Asal Taqat Prompt Ki Hai
اصل طاقت پرامپٹ کی ہے

کیا سادہ دور تھا جب ہمارے بڑے بزرگ سارے کام ہاتھ سے کرتے تھے۔ پھر کسی گاؤں میں لگی آٹے کی چکی سے نکلتی آواز اور لوہار کی دکان سے اٹھتی ہوئی ہتھوڑے کی آواز ترقی کی علامت سمجھی جانے لگی۔ وقت کا پہیہ گھوما اور فیکٹریوں کی چمنیوں سے نکلتا دھواں خوشحالی کی علامت بن گیا۔ اس کے بعد کمپیوٹر کی بورڈ پر چلتی انگلیاں کامیابی کی زبان قرار پائیں اور اب ایک عجب زمانہ آ گیا ہے۔۔ انگلیاں بھی خاموش ہیں، صرف دماغ بولتا ہے۔ آپ ایک جملہ لکھتے ہیں اور مشین آپ کے تصور کو حقیقت میں ڈھال دیتی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے انسان نے اپنے ہاتھوں سے نہیں، اپنے خیالوں سے کام لینا شروع کر دیا ہو۔
میرے گاؤں کے ایک بزرگ مستری نے بچپن میں ایک بار مجھ سے کہا تھا "پتر زمانہ ہمیشہ ہنر مند کے ساتھ ہوتا ہے، اوزار بدلتے رہتے ہیں"۔ اس وقت میں نے اس جملے کو عام نصیحت سمجھ کر نظرانداز کر دیا مگر آج محسوس ہوتا ہے کہ وہ شخص مستقبل دیکھ رہا تھا۔ پہلے اینٹیں اٹھانے والا مستری قیمتی تھا پھر کمپیوٹر چلانے والا اور اب وہ شخص اہم ہے جو مشین کو صحیح حکم دینا جانتا ہے۔ آج کی دنیا میں سب سے بڑی طاقت ہاتھ کی نہیں، پرامپٹ کی ہے۔
کبھی ایک ویب سائٹ بنانے میں ہفتے لگ جاتے تھے۔ کوڈ لکھنا، غلطیاں تلاش کرنا، بار بار ٹیسٹنگ کرنا۔۔ یہ ایک لمبا تھکا دینے والا سفر تھا۔ پھر مصنوعی ذہانت نے کوڈنگ کو آسان بنایا مگر انسانی ہاتھ پھر بھی مرکز میں تھا۔ اصل انقلاب اس وقت آیا جب AI نے خود کو صرف ایک ٹول نہیں بلکہ ایک شریکِ کار بنا لیا۔ اب ڈویلپر کئی کئی گھنٹے کوڈ نہیں لکھتا، وہ چند سطور میں صرف مسئلہ بیان کرتا ہے اور اگلے چند سیکنڈز میں مشین پرفیکٹ حل تجویز کر دیتی ہے۔ گویا مزدور بدل گیا۔
آج چیٹ بوٹس انسانوں کی طرح گفتگو کر رہے ہیں۔ اے آئی ایجنٹس ہزاروں لوگوں سے بیک وقت بات کرتے ہیں، تھکتے نہیں، الجھتے نہیں، جذباتی نہیں ہوتے۔ کاروبار، تعلیم، طب، قانون۔۔ ہر شعبہ ایک نئے دروازے کے سامنے کھڑا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہم اس اے آئی کے ساتھ چلنا سیکھیں گے یا اس کے نیچے دب جائیں گے۔
دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ ہر انقلاب اپنے ساتھ خوف بھی لاتا ہے۔ جب بجلی آئی تو لوگوں نے کہا روزگار ختم ہو جائے گا۔ جب کمپیوٹر آیا تو کہا گیا انسان بےکار ہو جائے گا مگر ہوا یہ کہ روزگار کے ہزاروں نئے دروازے کھل گئے۔ AI بھی شاید ایسا ہی دروازہ ہے۔ دھیرج رکھیں یہ نوکریاں ختم نہیں کرے گا بلکہ ان لوگوں کو پیچھے چھوڑ دے گا جو سیکھنے سے انکار کر رہے ہیں۔
آج کراچی کا ایک نوجوان اس پوری کہانی کو حقیقت کا رنگ دے دیتا ہے۔ چھبیس سالہ صالح آصف۔۔ ایک عام پاکستانی نام مگر غیر معمولی سفر۔ کراچی کی گلیوں سے نکل کر MIT تک پہنچنا اور پھر اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر ایسی کمپنی بنانا جس کے دروازے پر دنیا کی بڑی بڑی ٹیک کمپنیاں دستک دیں یہ صرف کامیابی نہیں، یہ ایک پیغام ہے۔
اس کی کمپنی "کرسر" نے کوڈنگ کو خودکار بنانے کے لیے AI کا ایسا استعمال کیا کہ Adobe، NVIDIA اور Shopify جیسے بڑے نام اس کے صارف بن گئے۔ پھر خبر آئی کہ SpaceX جیسے ادارے نے اس کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدے کی راہ ہموار کی۔ یہ صرف ایک بزنس ڈیل نہیں، یہ اس بات کا اعلان ہے کہ ارٹیفیشل انٹیلیجنس کی کوئی جغرافیائی سرحد نہیں ہوتی۔
یہاں سوال دولت کا نہیں، سوچ کا ہے۔ ہم اکثر اپنے بچوں سے پوچھتے ہیں "ڈاکٹر بنو گے یا انجینئر"؟ شاید اب سوال بدلنا ہوگا۔ کیا تم مسئلہ حل کرنا سیکھو گے؟ کیونکہ مستقبل ڈگری کا نہیں، سکلز کا ہے۔
میری یہ تحریر کہیں محفوظ کر لیجئے۔ آنے والے پانچ سال دنیا کو اس قدر بدل دیں گے کہ آج کا انسان شاید اپنے ہی ماضی پر حیران ہو۔ جو لوگ صرف روایتی راستوں پر چلتے رہیں گے، وہ پیچھے رہ جائیں گے۔ جو لوگ ارٹیفیشل انٹیلیجنس سیکھیں گے، ٹولز سیکھیں گے، پرامپٹ انجینئرنگ سیکھیں گے، خود کو بدلیں گے اور مشین کو اپنا مددگار بنائیں گے، وہی آگے بڑھیں گے۔ اب یہاں دلچسپ سوال یہ نہیں کہ AI انسان کی جگہ لے گا یا نہیں۔
اصل سوال یہ ہے کہ انسان اپنی جگہ بچانے کے لیے خود کو کتنا بدلنے پر تیار ہے کیونکہ تاریخ ہمیشہ ایک ہی فیصلہ سناتی ہے اور وہ یہ ہے کہ جو زمانے کو سمجھ لیتے ہیں، زمانہ انہی کے نام ہو جاتا ہے بالکل صالح آصف کی طرح۔

