Paharon Ka Aalmi Din Mubarak Ho
پہاڑوں کا عالمی دن مبارک ہو
پہاڑوں کی ارضیاتی نقشہ سازی سائنس سے زیادہ ایک آرٹ ہے۔ جس کی مدد سے نہ صرف پہاڑ کی سطح کے نقش و نگار کاغذ پر اتار لئے جاتے ہیں، بلکہ ان کے باطن کے اندر بھی جھانکا جا سکتا ہے۔ یہ ڈیم انجنئیرنگ کا سب سے اہم کام ہوتا ہے۔
پہاڑوں کی عمریں کروڑوں اربوں سال تک ہوتی ہے۔ اور ان کی عمر کی پیمائش کا اپنا ہی پیمانہ ہے۔ جو زمین کے وجود میں آنے، زمین پر زندگی کی پہلی علامت ظاہر ہونے، پہلے جانور کے وجود میں آنے، ڈائنوسار کے ختم ہونے اور اس جیسے اور بہت سے دلچسپ اور اہم واقعات سے منسلک ہیں۔
پہاڑوں کی ساخت دیکھ کر ایک جیالوجسٹ کروڑوں سال پہلے ہونے والے واقعات کی تصویر کشی کرسکتا ہے کہ کب یہاں پر سمندر تھا اور کب ڈائنوسار پھر رہے تھے۔ کس سمت پانی چلتا رہا، کب اور کیسے زلزلہ آیا یا علاقہ ہوائی طوفان کی زد میں رہا۔
پہاڑوں کی کئی نسلیں ہوتی ہیں۔ جیسے آتشی چٹانوں والے پہاڑ، سمندر کے نیچے بننے والے تہہ دار پہاڑ یا پھر بہت زیادہ دباؤ اور وزن سے اپنی ہیئت تبدیل کر لینے والے پہاڑ۔
ارضیاتی نقشہ بنانے میں ان کی چٹانوں کی قسمیں، رنگ، خصوصیات، پتھروں کے افقی یا عمودی زاوئیے، مختلف چٹانوں کی تہوں کو موٹائی، چوڑائی الغرض ہر چیز کی پیمائش کی جاتی ہے۔ جس کا مقصد اس جگہ کی خصوصیات معلوم کرنا ہوتا ہے جہاں ڈیم یا اسپل وے بننا ہوتا ہے۔
اس کے بعد ان چٹانوں میں سو سے ہزار فٹ تک گہرے بور کرکے مختلف گہرائی سے ان سے نکلنے والے پتھروں کی جانچ سے زیرِ زمین پہاڑوں کی خصوصیات جانچی جاتی ہیں اور اس کا نقشہ تیار کیا جاتا ہے تاکہ ڈیم کے نیچے کی بنیادوں کو سیمنٹ سے گراوٹ کرکے سِیل کردیا جائے۔
اسی طرح ڈیم کے ساتھ پانی کھڑا ہونے سے جہاں جہاں جھیل بنتی ہے۔ اس کے پہاڑوں کے بھی ایسے ہی ارضیاتی نقشے بنتے ہیں جن کا مقصد جھیل سے ملحقہ پہاڑوں کو پانی میں لڑھکنے کے امکانات سے بچانا اور جھیل کے پیندے کو لیک پروف بنانے کے اقدامات کرنے کے متعلق معلومات لینا ہوتا ہے۔
چٹانوں پر سائٹ پر ہی مختلف ٹیسٹ کرکے ان کی ساخت اور طاقت جانچ کی جاتی ہے۔ جبکہ بور کے اندر سے نکلنے والے پتھروں پر لیبارٹری میں ٹیسٹنگ ہوتی ہے۔ بور کے اندر پانی کا پریشر دے کر اس سے پانی رسنے کے امکانات کے بھی کافی ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ جس کے بعد بور لاگ بنائے جاتے ہیں، جس میں زمین کی سطح سے لے کر بور کے پیندے تک کی زمینی ساخت کا نقشہ تیار ہوتا ہے۔
پہاڑ کا دامن بہت وسیع ہوتا جو اپنے ساتھ اتنی انسانی چھیڑ چھاڑ برداشت کر لیتا ہے۔ دنیا کو توازن میں رکھتا ہے اور ہمارے لئے پانی، سبزہ، درخت اور پتھر بھیجتا ہے۔
پہاڑوں کا عالمی دن مبارک ہو۔