Pagpag
پاگ پاگ
پاگ پاگ بچے کھچے (بالخصوص فاسٹ فوڈ) کھانے کیلیئے فلیپین میں بولی جانے والی ایک اصطلاح ہے جسے گندگی کے ڈھیروں یا ریسٹورنٹس کے ڈرموں سے چنا اور کچھ معالجہ کرکے کھایا جاتا ہے، فلپین میں پاگ پاگ (دوبارہ پکا کر) بیچنے کیلیئے کئی لوگ مشہور ہو چکے ہیں۔ تاہم اس ڈش کے بارے میں جان کر دل بہت برا ہوتا ہے۔
پاگ پاگ کھانے ایکسپائرڈ گوشت، تلف شدہ مچھلی اور گلی سڑی سبزیاں یا پھل بھی ہو سکتے ہیں جنہیں اس جگہ جمع کیا جاتا ہے جہاں کچرے کے ٹرک اسے لا پھینکتے ہیں یا سپر مارکیٹوں کے باہر رکھے ڈرموں سے بھی حاصل کیا جاتا ہے۔ پاگ پاگ جدھر سے ملے ادھر ہی بیٹھ کر کھا لینے یا جمع کرکے دوبارہ پکا کر کھانے والی چیز ہے۔
پاگ پاگ ڈش فلپین میں پڑنے والی مہنگائی اور اس کے نتیجے میں غربت کی وجہ سے مشہور ہوئی اور اس کے بارے میں دنیا کو 2003 میں یہاں بننے والی بہت ساری پاگ پاگ ڈاکومینٹریز دیکھ کر علم ہوا۔ 2012 میں سی این این کی پاگ پاگ پر بنی ڈاکومینٹری نے حقیقی معنوں میں دنیا کو فلپین کی غربت کا احساس دلایا۔
سان ڈیگو ٹرائیبیون نے اپنی ڈاکومنٹری میں یہاں تک دکھایا کہ فلپین میں"پوپ فرانسز" کی فلپین دورے کے موقع پر انہیں پیش کرنے کیلیئے پاگ پاگ تیار کی جارہی تھی۔ 2018 میں بی بی سی کی 3 منٹ کی ڈاکومنٹری میں دکھایا گیا کہ کس طرح کچرے کے ٹرک سے پھینکے گئے گلے سڑے گوشت کو معالجہ کرکے ڈائننگ ٹیبل تک لایا جاتا ہے۔
پاگ پاگ کی سب سے پسندیدہ قسم کے ایف سی اور جولیبی (فلیبین کی سب سے مشہور بروسٹیڈ چکن فاسٹ فوڈ چین) کے بچے کھچے کھانوں سے تیار کردہ ہوتی ہے جسے لوگ بہت شوق سے کھاتے ہیں۔
مجھے پاگ پاگ کے بارے میں کل مشہور امریکی فوڈ ولاگر سونی کے چینل بیسٹ ایور فوڈ ریویو سے اس کا ریویو اور بننے سے کھانے کا سارا عمل دیکھنے کے بعد علم ہوا۔ ان دو کے ایف سی اور جولیبی فاسٹ فوڈز کے جمع شدہ بچے کھچے حصوں سے اور ھڈیوں سے گوشت کے ریشے نوچ نوچ کر پہلے سادہ پانی سے دھویا گیا، پھر ابلتے پانی میں ابال کر دھویا گیا اور پھر اسے تیل میں فرائی کرکے پکانے کے آخری مرحلے میں لایا گیا جس میں پیاز ٹماٹر مرچیں اور ہر قسم کے مصالحہ جات کی گریوی بنا کر صاف کردہ ریشے شامل کیئے گئے اور انہیں سونی اور کے ساتھ آئے سپر شیف آف فلپین کو کھانے کیلیئے پیش کیا گیا، جنہوں نے کھانے کی داد دی۔ سپر شیف کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی پاگ پاگ کھا چکے ہیں تاہم جب بھی کھاتے ہیں ان کے دل میں ایک ڈر موجود رہتا ہے کہ کہیں کچھ ہو ہی نہ جائے۔
واضح رہے کہ فلپین کی حکومت اس ڈش کی بالکل بھی حوصلہ افزائی نہیں کرتی۔ حکومت کے مطابق آپ پاگ پاگ کھانے سے ہیپاٹائیٹس، اسہال، ہیضہ کے علاوہ ڈھیر ساری دوسری غذائی بیماریوں اور زہر خورانی کا شکار ہو سکتے ہیں۔