Thursday, 26 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zafar Iqbal Wattoo
  4. Civil Engineering

Civil Engineering

سول انجنئیرنگ

اہرامِ مصر کی اندرونی دیواروں پر عجیب و غریب زبان لکھی ہے جو کہ زیادہ تر جانداروں کی اشکال، پرندوں اور پودوں کی تصاویر پر مشتمل ہے۔ اس کے ایک بڑے حصے کا تو ماہرین ترجمہ کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے لیکن ایک خاص حصہ وہ تھا جو باوجود کوشش کے ان کی سمجھ میں نہ آ سکا۔ یہ حصہ اس شاہکار تعمیر کے انجنئیرنگ پہلوؤں کے متعلق تھا جو آج تک دنیا بھر کی سول انجنئیرنگ کے کورسز میں پڑھایا جاتا ہے۔

اگر آپ سول انجنئیرنگ کو ایک بورنگ مضمون سمجھتے ہیں تو آپ غلطی پر ہیں۔ ہمیں تعمیراتی سائنس کے نام پر ایسے ایسے گراف اور چارٹ پڑھائے جاتے ہیں جس کے سامنے دنیا بھر کی اشارے کی زبانیں اور خفیہ ایجنسیوں کے کوڈ مات ہیں۔ کتنے مشکل چارٹ پڑھ پڑھ کر ڈگری مکمل ہوتی ہے۔ کلاس میں جب اس قسم کے چارٹ پڑھائے جا رہے ہوتے تھے تو طلباء ان کو اس طریقے سے یاد کرتے ہیں کہ کس مقام پر بریک ہوگی۔ نیلے کلر پر باتھ روم میں جانا ہے اور لال رنگ پر جگہ لیکچر ختم ہونے کے قریب ہے۔ کون سا ایک لیکچر والا چارٹ ہے اور کون سا لمبا؟

کچھ ذہین طلبا چارٹس کو مختلف شکلوں سے یاد رکھتے تھے مثلاً ایک دوست سٹیل (سریے) کے ٹیسٹ والے چارٹ کو بس اسٹینڈ کے چھجے والا چارٹ کہتے تھے۔ یہ ہر امتحان میں پوچھا جاتا تھا اور موصوف فیل ہو جاتے۔ ڈگری کے فوراً بعد انہیں اپنی کمپنی کی طرف سے ایک پٹرول پمپ کی تعمیر کا کام ذمے لگایا گیا تو کہی دن تک ایک ہی خواب بار بار آتا رہا کہ پٹرول پمپ کا شیڈ گر گیا ہے اور وہ ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھتا۔ بہرحال پچیس سال بعد وہ پمپ آج بھی اپنی جگہ کھڑا ہے۔

میٹیرئل کی خصوصیات کے چارٹ سمجھنا سب سے مشکل کام تھا۔ ایک دوست نے میٹیرئیل کے فائنل وائوا میں ممتحن سے واقفیت نکالنے کے چکر میں کہہ دیا کہ میرا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ ممتحن نے پوچھا کہ اچھا فیصل آباد میں کوئی سیمنٹ فیکٹری ہے؟ دوست نے کہا جی بالکل ہے۔ ممتحن نے بے ہوش ہوتے ہوتے پوچھا کہ وہاں تو ٹیکسٹائل فیکٹریاں ہیں تو دوست نے اسی اعتماد سے جواب دیا کہ جی ہاں اردگرد ٹیکسٹائل فیکٹریاں ہیں اور درمیان میں سیمنٹ فیکٹری ہے۔ جس پر ممتحن نے اس کو فیل کرتے ہوئے کہا کہ آج تک مجھے معلوم نہ تھا کہ کپڑے سے بھی سیمنٹ بنتا ہے۔

تصویر میں انجنئیرنگ کے چارٹس کی ایک جھلک دیکھ لیں جو کہ میں نے لنکڈ اِن پر ایک انجنئیرنگ گروپ سے لی ہے۔ آپ ڈاکٹروں کی ناقابلِ فہم نسخہ جاتی زبان کو بھول جائیں گے۔

Check Also

Jadeed Maharton Ki Ahmiyat, Riwayati Taleem Se Aage

By Sheraz Ishfaq