Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Umar Khan Jozvi
  3. Tabdeeli Ka Janaza Hai Zara Dhoom Se Nikle

Tabdeeli Ka Janaza Hai Zara Dhoom Se Nikle

تبدیلی کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے

اڈیالہ جیل کے مکین المعروف قیدی نمبراٹھ سو چار کو خبر ہوکہ ملک میں جس تبدیلی پر سادہ لوح عوام باالخصوص نوجوانوں کوگمراہ کرکے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایاگیاتھاخیبرپختونخوامیں اربوں روپے کی کرپشن نے بڑے دھوم دھام سے اس تبدیلی کا جنازہ نکال دیاہے۔

خیبرپختونخواجہاں کرپشن فری پی ٹی آئی کی تیسری بارحکومت ہے اس صوبے کاحال دیکھ کرہم جیسے ان پڑھ اورجاہلوں کوبھی اب کرپشن فری اور تبدیلی کی سمجھ آنے لگی ہے۔ وہ صوبہ جہاں بلدیاتی ممبران کے لئے فنڈنہیں، اس صوبے میں ہزار، لاکھ اورکروڑنہیں بلکہ اربوں روپے کی کرپشن یہ تبدیلی نہیں تو اور کیا ہے؟ چالیس ارب روپے کے کوہستان کرپشن سکینڈل نے نہ صرف تحریک انصاف کے تمام جھوٹے دعووں اوروعدوں کی قلعی کھول کے رکھ دی ہے بلکہ پی ٹی آئی کی نام نہاد عوامی حکمرانی سے بھی نقاب اتار کر پھینک دیاہے۔ کیاعوامی حکمران ایسے ہوتے ہیں؟

اگلوں نے صوبے کے خزانے کو خالہ جی کابکسہ سمجھ کرکنگال کر دیا اوران صاحبوں کوخبرتک نہیں ہوئی۔ کرپشن پردن میں ہزار بار لعنت بھیجنے والوں کی اپنی حکمرانی میں کرپشن کایہ حال ہوتوپھرحیرانی توہوتی ہے۔ ایک بات کی سمجھ نہیں آرہی کہ کے پی کے میں تحریک انصاف والے آخرکرکیارہے ہیں؟ صوبے میں ترقیاتی کاموں کاتونام ونشان نہیں، وہ بلدیاتی ممبران جنہوں نے چھوٹے موٹے ترقیاتی کام کروانے تھے ان بے چاروں کو بھرپور احتجاج، بے حس حکمرانوں کے سامنے رونے، دھونے، چیخنے اور چلانے کے باوجود ترقیاتی کاموں کے لئے کوئی خاطرخواہ فنڈ جاری نہیں کئے گئے، سچ تویہ ہے کہ

صوبائی حکومت کے آستانے پربلدیاتی ممبران سمیت اب تک جس نے بھی دست سوال دراز کیاسب کوایک ہی جواب ملاکہ پیسے نہیں لیکن معلوم نہیں کرپشن کے لئے یہ اربوں روپے نہ جانے کہاں سے آ گئے۔ ہمارے سامنے تویہ چالیس ارب بھی ساتویں آسمان سے کم نہیں پرکہنے والے کہتے ہیں کہ کرپشن کی تبدیلی والایہ معاملہ صرف چالیس ارب نہیں بلکہ یہ تواس سے بھی کہیں آگے کا ہے۔ چالیس ارب کی کہانی توایک کوہستان کی ہے نہ جانے خیبرپختونخواکے باقی اضلاع کاکیاحساب، کتاب اورکیاحال ہوگا۔

