Monday, 08 December 2025
  1.  Home
  2. Rauf Klasra
  3. Main Rauf He Hoon

Main Rauf He Hoon

میں رئوف ہی ہوں

آج شام کا ہی ایک دلچسپ واقعہ سنائوں۔ کسی بہت پیارے دوست کے بیٹے کی شادی ہے۔ مجھے ایک ماہ پہلے مسیج آیا کہ تم نے آنا ہے۔ میں ہمیشہ ریمانڈر کا انتظار کرتا ہوں۔ خیر ان کا کل ریمانڈر آیا۔ طویل سفر تھا۔ چل پڑا۔

شادی ہال پہنچا تو وہ کچھ حیران ہوا کہ اس کا خیال تھا کہ میں شاید نہ آسکوں۔ خیر وہ مجھے کچھ دوستوں کے پاس چھوڑنے آرہا تھا تو قریب دو خوبصورت لڑکیاں اور ان کی ماں کھڑی تھیں۔

میں قریب سے گزرا تو ایک لڑکی نے ماں کو میرا نام لے کر کہا یہ تو رئوف کلاسرا لگ رہا ہے۔ ان کا خیال تھا شاید آواز مجھ تک نہیں پہنچی۔

مجھے ایسے موقعوں پر سندھی اداکار گلاب چانڈیو یاد آتے ہیں جنہیں میں نے 1998 میں سپر مارکیٹ اسلام آباد میں پہلی دفعہ دیکھا تو دیکھتا رہا کہ وہ ٹی وی پر ڈراموں کی وجہ سے بہت مشہور تھے اور مجھے بہت پسند تھے۔

وہ چاہتے تو اگنور کرتے کہ کوئی دیکھ رہا ہے۔ وہ رکے اور میری طرف آئے اور مسکرا کر کہا جی میں گلاب چانڈیو ہوں۔ ان کی مونچھوں کے نیچے لبوں پر مسکراہٹ اور وہ gesture عمر بھر میرے ساتھ رہا۔

میں مڑ اور ان ماں / بیٹیوں کو کہا جی میں رئوف ہی ہوں۔

وہ تینوں ہنس پڑیں کہ اوہ آپ نے سن لیا۔

خیر ان میں سے ایک لڑکی بولی سنائیں ہمارا ملک کیسے چل رہا ہے؟

میں نے ادھر ادھر نظر دوڑائی جہاں شادی لان میں ہر طرف خوبصورت چہرے، ہنستے مسکراتے کھاتے پیتے لوگ گپیں مار رہے تھے اور سب خوش باش لگ رہے تھے۔

میں نے کہا دیکھیں کیسے ہر طرف خوشی پھیلی ہوئی ہے۔ سب خوش ہیں اور کیا خوشی چاہئے۔

وہ لڑکی بولی یہ خوشی تو ہماری ہے۔ ہماری شادی کا فنکشن ہے۔ ہم خود یہ خوشی منا رہے ہیں۔ حکومت نے ہمیں کیا خوشی دی ہے۔ اس کا بتائیں۔ اس میں حکومت کا کیا کارنامہ ہے؟

اب شرمندہ ہونے کی باری میری تھی۔

سوچ رہا ہوں کہ اس خوشی کے موقع پر خوشی کیسے ڈھونڈی جائے؟

About Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.

Check Also

Mashriqi Bangal Ke Aaine Mein Aaj Ka Pakistan

By Muhammad Aamir Hussaini