Sarmaya Darana Nizam: Tarqi Ya Muashi Adam Masawat Ka Jal
سرمایہ دارانہ نظام: ترقی یا معاشی عدم مساوات کا جال
اگر دولت چند ہاتھوں میں جمع ہو جائے اور غریب دو وقت کی روٹی کے لیے ترسے تو ایسی معیشت کیا واقعی ہی کامیاب کہلائی جاسکتی ہے کیا یہ وہی ملک ہے جسے بنیادی حقوق کے تحفظ کے نام پر حاصل کیا گیا تھا؟ کیا یہ وہی سرزمین ہے جسے اسلام کے اصولوں سے مزین کرنے کا عزم کیا گیا تھا؟
ایک طرف بلند و بالا عمارتیں، مہنگی گاڑیاں اور اربوں روپے کے کاروبار اور دوسری طرف ایک مزدور جو دن بھر محنت کے باوجود اپنے بچوں کی ضروریات پوری نہیں کر پاتا۔ آخر یہ کیسا نظام ہے جو چند لوگوں کو بے حد امیر اور لاکھوں کو غربت کا شکار بنا دیتا ہے؟"
یہی نظام سرمایہ دارانہ نظام کہلاتا ہے، جو آج پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک کی معیشت کی بنیاد بن چکا ہے۔ اس نظام نے جہاں ترقی، صنعت اور کاروبار کو فروغ دیا، وہیں معاشی عدم مساوات اور طبقاتی فرق کو بھی جنم دیا۔ پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال کو سمجھنے کے لیے سرمایہ دارانہ نظام کو سمجھنا بے حد ضروری ہے۔
سرمایہ دارانہ نظام (Capitalism) ایک ایسا معاشی نظام ہے جس میں ملک کے وسائل، صنعتیں، کاروبار اور سرمایہ زیادہ تر نجی افراد یا کمپنیوں کی ملکیت ہوتے ہیں۔ اس نظام میں ہر شخص کو آزادی حاصل ہوتی ہے کہ وہ کاروبار کرے، سرمایہ کاری کرے اور منافع کمائے۔ حکومت کا کردار محدود ہوتا ہے جبکہ منڈی کی قوتیں یعنی طلب اور رسد قیمتوں اور پیداوار کا تعین کرتی ہیں۔ اس نظام میں کامیابی انسان کی محنت، وسائل ذہانت اور سرمائے پر منحصر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس نظام میں بعض لوگ بہت زیادہ دولت حاصل کر لیتے ہیں جبکہ غریب طبقہ پیچھے رہ جاتا ہے۔ وہ لوگ جن کے اپنے پیداواری وسائل ہوتے ہیں وہ امیر سے امیر تر ہوتے جاتے ہیں اور ان کے سائے میں دن رات خون پسینہ ایک کرنے والا والا مزدور غربت کی لکیر سے بھی نیچے چلا جاتاہے۔
پاکستان میں آزادی کے بعد نجی شعبے کو معیشت کی ترقی کے لیے اہمیت دی گئی، لیکن 1980ء اور 1990ء کی دہائی میں نجکاری کے عمل نے سرمایہ دارانہ نظام کو مزید مضبوط کیا۔ آج پاکستان کی معیشت میں نجی بینک، صنعتیں، ملٹی نیشنل کمپنیاں اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کے مطابق ملک کی مجموعی معیشت میں خدمات (Services Sector) کا حصہ تقریباً 58 فیصد جبکہ صنعت کا حصہ تقریباً 19 فیصد ہے، جس میں نجی شعبہ نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ اسی طرح KSE-100 Index میں سینکڑوں نجی کمپنیاں سرمایہ کاری اور منافع کے اصول پر کام کر رہی ہیں۔
نظام اپنے پہلو میں فوائد اور نقصانات دونوں سمیٹے ہوئے ہیں ایک طرف یہ نظام صنعتوں اور کاروبار کو فروغ دیتا ہے تو دوسری طرف انہی صنعتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو مزید غریب سے غریب تر کر دیتا ہے یہ نظام امیر اور غریب کے درمیان موجود فرق کی لکیر کو گہرا کرتا ہے۔ ایک طبقہ عیش و آرام کی زندگی گزارتا ہے جبکہ دوسرا بنیادی ضروریات سے محروم رہتا ہے۔
پاکستان میں ٹیکسٹائل انڈسٹری ملک کی برآمدات کا تقریباً 60 فیصد حصہ فراہم کرتی ہے، جس سے لاکھوں افراد کو روزگار ملا ہوا ہے۔ نجی شعبے کی ترقی سے بینکنگ، آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن جیسے شعبوں میں لاکھوں نوکریاں پیدا ہوئیں۔ کمپنیاں ایک دوسرے سے بہتر مصنوعات اور خدمات فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہیں، جس سے اشیاء کا معیار بہتر ہوتا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام نئی ایجادات اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیتا ہے۔ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 2024ء میں تقریباً 3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھیں۔
مگر اسکے ساتھ ساتھ سرمایہ دارانہ نظام پاکستان میں دولت کی غیر متوازن تقسیم کو فروغ دیتاہے۔ عالمی بینک اور دیگر رپورٹس کے مطابق ملک کی بڑی دولت چند فیصد امیر طبقے کے پاس موجود ہے جبکہ تقریباً 40 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے یا اسکے قریب ترزندگی گزار رہی ہے۔
