Soch Aur Tabdeeli
سوچ اور تبدیلی
ایک وقت کی تلاش ہے، ایک دن ایسا ہوکر رہے گا، غربت اور امیری بہن بھائی ہیں، وقت کی کایا ضرور پلٹتی ہے، کدی رب ساڈے ولے وی ہووے گا۔ میرے خیال میں یہ الفاظ یا ان جیسی چند مزید درجنوں مثالیں دلاسے کے الفاظ ہیں جو ہم اپنے آپ کو یا اپنے جیسوں کو کہ کر سکوت مسلسل کی طرف مزید راغب کرتے ہیں۔
کوئی شک نہیں رب ہمارے ولے ہی ہے کیونکہ اپنے خدا سے جتنی امیدیں ہیں ہمیں وہ ضرور عطاء کرے گا مگر بات یہ ہے کہ ہم لینے والے تو بنیں۔ اگر آپ اول کلاس میں ایڈمیشن نہیں لیں گے اور گھر بیٹھ کر رب ساڈے ولے ہوگا اور ہم دوسری کلاس بھی پاس کرجائیں گے تو ایسا کبھی نہیں ہوتا۔ بالکل انہونی پر یقین تو جیسا ہمارا قومی قضیہ ہو ایک ایسی خالی امید کہ ایسا ہوگا مگر ایسا تب ہوگا جب اسکے مطابق ہماری کوشش ہوگی۔
اللہ پاک ہماری حرکت میں برکت ضرور عطاء فرمائے گا جس وقت کی تلاش ہے وہ وقت آپ کے اپنے پاس موجود ہے۔ کسی بھی قوم یا فرد کی ترقی کا راز سوکر اٹھنے میں نہیں چھپا بلکہ اسکے پیچھے محنت لگن ہوتی ہے۔ جب ہم کوئی بھی کام محنت لگن سے کرتے رہتے ہیں اور استقامت کو تھامے رکھتے ہیں تو وقت ضرور آتا ہے جب ہم کامیاب ہوجاتے ہیں۔
زندگی میں کسی ناکامی کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ناکام ہیں بلکہ آپ کی کوشش اور پختہ پن آپ کی تمام ناکامیوں کو کامیابی میں بدل سکتا ہے۔ آج ہی ارادے پختہ کریں جس فیلڈ میں آپ دلچسپی رکھتے ہیں یا آپ تھوڑا بہت کرسکتے ہیں اسکو استقامت کے ہتھیار سے شکست دیں اور آپ بہت کچھ کر جائیں گے۔
جس دروازے پر دستک دی جائے وہ کھلتا ضرور ہے اندر کی قابلیت کو ضائع کرنے سے پہلے تھوڑی سی خود اعتمادی پیدا کریں تو ضرور ہماری قابلیت مزید نکھر کر سامنے آئے گی بس ذہن بدلیں راستہ لیں برکتیں اور راحتیں میرے اللہ پاس ہیں، وہ ہر موڑ پر رحمتوں کے نزول سے ضرور نوازے گا۔
بے شک وہ بن مانگے عطاء کرتا ہے وہ ہماری حثیت سے زیادہ دیتا ہے اور ستر ماوں سے زیادہ پیار کرتا ہے۔ جس نے ہمیں پیدا کیا اسکو ہم پیارے نہیں تو اور کس کو ہونگے تبدیلی آئے گی بس ارادے ہمارے کمزور نہ پڑ جائیں ہم خود سے نہ ہاریں کوئی ہمیں نہیں ہرا سکتا۔