بل گیٹس کی دولت شادی نہ بچا سکی
دنیا کاامیر ترین شخص بھی اپنی بیوی کو خوش نہیں رکھ پایا؟ بل گیٹس کی بیوی بھی ناشکری ثابت ہوئی یا بل گیٹس کی برداشت جواب دے گئی؟ دولت سے سکون اور خوشی خریدی جا سکتی تو دنیا کا امیر ترین جوڑا 27 برس بعد علیحدگی اختیار کرتا؟ کسی زمانے میں دنیا کے امیر ترین شخص کہلانے والے بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملینڈا نے شادی کے 27 سال بعد طلاق کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 'ہمارے نزدیک ہم اب ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہوئے ترقی نہیں کر سکتے۔ 'جوڑے کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے ذریعے کیے گئے اعلان میں کہا گیا کہ 'بہت زیادہ سوچ بچار اور اپنے رشتے پر بہت زیادہ کام کرنے کے بعد ہم نے اپنی شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 'دونوں کی پہلی ملاقات 1980 کے اواخر میں ہوئی تھی جب ملینڈا نے بل گیٹس کی کمپنی مائیکروسافٹ میں نوکری کا آغاز کیا تھا۔ ان کے اب تین بچے ہیں۔ ہم اب بھی اس مشن پر یقین رکھتے ہیں اور ہم اس فاؤنڈیشن کے لیے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے، تاہم ہمارے نزدیک ہم بطور جوڑا اپنی زندگیوں کے اگلے مراحل میں ایک ساتھ ترقی نہیں کر سکتے۔
فوربز کے مطابق بل گیٹس دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان کی کل دولت 124 ڈالرارب کے قریب ہے۔ ملینڈا کا کہنا تھا کہ بل دل کے معاملات میں بھی باقاعدہ حساب کتاب سے چلتے تھے۔ اور انہوں نے ایک وائٹ بورڈ پر شادی کے فوائد اور اس کے نقصانات، کے ساتھ ایک فہرست بنائی تھی۔ بل گیٹس اور ملنڈا کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 130 ارب ڈالر ہے۔ عالمی سطح پر اس جوڑے کو انسان دوست مانا جاتا ہے جن کا فلاحی ادارہ بین الاقوامی سطح پر صحت، تعلیم، صنفی مساوات سمیت دیگر عالمی مسائل کے خاتمے کے لیے کام کرتا ہے۔ یاد رہے کہ 65 سالہ بل گیٹس اور 56 سالہ ملنڈا نے 1994 میں شادی کی تھی اور اس جوڑے کے تین بچے ہیں۔ Amazon کے مالک جیف بیزوس کو گزشتہ سال طلاق کے بعد اپنی سابق اہلیہ کو 38 ارب ڈالر دینا پڑے تھے۔ اس کے باوجود دولت مندوں میں ان کا درجہ کم نہیں ہوا اور وہ بدستور دنیا کے سب سے امیر شخص ہیں۔ 113 ارب ڈالر کے ساتھ وہ مسلسل تیسرے سال اول رہے۔ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس دوسرے نمبر پر ہیں جن کی دولت کا تخمینہ 98 ارب ڈالر ہے۔
یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ وہ اب تک 36 ارب ڈالر چیریٹی کے لیے دے چکے ہیں۔۔۔۔ کرونا وبا سے عالمی شہرت یافتہ امرا کی دولت بھی گھٹ گئی ہے۔ انکشاف ہوا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 51 فیصد امرا کی دولت کم ہوئی ہے، جبکہ 226 افراد کے اثاثے ایک ارب ڈالر سے گھٹ گئے ہیں یعنی وہ اب ارب پتی نہیں رہے۔ طلاق کے بعد مغرب کی عورت شوہر کے نصف اثاثوں کی مالک بن جاتی ہے۔ Amazon کے بانی جیف بیزوز اور انکی بیگم میکنزی سکاٹ نے گزشتہ سال 25 سال کی شادی شدہ زندگی ختم کردی تھی اس طلاق نے میکنزی سکاٹ کو دنیا کی امیر ترین خواتین کی صف میں شامل کردیا تھا. بل گیٹس سے علیحدگی کے بعد میلنڈا گیٹس بھی دنیا کی چند دولتمند خواتین کی فہرست میں شامل ہوسکتی ہیں .بل گیٹس کا کہنا ہے کہ ہم دونوں اب ساتھ مل کر نہیں رہ سکتے لہذا علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے البتہ رفاہی منصوبوں میں تعاون جاری رہے گا۔۔۔
دنیا کے امیر ترین جوڑے کو دولت اکٹھا نہ رکھ سکی جبکہ پاکستان کے غریب ترین جوڑے جھونپڑی میں اکٹھے جیتے مرتے ہیں۔ پیسہ بے شک ایک حقیقت ہے مگر سکون اور خوشی صرف پیسے سے حاصل ہو سکتی تو دولتمند کبھی بے سکون اور ناخوش نہ ہوتے۔ خوشی اور سکون از خود بہت نایاب دولت ہے جو فقط قناعت توکل اور خوف خدا سے ہی حاصل ہو سکتی ہے۔ اللہ تعالی نے مال اور اولاد کو آزمائش ایسے ہی نہیں فرمایا، دنیا گھوم کر دیکھ لیں ہر انسان مال اور اولاد کی آزمائش میں گرفتار دکھائی دے گا۔ مال نہیں تب بھی آزمائش ہے مال ہے تب بھی مسائل موجود ہیں۔ غریب اور مڈل کلاس طبقہ مہنگائی، بیروزگاری، بھوک افلاس، قرض ایسے مسائل کے ہاتھوں لڑتا مرتا ہے۔ طلاق بے سکونی کا نتیجہ ہے۔ غریب کے ہاں طلاق بھوک کا سبب ہو سکتی ہے لیکن امیر ترین کے ہاں طلاق کا سبب کیا ہو سکتا ہے بل گیٹس بہتر بتا سکیں گے۔ مسلمان اور پاکستان میں بھی امیروں کے ہاں طلاق زیادہ سننے کو ملتی ہے۔ لوگوں کا اللہ سے یقین اٹھتا جا رہا ہے، خوف خدا نہیں رہا، جو کچھ ہے بس یہی دنیا نظر آتی ہے اور اس دنیا کی ہوس اور انسان کا نفس اسے مروا رہا ہے۔