Rab Ka Rang Sab Se Alag, Sab Se Juda
رب کا رنگ سب سے الگ، سب سے جدا
کیا کبھی آپ نے محسوس کیا ہےکہ کیوں بیٹھے بیٹھے دل بھر آتا ہے یا کبھی قرآن پڑھتے ہوئے کوئی آیت کیسے خاموشی سے دل کو چھو لیتی ہے، اپنے دل میں مچلنے والے بہت سے ان کہے سوالوں کے جواب ایک دم سے کیسے مل جاتے ہیں؟ بہت سی الجھنیں خود ہی سلجھ کیسےجاتی ہیں، بہت سی دل کو پریشان کرنے والی خواہشات خود ہی اپنی موت آپ کیسےمر جاتی ہیں۔ تو جان لیں! یہ ہم پر اپنے رب کا خاص کرم اور فضل ہوتا ہےجو ہمارا رب اپنے چنے ہوئے لوگوں پر کرتا ہے اور جس کو رب چن لیتا ہے ناں پھر وہ اسے اپنی رحمت سے خاص بنا دیتا ہے۔
بھلا کون نہیں چاہے گا رب کا خاص بندہ بننا، کون نہیں چاہے گا کہ رب اتنے سارے لوگوں میں سے بس اسے چن لے اور خالص کردے، ایک دم الگ، ایک دم جدا، سب سے منفرد، بالکل اس روشن ستارے کی مانند جو رات کو آسمان پر جگ مگ کرکے دنیا کی مصنوعی رنگینیوں سے آلودہ ہماری دھندلی آنکھوں کو خیرہ کرتا ہے۔
مجھے پتہ ہے کیا لگتا ہے، کہ ہم میں سے ہر کوئی رب کا مقرب بندہ بنناچاہتا ہے۔ ہے ناں یہی بات؟ آپ کے دل میں بھی تو رب کا خاص اور چنیدہ بننے کی خواہش چٹکیاں لیتی ہوگی۔ آپ کا بھی دل کرتا ہوگا کہ عرشوں کے پار آپ کی بھی پہچان ہو۔ آپ کا ذکر بھی فرشتوں کی جماعت میں ہو۔ آپ کے خاص ہونے کی بھی منادی کرا دی جائے تو کیسے ہوگا یہ سب؟ اس کے لئے کیا کرنا ہوگا؟ کس کی سفارش چاہیے ہوگی؟ کچھ خاص نہیں کرنا۔ بس کرنایہ ہے کہ قرآن سے جڑ جائیں۔ اس کو اپنا دوست اپنا ہمراز بنا لیں۔ اس کو سمجھ کے پڑھیں۔
اگر قرآن کا پیغام آپ تک آ رہا ہے ناں تو جان لیں کہ عرشوں کے اس پار آپ کو خاص بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ آپ کو خود محسوس ہوگا کہ آپ کے اردگرد کا موسم بدلنا شروع ہوگیا ہے، آپ کے دل کی سخت زمین نرم ہوگئی ہے اور آپ کی جلتی بلتی روح ذکر الٰہی کی طالب ہے توبس روک لیں اپنے اٹھتے قدم جو گمراہی کی طرف جاتے ہیں، ہٹا لیں ہر اس بظاہر روشن چیز سے نظر جو اللہ کی راہ میں جانے والی آپ کے دل کی شاہراہ کو دھندلا کرتی ہے، مصروف کردیں اپنی ناشکرے کلمات اور کڑوے بولوں میں ڈوبی زبان کو اللہ کے ذکر میں اور پھر دیکھیں رب کا لطف و کرم۔ اس کی توجہ کے کرشمے۔
اپنی زندگی میں آنے والی برکات اور دن رات اپنے اردگرد ہونے والے معجزات۔ کھول ڈالیں اپنے اندر کی آنکھ اور محسوس کریں اپنے رب کو، چڑھ جانے دیں اپنے اوپر اللہ کا رنگ اور بلا شبہ یقیناً اسی کا رنگ بہترین ہے! کوشش کریں گی ناں آپ اس رنگ میں رنگنے کی؟ کل سے نہیں بس آج سے کیوں کہ کل کبھی نہیں آتا اور ہم سب نے اپنا آج درست کرنا ہے۔