پی ٹی آئی والوں نے لوگوں کوتبدیلی کے بڑے سپنے دکھائے تھے، کرپشن سے پاک پاکستان یہ ان سپنوں میں ایک بڑاسپناتھا، وہی سپنے دیکھنے والوں میں سے اکثرلوگ اب یہ سوال کررہے ہیں کہ کرپشن کے حوالے سے تحریک انصاف کے وہ وعدے اوردعوے کہاں گئے؟ پی ٹی آئی کے نادان کارکن توسینہ چوڑا کرکے کہتے تھے کہ کپتان اورکھلاڑی نہ کرپشن کرتے ہیں اورنہ کسی کوکرپشن کرنے دیتے ہیں۔ یہ اگر سچ تھاتوپھرانصافی حکومت کی ناک تلے یہ اربوں روپے کی کرپشن کیسے ہوئی؟ کپتان اوران کے کھلاڑیوں کے بقول اس ملک اوریہاں کی مٹی پرصرف یہ سچے، ایماندار اور امانت دارہیں باقی سارے سیاستدان، حکمران اورلوگ جھوٹے، چور اور ڈاکو ہیں اس حساب سے خیبرپختونخوا کے علاوہ ملک کے باقی صوبوں اور حصوں میں چوروں اورڈاکوؤں کی حکمرانی ہے مگرمزے کی بات یہ ہے کہ ان چوروں اور ڈاکوؤں کی حکمرانی میں کرپشن کے اس طرح ریکارڈ نہیں بن رہے جیسے ایمانداروں کے اس صوبے میں بننے لگے ہیں۔

چالیس ارب روپے شائدکہ کپتان کے کھلاڑیوں کے لئے کچھ زیادہ نہ ہوں کیونکہ جولوگ کپتان کی ایک شرٹ پرایک منٹ میں اربوں روپے جمع کراسکتے ہیں ان کیلئے چالیس ارب روپے کیاچیزہے لیکن خیبرپختونخواکے عوام کے لئے یہی چالیس ارب روپے بڑی بہت بڑی شئے ہے۔ یہ چالیس ارب اگربلدیاتی ممبران کومل جاتے تواس سے صاف پانی کی فراہمی، نالوں وگلیوں کی پختگی وکشادگی سمیت غریبوں کے بہت سے کام ہو جاتے، یہ چالیس ارب اگرٹی ایم اے جیسے لوکل اداروں کوجاری ہوتے تواس سے نہ صرف بہت سے ادھورے کام پایہ تکمیل تک پہنچتے بلکہ ہزاروں گھروں کے بجھے چولہے بھی جلتے۔ لیکن ہائے افسوس خیبرپختونخوا کے عوام خالی خزانہ کے ورد اور سبق سن کر رلتے، تڑپتے، مرتے رہے اور خزانہ کوہستان کی سنگلاح پہاڑوں اوربیابانوں میں بے دردی سے لٹتا اور کٹتا رہا۔

سوال یہ نہیں کہ خیبرپختونخوا میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی سوال یہ ہے کہ جب صوبے میں ایمانداروں اورامانت داروں کی حکمرانی ہے توپھران کی نگرانی میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی کیسے؟ کرپشن کے یہ تاریخی ریکارڈاگروفاق یادوسرے صوبوں میں بنتے تو یوتھیوں نے اب تک آسمان سرپراٹھالیناتھالیکن خیبرپختونخوامیں کرپشن کے ریکارڈپرریکارڈبننے کے بعد بھی یہ اس طرح خاموش ہیں جس طرح پاک فوج کے کرارے جواب کے بعدمسٹرموذی خاموش ہیں۔

نادان کھلاڑیوں اورجنونی کارکنوں کی طرح شائدکہ اربوں کی یہ کرپشن کپتان کے سامنے بھی کچھ نہ ہوں لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کرپشن نے خیبرپختونخواسے تبدیلی کاجنازہ نکال دیا ہے۔ وہ صوبہ جسے کپتان کے کھلاڑیوں نے رول ماڈل بناناتھاوہ کرپشن کاگڑھ بن چکا ہے، حالات اگریہی رہے توپھرکل کوکپتان اورکھلاڑی عوام کوکیامنہ دکھائیں گے،؟

Check Also

Naye Meesaq Ki Zaroorat Hai

By Syed Mehdi Bukhari