2023ء اور 2024ء کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی شرح 25 سے 30 فیصد تک ریکارڈ کی گئی، جس نے عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کیا۔ بہت سے نجی اداروں میں مزدور کم اجرت اور طویل اوقاتِ کار کا سامنا کرتے ہیں، کیونکہ سرمایہ دارخود زیادہ منافع حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ وہ غریب کی محنت سے حاصل ہونے والی مجموعی رقم میں سے بہت کم حصہ مزدور کو اجرت میں دیتے ہیں اور بقیہ اپنی تجوریوں میں محفوظ کر لیتے ہیں۔ حکومت کی محدود مداخلت کی بنا پر وہ اشیاء کی طلب، رسد، لاگت اور اپنے منافع کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتیں مقرر کرتے ہیں جن کا سب سے زیادہ فادٔہ انہیں خود ہوتا اور غریب طبقہ مزید خسارے میں چلا جاتا ہے۔
پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لیے صرف سرمایہ دارانہ نظام کافی نہیں۔ ملک کو ایسے معاشی ماڈل کی ضرورت ہے جہاں کاروبار کی آزادی بھی ہو اور غریب عوام کے حقوق کا تحفظ بھی کیا جائے۔ حکومت کو چاہیے کہ:
تعلیم اور صحت پر زیادہ سرمایہ کاری کرے، مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرے، ٹیکس نظام کو منصفانہ بنائے، چھوٹے کاروباروں کی حوصلہ افزائی کرے اور کرپشن اور ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ کرے تا کہ ایک مساوی اور متوازن معاشرہ جنم لے سکے۔
اسلامی معاشی اصول بھی دولت کی منصفانہ تقسیم، زکوٰۃ اور سماجی انصاف پر زور دیتے ہیں، اس لیے پاکستان میں ایسا معاشی نظام ضروری ہے جو ترقی کے ساتھ عوامی فلاح کو بھی یقینی بنائے۔
پاکستان میں سرمایہ دارانہ نظام کے منفی اثرات کم کرنے اور معاشی توازن قائم کرنے کے لیے ایک جامع اور متوازن حکمتِ عملی اپنانا ضروری ہے۔ سب سے پہلے ریاست کو ایک ایسا معاشی ماڈل اپنانا ہوگا جس میں آزاد منڈی کے ساتھ ساتھ مضبوط فلاحی ریاست (Welfare State) کے اصول بھی شامل ہوں، تاکہ ترقی کے ثمرات صرف چند طبقوں تک محدود نہ رہیں بلکہ عام شہری تک بھی پہنچ سکیں۔
ایک اہم قدم یہ ہے کہ ٹیکس نظام کو مکمل طور پر منصفانہ اور شفاف بنایا جائے۔ امیروں پر مؤثر ٹیکس عائد کیا جائے اور ٹیکس چوری روکنے کے لیے سخت قوانین نافذ کیے جائیں، تاکہ دولت چند ہاتھوں میں جمع ہونے کے بجائے قومی خزانے میں آئے اور عوامی فلاح پر خرچ ہو۔
اسی طرح تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات پر زیادہ سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ اگر ہر شہری کو معیاری تعلیم اور علاج کی سہولت ملے تو نہ صرف غربت کم ہوگی بلکہ ایک ہنر مند اور مضبوط افرادی قوت بھی تیار ہوگی جو ملکی ترقی میں کردار ادا کرے گی۔
مزدوروں کے حقوق کا تحفظ بھی انتہائی ضروری ہے۔ کم از کم اجرت پر سختی سے عمل درآمد، اوقاتِ کار کی حد مقرر کرنا اور کام کے محفوظ ماحول کو یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے، تاکہ محنت کش طبقہ استحصال سے محفوظ رہے۔
چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی حوصلہ افزائی بھی معیشت کے استحکام کے لیے اہم ہے۔ آسان قرضوں، سبسڈی اور کاروباری سہولتوں کے ذریعے عام افراد کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد دی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ کرپشن، ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں غیر ضروری اضافے پر سخت کنٹرول ضروری ہے، کیونکہ یہی عوامل مہنگائی اور معاشی عدم توازن کو بڑھاتے ہیں۔
آخر میں، اگر پاکستان اپنے معاشی ڈھانچے میں اسلامی اصولوں جیسے زکوٰۃ، صدقات اور انصاف پر مبنی تقسیمِ دولت کو مؤثر طریقے سے نافذ کرے تو ایک ایسا نظام تشکیل دیا جا سکتا ہے جو نہ صرف ترقی یافتہ ہو بلکہ سماجی انصاف اور مساوات کا بھی ضامن ہو۔
یوں ایک متوازن پالیسی کے ذریعے سرمایہ دارانہ نظام کے فوائد کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک خوشحال اور مضبوط ریاست بنایا جا سکتا ہے۔

