Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zia Ur Rehman
  4. Now Get Your House In Order

Now Get Your House In Order

ناؤ گٹ یور ہاؤس ان آرڈر

پچھلے چار دن سے ایک جذباتی سی کیفیت سے گزر رہے ہیں، مسرور بھی بہت ہیں اور کچھ ملال بھی۔ خوشی کے لمحات کے ساتھ ایک خواہش، ایک تمنا ایک آرزو ایک تڑپ۔ مجھ جیسے انسان جنکے پاس الفاظ کا ذخیرہ اور انکا جوڑ توڑ بہت محدود ہو میں کو اپنے احساسات بیان کرنے میں وقت لگ جاتا ہے۔ شاید ہم جیسے عام عوام کچھ ایسا ہی سوچتے ہیں لیکن کہ نہیں پاتے۔ طویل لیکن دل سے لکھی ہوئی چند باتیں۔

پاکستان کی فتح کے بعد ایک نئے عزم کی ضرورت ہے۔

پاکستان کی سرزمین پر فتح کی گونج بلند ہے۔ ہندوستان کے ساتھ حالیہ جنگ کے خاتمے پر پاک فوج کی بہادری اور عزم نے ہندوستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔ ہر پاکستانی کے دل میں فخر کا جذبہ موجزن ہے اور سڑکوں سے لے کر گھروں تک جشن کا سماں ہے۔ یہ فتح ہماری قوم کی یکجہتی اور ہماری مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مگر یہ لمحہ صرف جشن منانے کا نہیں، بلکہ خود احتسابی اور ایک نئے عزم کے آغاز کا ہے۔ یہ وقت ہے کہ ہم اپنا گھر درست کریں اور اس فتح کو ایک عظیم پاکستان کی بنیاد بنائیں۔

ہمارا پیارا وطن، یہ پاک سرزمین، خوابوں اور امیدوں کا گہوارہ۔ مگر آج ہم کئی سنگین چیلنجز سے دوچار ہیں جو ہماری ترقی کی راہ میں حائل ہیں۔ معیشت کی کمزوری نے ہمارے قدموں کو جکڑ رکھا ہے۔ غربت، بے روزگاری، بجلی کے بے پناہ زیادہ بل اور اب فصلوں کے لیے پانی کی قلت جیسے مسائل ہمارے عوام کی زندگیوں کو مشکل بنا رہے ہیں۔ کرپشن اور سیاسی چپقلش نے ہمارے اداروں کی بنیادوں کو کمزور کیا ہے۔ یہ وہ زخم ہیں جو ہماری فتح کے جشن کو ادھورا بناتے ہیں۔ اگر ہم واقعی ایک عظیم قوم بننا چاہتے ہیں، تو ہمیں ان مسائل سے نبردآزما ہونا ہوگا۔

فتح کا یہ لمحہ ہمارے لیے ایک پیغام ہے۔ یہ صرف سرحدوں پر کامیابی نہیں، بلکہ ایک نئے پاکستان کی تعمیر کا موقع ہے۔ ہمیں اپنی معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔ صنعتیں لگانی ہیں، زراعت کو فروغ دینا ہے اور اپنے نوجوانوں کو ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے ہیں۔ حکومت کو بھی سوچنا چاہیے کہ کسی بھی ملک میں برین ڈرین کوئی اچھی بات نہیں ہوتی، بیرونِ ملک کام کرکے پاکستان زرِمبادلہ منگوانا اور اس سے اپنی معیشت چلوانا ہے تو اس سے بہتر ہے کہ انسان کی بجائے مشینوں پر انویسٹمنٹ کر لیں۔

ہمارے تعلیمی اداروں کو یکسر بدلنا ہوگا کہ یہاں کا تعلیمی نظام بہت فرسودہ ہو چکا۔ ہمیں ہر شعبہ میں طویل المعیاد گول سیٹ کرنے پڑیں گے جو ایک یا دو سال نہیں بلکہ دس پندرہ سال پر محیط ہوں۔ ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانا ہے جہاں انصاف ہو، امن ہو اور خوشحالی ہر گھر کے دروازے پر دستک دے۔ یہ خواب کوئی محال نہیں، بس ہمیں اپنی ترجیحات درست کرنی ہیں اور اجتماعی طور پر ایک نئی جستجو کا آغاز کرنا ہے۔

ہماری بہادر پاک فوج سے ایک عاجزانہ التجا ہے۔ آپ ہمارا فخر ہیں، ہماری سرحدوں کے ناقابلِ تسخیر محافظ ہیں۔ آپ کی جرات اور قربانیوں نے ہمیں یہ فتح عطا کی اور اس کے لیے پوری قوم آپ کی معترف ہے۔ مگر اب وقت ہے کہ آپ اپنی توجہ اپنی بنیادی ذمہ داری، سرحدوں کی حفاظت، پر مرکوز رکھیں اور سیاسی میدان سے دوری اختیار کریں۔ پاکستانی عوام آپ کے اسی کردار کی قدر کرتی ہے جو آپ سرحدوں پر ادا کرتے ہیں۔ سیاست کے جھگڑوں سے آزاد ہو کر آپ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مزید بہتر طریقے سے نبھا سکتے ہیں اور یہی وہ کردار ہے جس کی قوم آپ سے توقع رکھتی ہے۔

ہم سب کو مل کر ایک نیا پاکستان بنانا ہے، ایک ایسا پاکستان جو نہ صرف خطے میں بلکہ پوری دنیا میں امن، ترقی اور ہم آہنگی کا نمونہ ہو۔ ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہے، کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے اور ایک ایسی معیشت کی بنیاد رکھنی ہے جو خود کفیل ہو۔ یہ فتح ہمارے لیے ایک نقطہ آغاز ہے۔ اس موقع کو ضائع نہ کریں۔

اب وقت ہے کہ ہم اٹھ کھڑے ہوں۔ آپسی چپقلش کو بھول کر اب اس معیشت کو سہارا دیں، صنعتوں کو اٹھائیں اور اپنے خوابوں کو پرواز دیں، ایسی پرواز جسکا ہمارا نوجوان متمنی ہے اور ابھی اس میں اس پرواز کو لامحدود بلندی پر لیجانے کی ہمت بھی۔ ایسا خواب جو تین نسلیں دیکھتی رہیں اور ہمارا آجکا نوجوان بھی دیکھ رہا۔ اپنے اس خواب کی حفاظت کریں، اپنے اس خواب کی آبیاری کریں۔

یہ وطن ہمارا ہے اور ہم ہی نے اس میں رہنا ہے، یہ جیسا بھی ہے، اسے ہم نے ہی سنوارنا ہے، ہم اتنا تو کر لیں کہ ہمارے نوجوان کو یہاں سے نکل جانے کی فکر نہ ہو۔ ایک دعا، ایک عظیم ملک کی بنیاد، ایک عظیم پاکستان جس کا خواب ہمارے اسلاف نے دیکھا تھا۔ اللہ کرے کہ یہ فتح ہمارے عزم کی ابتدا بنے، ایک نئے، خوشحال اور پرامن پاکستان کی بنیاد۔

پاکستان زندہ باد

Check Also

Muhammad Yaqoob Quraishi (3)

By Babar Ali