Neeli Peeli Khabrein
نیلی پیلی خبریں

اخبار پڑھنے کا مقصد باخبر رہنا ہوتا ہے اور قارئین اس سلسلے میں اپنی اپنی پسند یا نئی تحقیق کی تلاش میں کئی کئی ہفتے گزار دیتے ہیں پھر کہیں ایک ادبی خبر سے ان کا چسکا پورا ہوتا ہے۔ رپورٹر بیچارے بھی اسی تگ و دو میں ہلکان نظر آتے ہیں۔ ارگرد کے حادثات کی خبروں سے اگر آگاہی نہ دی جائے تو خبر بھی جبر بن جاتی ہے۔ اگلے دن اتفاق سے اخبار کے ایک ہی صفحے پر کچھ خبروں نے میری ہفتوں کی بھوک ختم کر دی کیونکہ وہ خبریں امریکہ میں ہونے والی نئی ریسرچ کے متعلق تھیں۔ ملاحظہ فرمائیں۔۔
خواتین سرخ لباس پہننے مردوں کو پسند کرتی ہیں امریکہ میں کی گئی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جنس مخالف کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے سرخ رنگ کا لباس کشش کا باعث ہو سکتا ہے خبر دیکھتے ہی میرا چہرہ سرخ ہوگیا کیونکہ تحقیق کرنے والے مجھے گہرے لال بجھکڑ معلوم ہوئے کیونکہ انہوں نے اپنی تحقیق میں لب و رخسار کی سرخی کا ذکر تک نہیں کیا حالانکہ یہ رنگ اچھے بھلے انسان کو شاعر بنا دیتا ہے۔ سرخ رنگ خطرے کی علامت بھی ہے چنانچہ دلہن کو اس رنگ کا لباس پہنا کر دلہے کو ابتدائی خطرات سے آگاہ کر دیا جاتا ہے بل فائٹر اسی رنگ کی جھنڈی سے سانڈ کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے جو کئی دفعہ غصے سے اس کواپنے سینگوں پر اٹھا لیتا ہے۔
پھلوں پھولوں کے انتخاب میں اسی رنگ کو ہی فوقیت حاصل ہے۔ سبزی کو اس کے سبز رنگ کی وجہ سے سبزی کہا جاتا ہے لیکن ٹماٹر گاجر اور چکندر کا انتخاب کرتے ہوئے سبز رنگ کو ہی نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ اسی طرح سیب انار اور آڑو کی سرخی بھی توجہ حاصل کرتی ہے۔ ٹریفک کے اشارے کی سرخ لائٹ ہمارے ہاں اتنی پرکشش ہے کہ ڈرائیور اس کی طرف لپک کر اسے پیچھے چھوڑ دیتے ہیں۔ ہمارے قلی حضرات اسی لباس میں اپنی خدمات پیش کرتے ہیں اور ہر کسی کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ آج کل ٹرینوں کی بندش کی وجہ سے ان کے روزگار کو جو سرخ جھنڈی دکھائی جا رہی ہے یہ سوال اپنی جگہ اہم ہے کہ اب ان کے کنبے کا بوجھ کون اٹھائے گا۔
"دو سے زائد شد شادیاں نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں"۔ ایک امریکی یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق تنہائی کوئی اچھی چیز نہیں ہے لیکن دو سے زائد شادیاں بھی سود مند ہونے کی بجائے نقصان کا باعث ہو سکتی ہیں۔ اس کا ایک پہلو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انسان اپنی پہلی بیوی کی یاد کو دل سے لگائے رکھتا ہے۔ امریکہ میں چونکہ سرمایہ دارانہ نظام ہے اس لیے وہاں زندگی کے ہر عنصرکو زر دولت کے نفع نقصان کے تناظر میں تولا جاتا ہے۔ ان کے لیے سب سے پہلی شکل مالی نقصان کی صورت ہوا کرتی ہے تحقیق کار یہ بھول گئے کہ لوگ شادی کے علاوہ اپنا نقصان نشے جوئے اور بے جا اسراف سے بھی تو کرتے ہیں۔ کئی دفعہ پہلی شادی ہی آخری نقصان کا باعث بن جاتی ہے۔ اگر حقیقی نظر سے دیکھا جائے تو شادی سے زیادہ طلاق نقصان کا باعث ہوتی ہے۔ شادی کوئی کپڑے کا کاروبار نہیں کہ اس میں مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کے کلیے استعمال کیے جائیں۔ ہاں دو بیویوں میں سے اگر ایک کھانے میں تیز میٹھا اور دوسری تیز نمک پسند کرے تو شوگر کے مریض خاوند کو ان سے بہتری کی کوئی امید نہیں رکھنی چاہیے۔
"بھوک کی زیادتی حافظے کی کمزوری سے بچاتی ہے"، اس تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ بھوک بڑھانے والے لپٹن نامی ہارمومز کی زیادہ مقدار انسان کے حافظے کو کمزور ہونے سے روکتی ہے۔ لال بجھکڑوں نے یہ تجربات جانوں پر کرکے انسانوں پر اپلائی کرنے کی کوشش کی ہے۔ اگر یہ بات ہے تو میرے پیٹو دوست کریم بٹ کو افغانستان کے سارے ریلوے اسٹیشن زبانی یاد ہوتے حالانکہ دسترخوان پر"کھانا جنگی" کا حقیقی منظر اس سے بہتر کوئی اور پیش نہیں کر سکتا۔ ہاں! یہ بات ہے کہ اسے کھانے کے سوا اور کچھ یاد نہیں رہتا۔
ایک اور تحقیق کے مطابق زیادہ انڈا کھانے سے شوگر کا مرض ہو سکتا ہے لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ عوام سے انڈے اور ٹماٹر وغیرہ کھانے والے کا حافظہ کتنا مضبوط ہوتا ہے اور یادداشت کتنی کمزور۔ اتر پردیش سے خبر تھی کہ وہاں کے فرنیچر بازار میں پیدا ہونے والے ایک بچے کا نام سریش رکھ دیا گیا۔ اسی طرح شکار پور سے خبر تھی کہ اچار بازار میں پیدا ہونے والے بچے کا نام لہسوڑ اچاریہ رکھ دیا گیا۔ بہرحال دونوں بڑے ہو کر اپنے کام سے کام رکھیں گے اور اسی کے ساتھ ہی چپک کر رہیں گے۔
"بندر بھی مذاق اڑاتے ہیں"، بندر بھی اپنے اردگردکے ماحول پر طنزیہ نظر رکھتے ہیں۔ اگر انہیں کہیں کوئی بڑے قد کا بندر نظر آ جائے تو اس کا باقاعدہ مذاق اڑا کر یا نقل اتار کر تفریح لیتے ہی اور وہ اسے کہتے ہوں گے کہ تم "بڑے" چھوٹے ہو۔ ویسے یہ خبر واقعی بڑی حیرت انگیز ہے کہ وہ کسی بیمار یا مجبور بندر کا مذاق اڑاتے ہوئے اپنا منہ کیسے"باندر" جیسا بناتے ہوں گے۔۔

