Thursday, 16 May 2024
  1.  Home/
  2. Tayeba Zia/
  3. Pakistan Aur Fauj Lazim O Malzoom

Pakistan Aur Fauj Lazim O Malzoom

پاکستان اور فوج لازم و ملزوم

آرمی چیف کو ہتک کا نشانہ بنانا فوج کے وقار پر حملہ ہوتا ہے۔ فوج کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔ آپ فوج کے ایک سپاہی سے بھی پوچھ لیں وہ آرمی چیف کے خلاف منفی پروپیگنڈا پوری فوج کی توہین سمجھتا ہے۔ فوج میں آرمی چیف کی حیثیت صرف کمانڈر اور سپہ سالار کی ہوتی ہے۔ فوج کے اندرکوئی اچھا برا آرمی چیف نہیں ہوتا، ایک نظام کے تحت لوگ آتے جاتے ہیں۔ یہ عوام اور سیاستدان ہیں جو آرمی چیف کو اچھا یا برا، سیاسی یا غیر سیاسی بناتے ہیں۔ قطع نظر کہ فوج کی حکومت اچھی ہوتی ہے یا بری عوام نے سابق جنرل ایوب خان کے دور حکومت میں ترقی کے منصوبوں کو بہت سراہا۔

سابق جنرل ضیا الحق کے دور حکومت کو بھی دائیں بازو والوں اور مذہبی حلقوں نے پذیرائی بخشی جبکہ لبرل طبقے نے سابق جنرل پرویزمشرف کے دور حکمرانی کو پسند کیا۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ سیاست کی وجہ سے فوجی ادارے کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ فوج کو بدنام کرنے سے پاکستان کا نقصان ہو گا۔ دشمنوں کو فائدہ ہو گا۔ فوج مخالف پروپیگنڈہ ملک دشمنی ہے۔ جمہوریت کی آڑ میں عوام کو فوج کے خلاف گمراہ کیا جارہا ہے۔ فوج کی قربانیوں جذبے اور حب الوطنی کو مشکوک بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان کو چاروں اطراف سے بھوکے بھیڑیوں کا سامنا ہے جو پاکستان کو معذور ریاست دیکھنا چاہتے ہیں۔ ملک ہے تو سیاست اور جمہوریت ہے۔

نواز شریف کے خلاف فوج کے اندر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ سابق جنرل ضیا الحق کی سیاست میں مداخلت اور روحانی بیٹوں الطاف حسین اور نواز شریف کی دریافت پر فوج کے اندر نا پسندیدگی پائی جاتی تھی۔ ضیا دور کے بعد نام نہاد جمہوریت کا پہیہ ذرا آگے بڑھا تو جنرل ضیا کی روحانی دریافت نواز شریف نے حسب توقع اس وقت کے آرمی چیف سے پنگا لے لیا۔ سابق آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے بھی سیاست کا موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا اور طیارہ کیس کی آڑ میں حکومت پر قبضہ کر لیا جسے عرف عام میں شب خون مارنا کہا جاتا ہے۔ دس برس اس ملک پر خوب عیاشی کی۔ لیکن 2008 میں جنرل کیانی نے فوجی افسران کو حکم دیا کے وہ سیاست دانوں کے ساتھ رابطے نہ رکھیں۔ جنرل کیانی نے پاکستان کے تمام حکومتی اور سول محکموں سے فوجی افسران کی واپسی کا حکم دے دیا اور صدر مشرف کے ناقدین نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جن کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ سیاست میں فوج کی دخل اندازی نہ ہو24 جولائی 2010 کو وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ان کی ملازمت میں تین سال کی توسیع کردی۔

2013 کو وزیر اعظم نواز شریف نے راحیل شریف کو فوج کا سپاہ سالار مقرر کیا-راحیل شریف بھی سیاست میں عدم دلچسپی رکھتے تھے۔ جنرل راحیل شریف کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور قابلیت کی ساری دنیا معترف ہے اور دہشت گردی کے خلاف ان کی کوششیں انتہائی کامیاب رہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مسلمان ملکوں کی طرف سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے قائم کئے گئے اتحاد کی قیادت کے لئے ا ن کا انتخاب کیا گیا۔ راحیل شریف نے جس وقت پاکستانی آ رمی کی کمانڈ سنبھالی تو ملک میں امن و امان کی صورت حال انتہائی ابتر تھی۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف سخت موقف اختیار کیا اور سانحہ پشاور کے بعد پاکستان آرمی نے تمام تر ملک دشمن قوتوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کیں۔ اس سے امن و امان کی صورت حال میں بہتری ہونے لگی اور راحیل شریف ملک میں ایک مقبول آرمی چیف کی حیثیت سے ابھرے۔

حالیہ ایران سعودیہ کشیدگی میں وہ بھی ملکی وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان میں کشیدگی کم کرنے کے لیے دورے پر تھے۔ راحیل شریف ایک آرمی چیف کی حیثیت سے 29 نومبر 2016ء تک خدمات انجام دے کرپاک فوج کی کمان جنرل قمر جاوید باجوہ کے حوالے کر گئے۔ جنرل باجوہ کے ساتھیوں کایہ کہنا ہے کہ انہیں توجہ حاصل کرنے کا قطعی کوئی شوق نہیں اور وہ سیاست سے دور رہ کر اپنے کام سے کام رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جنرل باجوہ انتہائی پیشہ ور افسر ہیں اورایک نرم دل رکھنے والے انسان ہیں۔ ان کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک انتہائی غیر جانبدار فوجی افسر ہیں۔ سابق آرمی چیف جنرل اشفاق کیانی تو زرداری اور نواز شریف کی گڈ بک میں تھے تبھی توزرداری حکومت نے انہیں ایکس ٹینشن دی۔ جنرل راحیل شریف آرمی چیف بنا دئیے گئے لیکن مشرف کی اور دیگر جرنیلوں کی طرح وہ بھی نواز شریف کو پسند نہیں تھے۔

اگر فوج سیاست میں مداخلت کرتی ہے تو سیاستدان فوج میں مداخلت کرتے ہیں۔ سیاستدان کیوں اپنی مرضی کی پالیسیاں فوج پر مسلط کرنا چاہتے ہیں؟ نواز شریف نے فوج کے ساتھ آبیل مجھے مار کے مترادف رویہ رکھا۔ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نواز حکومت کوا سپورٹ کرتے رہے لیکن نواز شریف کو اپنے پائوں پر خود کلہاڑی مارنے کا جنون ہے۔ مسلم لیگ نواز میں اکثریت اس حقیقت کا ادراک رکھتی ہے کہ پاکستان اور فوج لازم و ملزوم ہیں۔ فوج مخالف بیانیہ پر مسلم لیگ ن تقسیم ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نواز شریف کی ہر کمزوری اور کوتاہی کو نظر انداز اور برداشت کرتے رہے لیکن نواز شریف بھی مکافات عمل سے دوچار ہیں اور قیادت کے احمقانہ سیاسی وطیرہ کے سبب جماعت بھی مشکلات سے دوچار ہے۔ فوج کے جذبات بہرحال مجروح کئے جا رہے ہیں۔

Check Also

Heera Mandi

By Sanober Nazir