طرح تھی جو خود تو بہت کم عرصے کے لیے چمکی لیکن اس کی روشنی آج بھی متاثر کن ہے۔

اب آتے ہیں کھیل کی طرف اور سب سے پہلے بات کرتے ہیں ثنا میر کی وہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ہیں۔ اُنہوں نے اپنی قیادت میں ٹیم کو کئی اہم فتوحات دلائیں اور دنیا کی ٹاپ دس بولرز میں شامل رہیں۔

ندا ڈار، جو "لیڈی بوم بوم" کے نام سے مشہور ہیں۔ وہ پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے ٹی 20 میں 100 سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔

بسمہ معروف نے کم عمری میں کپتانی سنبھالی اور اپنی کارکردگی سے ٹیم کو مضبوط بنایا۔

کرکٹ کے علاوہ ماریہ طور پکّی اسکوائش کا ایک جانا پہچانا نام ہے جس کا ایک جملہ مشھور ہے کہ میں ایک جنگجو ہوں، میں پیدائشی جنگجو ہوں، میری موت بھی ایک جنگجو کی طرح ہوگی۔ ان الفاظ کے ذریعے پاکستانی اسکواش کھلاڑی ماریہ طورپکئی نے اپنی شخصیت کو پیش کیا تھا۔اور اسکواش میں عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔

اسی طرح نزیرا ناصر اور مہوش شفیق نے ہاکی کے میدان میں ملک کی نمائندگی کی۔

اب آتے ہیں دعوت وتبلیغ پر جس میں ایک بہت بڑا نام ڈاکٹر فرحت ہاشمی پاکستان کی مشہور عالمہ اور داعیہ ہیں۔ انہوں نے قرآن و حدیث کی تعلیم کو جدید انداز میں عام کرنے کے لیے ادارہ الہدیٰ انٹرنیشنل قائم کیا۔ ان کی تعلیمات سے ہزاروں خواتین نے دین کو سمجھا اور اپنی زندگیوں میں عمل کیا۔

خواتین اس بات کی زندہ مثال ہیں کہ علم، محنت اور لگن کے ذریعے کوئی بھی شعبہ پاکستانی خواتین کے لیے ناممکن نہیں۔

انہوں نے دنیا کو دکھایا کہ پاکستانی خواتین نہ صرف ذہین ہیں بلکہ انسانیت کی خدمت میں بھی پیش پیش ہیں۔

یہی ہیں پاکستان کی فخر خواتین سائنس کی دنیا کی روشن ستارے۔

Check Also

Mian Muhammad Baksh (19)

By Muhammad Sarfaraz